اسرار احمد (درجہ رابعہ جامعۃ
المدینہ فیضانِ عثمان غنی ،کراچی ،پاکستان)
واٹس نمبر: 03083608486
مسلمان کی اصل کامیابی دنیا و آخرت میں اسی وقت ممکن ہے
جب وہ اپنی زندگی کو سنتِ نبوی کے سانچے میں ڈھال دے۔ مگر سوال یہ ہے کہ سنتوں پر
عمل کیسے ہو؟ اس کا سیدھا سا جواب ہے مطالعۂ سیرت۔ جب تک ہم اپنے پیارے آقا ﷺ کی
مبارک زندگی کو نہیں جانیں گے، اُس وقت تک اُن کی پیروی کا جذبہ بھی کامل طور پر پیدا
نہیں ہوسکے گا۔سیرتِ مصطفیٰ ﷺ دراصل نور کا وہ مینار ہے جو قیامت تک آنے والے
انسانوں کو راہِ ہدایت دکھاتا رہے گا۔
سیرت کیا ہے؟سیرت کا مطلب ہے: نبیِّ کریم ﷺ
کی مبارک زندگی کے حالات، اخلاق، عبادات، معاملات اور عادات کا مطالعہ۔یعنی آپ ﷺ کیسے
عبادت فرماتے تھے؟لوگوں سے کیسا سلوک فرماتے تھے؟مشکلات میں کیسا صبر فرماتے تھے؟دشمنوں
سے کیسا برتاؤ فرماتے تھے؟یہ سب سیرت کا حصہ ہے۔
قرآنِ کریم اور سیرت کی اہمیت:اللہ
تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:
لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِیْ رَسُوْلِ اللّٰهِ اُسْوَةٌ حَسَنَةٌ
ترجمہ کنز الایمان: بےشک تمہیں رسول اللہ کی پیروی
بہتر ہے۔ (پارہ 21، سورۃ الاحزاب: 21)
یہ آیتِ مبارکہ واضح اعلان کر رہی ہے کہ کامیابی کا
راستہ صرف اور صرف اتباعِ رسول ﷺ میں ہے۔ اور اتباع تبھی ممکن ہے جب ہم سیرت کو
جانیں گے۔
مطالعۂ سیرت کی ضرورت: جب ہم
حضور ﷺ کی مبارک زندگی کے واقعات پڑھتے ہیں تو ایمان تازہ ہوجاتا ہے۔ جنگ بدر واُحد
کی قربانیاں، مکہ کی سختیاں، طائف کی آزمائشیں یہ سب ہمیں صبر اور توکل کا درس دیتی
ہیں۔مطالعۂ سیرت سے دل میں عشقِ مصطفیٰ ﷺ بڑھتا ہے۔
گھر، بازار، مسجد، مدرسہ ہر جگہ کے لیے سیرتِ نبوی میں
مکمل رہنمائی موجود ہے۔
اللہ تعالیٰ نے خود فرمایا: وَ
اِنَّكَ لَعَلٰى خُلُقٍ عَظِیْمٍ(۴) ترجمۂ کنزالایمان: اور بیشک تمہاری خوبو بڑی شان کی ہے ۔(پارہ
29، سورۃ القلم: 4)
آپ ﷺ نے دشمنوں کو معاف کیا، غلاموں سے شفقت فرمائی،
بچوں سے محبت کی، عورتوں کے حقوق بیان فرمائے۔فتحِ مکہ کے موقع پر جن لوگوں نے آپ ﷺ
کو ستایا تھا، سب کو معاف فرما دیا۔ یہ وہ عظیم واقعہ ہے جس نے دلوں کو جیت لیا۔
بزرگانِ دین اور مطالعۂ سیرت:امت کے
علماء و صلحاء نے ہمیشہ سیرت کے مطالعہ کو لازم قرار دیا۔
مثلاً امامِ اہلِ سنت امام احمد رضا خان نے اپنی تصانیف
میں عشقِ رسول اور اتباعِ سنت پر خاص زور دیا۔اسی طرح دعوتِ اسلامی کے بانی مولانا
محمد الیاس قادری دامت برکاتہم العالیہ مسلسل مدنی حلقوں، سنتوں بھرے اجتماعات اور
دروس کے ذریعے سیرت سیکھنے اور سکھانے کی ترغیب دیتے ہیں۔آج ہماری ذمہ داری ہے کہ روزانہ
کم از کم چند صفحات سیرت کی کسی معتبر کتاب سے پڑھیں۔ اپنے بچوں کو سونے سے پہلے سیرت
کے واقعات سنائیں۔ سنتوں پر عمل کی نیت کریں۔ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں شرکت
کریں۔
پیارے اسلامی بھائیو اور بہنو!دنیا کی کامیابی، قبر کی
راحت اور آخرت کی نجات سب کچھ سیرتِ مصطفیٰ ﷺ کی پیروی میں ہے۔ آئیے! آج نیت کریں
کہ ہم سیرت کا مطالعہ بھی کریں گے اور اسے اپنی زندگی کا حصہ بھی بنائیں گے۔اللہ
تعالیٰ ہمیں عشقِ رسول میں سچا اور عمل میں پکا بنائے، اور ہمیں حضور ﷺ کی سچی
غلامی نصیب فرمائے۔
Dawateislami