قرآن مجید  اللہ تعالیٰ کی وہ آخری کتاب ہے جو حضور اکرم ﷺ پر نازل ہوئی۔ یہ کتاب انسانیت کے لیے ہدایت کا کامل سرچشمہ ہے۔ ہر مسلمان کا ایمان ہے کہ دنیا اور آخرت کی کامیابی قرآن کی تعلیمات پر عمل کرنے ہی میں ہے۔ اسی لیے قرآن پاک کا مطالعہ ہر دور میں مسلمانوں کی سب سے بڑی ضرورت رہا ہے۔

قرآن پاک کے مطالعہ کی سب سے پہلی ضرورت یہ ہے کہ انسان کو اپنی زندگی کے مقصد کا پتا چلتا ہے۔ قرآن ہمیں بتاتا ہے کہ ہم دنیا میں کھیل تماشے کے لیے نہیں آئے بلکہ ایک بڑی ذمہ داری کے ساتھ بھیجے گئے ہیں۔ یہ کتاب ہمیں نیک و بد میں فرق کرنا سکھاتی ہے، اور یہ سمجھاتی ہے کہ کون سا راستہ ہمیں کامیابی کی طرف لے جائے گا اور کون سا ناکامی کی طرف۔

قرآن کریم کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ یہ محض مذہبی کتاب نہیں بلکہ مکمل ضابطۂ حیات ہے۔ اس میں عقائد سے لے کر عبادات تک، اور معاشرت سے لے کر معیشت تک ہر پہلو پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ اگر ہم اس کتاب کا مطالعہ کریں تو ہمیں اپنی ذاتی زندگی، خاندان، اور ریاست کے لیے بہترین اصول ملتے ہیں۔

نبی کریم ﷺ کا فرمان ہے: خَيْرُكُمْ مَن تَعَلَّمَ القُرْآنَ وعَلَّمَهُ ترجمہ:تم میں سے بہتر وہ ہے جو قرآن سیکھے اور سکھائے۔ (صحيح البخاری: 5027 )

اس حدیثِ پاک سے یہ بات صاف ظاہر ہوتی ہے کہ قرآن پڑھنا اور پڑھانا دونوں ہی اعلیٰ درجے کے اعمال ہیں۔ لیکن صرف تلاوت کافی نہیں بلکہ اس کے معانی اور پیغام کو سمجھنا بھی لازمی ہے۔ قرآن پاک کا مطالعہ کرنے کا اصل مقصد یہ ہے کہ ہم اسے سمجھیں اور اپنی عملی زندگی میں نافذ کریں۔

قرآن پاک کا مطالعہ کرنے کا ایک اور فائدہ یہ ہے کہ یہ انسان کے دل کو سکون بخشتا ہے۔ اور جب دنیا کے مسائل اور پریشانیاں بڑھ جاتی ہیں تو انسان قرآن پاک پڑھتا ہے تو اسے یقین ،اطمینان ، حوصلہ اور زندگی کے مسائل کا حل ملتا ہے ۔

لہٰذا ضروری ہے کہ ہم قرآن پاک کو ترجمے اور تفسیر کے ساتھ پڑھیں، اس پر غور کریں، اپنی اور دوسروں کی اصلاح کریں۔ یہ کتاب محض عربوں یا کسی خاص قوم کے لیے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ہدایت کا نور ہے۔

چنانچہ قرآن پاک کا مطالعہ ہر مسلمان کی بنیادی ضرورت اور سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔ ہمیں چاہیے کہ روزانہ وقت نکال کر قرآن پاک کی تلاوت اور مطالعہ کریں، اسے سمجھیں اور اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ یہی ہماری نجات اور کامیابی کا اصل راستہ ہے۔

اللہ عزوجل سے دعا ہے کہ ہمیں قرآن پاک کا صحیح معنوں سے مطالعہ کرنے اور اسے دوسروں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین