قرآن مجید اللہ ربُّ العزّت کا پاک کلام ہے، جو ہدایت، رحمت اور نور کا خزانہ ہے ۔  یہ وہ کتاب ہے جس میں انسانیت کی فلاح، دنیا و آخرت کی کامیابی، اور قلب و روح کی سکونت کا پیغام ہے ۔ لیکن افسوس! بہت سے مسلمان قرآن تو پڑھتے ہیں مگر اس کے معانی و مطالب سے ناواقف رہ جاتے ہیں ۔

اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:كِتٰبٌ اَنْزَلْنٰهُ اِلَیْكَ مُبٰرَكٌ لِّیَدَّبَّرُوْۤا اٰیٰتِهٖ وَ لِیَتَذَكَّرَ اُولُوا الْاَلْبَابِ(۲۹)

ترجمہ کنز الایمان: یہ ایک کتاب ہے کہ ہم نے تمہاری طرف اتاری برکت والی تاکہ اس کی آیتوں کو سوچیں اور عقل مند نصیحت مانیں ۔ (سورۃ ص: 29)

قرآن صرف پڑھنے کے لیے نہیں بلکہ سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کے لیے نازل ہوا ہے ۔ تفسیر کا مطالعہ ہمیں یہی سمجھاتا ہے کہ ہر آیت کا پیغام کیا ہے، کب نازل ہوئی، اور اس سے ہمیں کیا سیکھنا چاہیے ۔

اے عاشقانِ قرآن!تفسیر کا مطالعہ محض علم حاصل کرنے کے لیے نہیں بلکہ ایمان کو تازہ کرنے، دلوں کو منور کرنے، اور زندگی کو قرآن کے مطابق بنانے کا ذریعہ ہے ۔ دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول میں الحمدُ للہ "فیضانِ تفسیر" کے درس، "مدنی مذاکرے" اور "قرآنی حلقے" ہمیں یہ موقع فراہم کرتے ہیں کہ ہم قرآن کو سمجھیں، اس کی تفسیر سے روشنی حاصل کریں، اور اپنی زندگی میں قرآنی تعلیمات کو نافذ کریں ۔

آئیے آج نیت کرتے ہیں کہ ان شاء اللہ عزوجل ہم روزانہ یا ہفتہ وار تفسیر کا مطالعہ کریں گے، علمائے کرام سے رہنمائی لیں گے، اور اپنی زندگی کو قرآن کے نور سے منور کریں گے ۔