نفاق یعنی
منافقت ایک باطنی بیماری ہے دین اسلام میں یہ ایک انتہائی مذموم اور سنگین گناہ ہے
نفاق کی تعریف کئی طرح سے کی جاسکتی ہے اسے عام الفاظ میں یوں سمجھا جاسکتا ہے کہ
دل میں کچھ اور اور زبان پر کچھ اور رکھنا نفاق کہلاتا ہے دین اسلام میں نفاق کو
سخت ناپسند کیا گیا ہے کیونکہ اسلام تو نام ہی سچائی اور خلوص کا ہے قرآن وحدیث
میں جگہ جگہ نفاق کی مذمت بیان کی گئی ہے۔
قرانی
آیات کی روشنی میں نفاق کی مذمت: قرآن مجید میں اللہ ارشاد فرماتا ہے: اِنَّ
الْمُنٰفِقِیْنَ فِی الدَّرْكِ الْاَسْفَلِ مِنَ النَّارِۚ-وَ لَنْ تَجِدَ لَهُمْ
نَصِیْرًاۙ(۱۴۵) (پ 5، النساء: 145) ترجمہ کنز الایمان:
بے شک منافق دوزخ کے سب سے نیچے طبقہ میں ہیں اور تو ہرگز ان کا کوئی مددگار نہ
پائے گا۔ اس آیت مبارکہ کے متعلق تفسیر صراط الجنان میں بیان کیا گیا ہے کہ منافق
کا عذاب کافر سے بھی زیادہ ہے کیونکہ وہ دنیا میں خود کو مسلمان کہہ کر مجاہدین کے
ہاتھوں سے بچا رہا ہے اور کافر ہونے کے باوجود مسلمانوں کو دھوکہ دینا اور اس کے
ساتھ استہزاء کرنا اس کا شیوہ رہا ہے۔
اس آیت مبارکہ
اوراس کی تفسیر سے ہمیں یہ معلوم ہورہا ہے کہ منافق کا انجام تو کافر سے بھی بدتر
ہے اللہ پاک نے ان کے لیے دردناک عذاب تیار کر رکھا ہے اور اللہ کے مقابلے میں
کوئی بھی اس کا مددگار نہیں جو انہیں عذاب سے بچا سکے۔
اسی طرح ایک
اور مقام میں اللہ نے ارشاد فرمایا: وَعَدَ اللّٰهُ الْمُنٰفِقِیْنَ وَ الْمُنٰفِقٰتِ وَ
الْكُفَّارَ نَارَ جَهَنَّمَ خٰلِدِیْنَ فِیْهَاؕ-هِیَ حَسْبُهُمْۚ-وَ لَعَنَهُمُ اللّٰهُۚ-وَ
لَهُمْ عَذَابٌ مُّقِیْمٌۙ(۶۸) (پ 10، التوبۃ: 68) ترجمہ: اللہ نے
منافق مردوں اور منافق عورتوں اور کافروں کو جہنم کی آگ کا وعدہ دیا ہے جس میں
ہمیشہ رہیں گے اور انہیں بس ہے اور اللہ کی ان پر لعنت ہے اور ان کے لیے قائم رہنے
والا عذاب ہے۔
صرف قرآن کریم
میں ہی نفاق کی مذمت نہیں بیان کی گئی بلکہ متعدد احادیث میں بھی نفاق کی مذمت
بیان کی گئی ہے آئیے اسی میں سے ایک حدیث ملاحظہ فرماتے ہیں، رسول اللہ ﷺ نے ارشاد
فرمایا: بد ترین انسان وہ دو چہروں والا شخص ہے جو ایک گروہ کے پاس ایک چہرے کے
ساتھ آتا ہے اور دوسرے گروہ کے پاس دوسرے چہرے کے ساتھ۔ (بخاری، 4/466، حدیث:
7179)
اس حدیث سے
ہمیں معلوم ہو رہا ہے کہ ہمارے پیارے نبی ﷺ نے منافق کو بد ترین شخص قرار دیا ہے
اور قرآن مجید میں بھی منافق کے حوالے سے فرمایا گیا ہے کہ ان پر اللہ کی لعنت ہے
الغرض اسلام میں نفاق کی بہت مذمت بیان کی گئی ہے اور مسلمانوں کو اس سے بچنے کا
حکم دیا گیا ہے ایک مسلمان کو چاہیے کہ وہ ہر حال میں نفاق جیسے موذی مرض سے خود
کو بچائے۔
آخر میں اللہ
رب العزت سے یہ دعا ہے کہ اللہ پاک ہمیں نفاق جیسی باطنی بیماری سے بچنے کی توفیق
عطا فرمائے اور ہمارا خاتمہ بالخیر فرمائے۔
Dawateislami