آج کے دور میں میڈیا کا استعمال نوجوانوں کی زندگی کا اہم ترین حصہ بن گیا ہے جہاں میڈیا کے بہت سے فائدے ہیں وہی سوشل میڈیا کے بے جا اور کثرت سے استعمال کے سبب نوجوان نسل انتہائی تيزی سے تباہی کی طرف جا رہی ہے۔ ریسرچ کے مطابق آج میڈیا کے ضرورت سے زیادہ استعمال کی وجہ سے دنیا کی مینٹل ہیلتھ بہت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ بغیر کسی مقصد کے سوشل میڈیا کا استعمال جسمانی اور نفسیاتی صحت کے لیے بہت نقصان دہ ہے۔

سب سے اہم چیز وقت کا ضیاع ہے۔ نوجوان نسل گھنٹوں سوشل میڈیا پر ویڈیوز دیکھنے، چیٹنگ کرنے اور فضول سرگرمیوں میں وقت کو ضائع کر رہے ہوتے ہیں۔ نوجوان نسل کی تمام تر صلاحیتوں اور قابلیتوں کو زنگ لگتا محسوس ہوتا ہے دماغی صحت بری طرح متاثر ہو رہی ہے فوکس ختم ہوتا جا رہا ہے حافظے انتہائی کمزور ہو رہے ہیں سوچیں محدود ہوگئی ہیں۔ سوشل میڈیا کے استعمال سے تعلیم معیار، عبادات، فرائض و واجبات اور زندگی کے اہم ترین کام اور معاملات بُری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

حدیثِ نبوی ہے: دو نعمتیں ایسی ہیں جن میں اکثر لوگ دھوکے میں ہیں: صحت اور فارغ وقت۔ (بخاری، 4/222، حدیث: 6412)

سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی مواد فحاشی اور بے حیائی عام ہے جو نوجوان نسل کے کردار شخصیت سوچ اور ارادوں کو خراب تر خراب کر رہی ہے جس کی بدولت نوجوان نسل میں شرم و حیاء، تمیز و تہذیب، اخلاقیات، احساس سب ختم ہوتا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر دیکھا دیکھی نوجوان نسل ہر غلط اور صحیح کا فرق کیے بغیر ہر چیز فالو کر رہی ہے والدین گھر والوں کی اہمیت و محبت ختم ہوتی جا رہی ہے رشتے محض موبائل فون تک ہی رہ گئے ہیں نوجوان نسل طرح طرح کے گناہوں میں مبتلا نظر آتی ہے حرام و حلال میں کوئی فرق نہیں پڑتا نوجوان نسل اپنا قیمتی وقت پیسہ اور صحت سب کچھ سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے ہی ہاتھوں تباہ و برباد کر رہی ہے۔

دوسروں کی زندگیوں سے متاثر ہو کر احساسِ محرومی کا شکار ہو رہی ہے۔ سوشل میڈیا کی اس دوڑ نے نوجوان نسل کو ذہنی دباؤ میں مبتلا کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا کے سبب دینی فرائض میں غفلت و کوتاہی کی نوبت تو یہ آ گئی ہے کہ ایمان و عقیدے میں بھی خرابی پیدا ہو رہی ہیں۔

اس کے ذریعے جھوٹ اور دکھاوے میں مبتلا ہو رہے ہیں زندگی کا معیار صرف پستیوں کی طرف جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا کے ذریعے غیر ضروری دوستیاں اور ناجائز تعلقات کو مزید فروغ مل رہا ہے جو نوجوان نسل کو گناہوں کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ یاد رہے قیا مت کے دن ہر انسان کو اپنے ہر عمل کا جواب دینا ہوگا۔

لہٰذا سوشل میڈیا کے استعمال سے بچا جائے اچھے کاموں مفید معلومات کے لیے استعمال کیا جائے۔ غیر ضروری استعمال سے بچتے ہوئے اِس کا عادی نہ بنا جائے۔

اللہ کریم سب کو فتنوں سے محفوظ فرمائے اور دونوں جہان کی بھلائی نصیب فرمائے۔ آمین