یہ وہ مقدس کتاب ہے جسے اللہ تعالیٰ نے نبی اکرم ﷺ پر نازل فرمایا تاکہ انسانیت کو صحیح راستہ دکھائے اور زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی فراہم کرے۔ قرآن کا مطالعہ صرف ایک عبادت ہی نہیں بلکہ ایک ایسا عمل ہے جس کے ذریعے انسان اپنی روحانی، اخلاقی اور علمی صلاحیتوں کو نکھارتا ہے۔

قرآن کا مطالعہ انسان کے دل و دماغ کو پاکیزہ بناتا ہے، اس کے اندر خدا تعالیٰ کے قریب ہونے کا جذبہ پیدا کرتا ہے اور زندگی میں کامیابی و کامرانی کے لیے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ آج کے دور میں جب کہ دنیا علم و فہم کے سمندر میں ڈوبی ہوئی ہے، قرآن کا مطالعہ ہمیں اپنی اصل ہستی اور مقصدِ حیات کی پہچان کراتا ہے۔ آیئے اب اس کے بارے چند باتوں کا مطالعہ کرتے ہیں:

(1)ايك حرف کی دس نیکیاں :

قرآن مجید فرقان حمید اللہ ربُّ الا نام عَزَّوَجَلَّ کا مُبارَک کلام ہے، اس کا پڑھنا، پڑھانا اور سننا سنانا سب ثواب کا کام ہے۔ قرآن پاک کا ایک حرف پڑھنے پر 10 نیکیوں کا ثواب ملتا ہے، چنانچہ خاتَمُ الْمُرْسَلین ، شفیع الْمُذْنِبين ، رَحمَۃٌ لِلعالمین ﷺ کا فرمان دلنشین ہے: ” جو شخص کتاب اللہ کا ایک حرف پڑھے گا، اُس کو ایک نیکی ملے گی جو دس کے برابر ہو گی ۔ میں یہ نہیں کہتا اللہ ایک حرف ہے، بلکہ الف ایک حروف ، لام حرف اور میم ایک حرف ہے۔“ ( سُنَن الترمذى ج 4 ص 418 حديث (2919)

(2)قرآن شفاعت کر کے جنت میں لے جائے گا:

حضرت سیدنا انس رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسولِ اکرم، رحمت عالَم ، نُورِ مُجَسَّم ، شاہِ بنی آدم ، رسولِ مُحتشم ﷺ کا فرمان معظم ہے: جس شخص نے قرآن پاک سیکھا اور سکھایا اور جو کچھ قرآن پاک میں ہے اُس پر عمل کیا، قرآن شریف اس کی شفاعت کریگا اور جنت میں لے جائے گا ۔ (تاریخ دمشق لابن عساکر ج 41 ص 3 ، المُعْجَمُ الكبير للطبراني10 ص 198 حديث 10450)

(3)ایک آیت سکھانے والے کیلئے قیامت تک ثواب:

ذوالنورین ، جامع القرآن حضرت سید نا عثمان ابن عفان رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ تاجدار مدینہ منورہ ، سلطان مکہ مکرمہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: جس نے قرآنِ مبین کی ایک آیت سکھائی اس کے لیے سیکھنے والے سے دُگنا ثواب ہے۔ ایک اور حدیث پاک میں حضرت سید نا انس رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ خاتَمُ الْمُرْسَلین ، شفیع الْمُذْنِبين ، رَحمَةٌ لِلعالمین ﷺ فرماتے ہیں: جس نے قرآن عظیم کی ایک آیت سکھائی جب تک اس آیت کی تلاوت ہوتی رہے گی اس کے لیے ثواب جاری رہے گا ۔ (جمع الجوامع ج 7 ص 282 حديث 22455 - 22456)

(4)الله تعالى قیامت تک اَجر بڑھاتا رہتا : ایک حدیث شریف میں ہے: جس شخص نے کتاب اللہ کی ایک آیت یا علم کا ایک باب سکھا یا الله عَزَّ وَجَلَّ تا قیامت اس کا اجر آخرت تک بڑھاتا رہے گا۔(تاريخ دمشق لابن عساكر ج 59 ص 290)

(5)بہترین شخص : نُورِ مُجَسَّم ، رسولِ اکرم، شہنشاہِ بنی آدم ﷺ کا فرمان معظم ہے : خَيْرُ كُمُ مَنْ تَعَلَّمَ الْقُرْآنَ وَعَلَّمَه یعنی تم میں بہترین شخص وہ ہے جس نے قرآن سیکھا اور دوسروں کو سکھایا۔ (صحیح البخاری ج 3 ص 410 حدیث (5028)

اللہ پاک ہمیں عمل کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین