قرآن کریم اللہ تعالیٰ کی آخری اور کامل کتاب ہے جو پوری انسانیت کے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہے ۔  اس کے اندر زندگی کے ہر پہلو سے متعلق رہنمائی موجود ہے، مگر قرآن کے مفاہیم کو صحیح طور پر سمجھنے کے لیے تفسیر کا مطالعہ نہایت ضروری ہے ۔

تفسیر کی ضرورت:قرآن مجید کا ہر لفظ گہرے معنی رکھتا ہے، جنہیں صرف ظاہری ترجمہ سے مکمل طور پر سمجھنا ممکن نہیں ۔ قرآن میں ایسے مضامین، احکام اور تاریخی واقعات بیان کیے گئے ہیں جن کی وضاحت، شانِ نزول، اور پسِ منظر کو جانے بغیر درست مفہوم تک پہنچنا مشکل ہوتا ہے ۔ اس لیے تفسیر کا مطالعہ ہمیں قرآن کے حقیقی پیغام کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے ۔

تفسیر کی اہمیت:

(1)صحیح فہمِ قرآن حاصل ہوتا ہے: تفسیر کے ذریعے ہم جان پاتے ہیں کہ آیات کا مطلب کیا ہے اور اللہ تعالیٰ کی مراد کیا ہیں ۔

(2)عملی زندگی میں رہنمائی: تفسیر پڑھنے سے انسان اپنی زندگی کو قرآن کے مطابق ڈھالنے کے قابل بنتا ہے ۔

(3)عقائد و عبادات کی درستگی: بہت سے مسائل میں قرآن کی آیات کی تشریح ضروری ہے تاکہ عقیدے اور عبادات میں کوئی غلطی نہ ہو ۔

(4) دعوت و تبلیغ میں آسانی: جو شخص تفسیر جانتا ہے، وہ دوسروں کو قرآن کا پیغام مؤثر انداز میں پہنچا سکتا ہے ۔

(5)علم و بصیرت میں اضافہ: مطالعۂ تفسیر سے دل منوّر اور عقل روشن ہوتی ہے، اور انسان کا تعلق اللہ تعالیٰ سے مضبوط ہوتا ہے ۔

قرآن کریم کا مطالعہ بغیر تفسیر کے ایسے ہے جیسے کوئی خزانہ بند صندوق میں ہو ۔ تفسیر اس چابی کی مانند ہے جو اس خزانے کو کھولتی ہے ۔ لہٰذا ہر مسلمان کو چاہیے کہ وہ علمائے کرام کی لکھی ہوئی معتبر تفاسیر کا مطالعہ کرے تاکہ وہ قرآن کے پیغام کو سمجھ کر اپنی زندگی کو اس کے مطابق گزار سکے ۔