عبدالرحمن عطاری مدنی ( تخصص فی اللغۃ العربیۃ،
جامعۃ المدینہ فیضان مدینہ کاہنہ نو لاہور ،پاکستان)
انسان ایک
معاشرتی مخلوق ہے، جو دوسروں کے ساتھ جینے، بات کرنے اور تعلقات بنانے کی فطرت
رکھتا ہے۔ اسلامی تعلیمات نہ صرف بندے کے اللہ سے تعلق کو سنوارتی ہیں بلکہ
انسانوں کے باہمی تعلقات کو بھی پاکیزہ بنانے پر زور دیتی ہیں۔ انہی میں سے ایک
اہم پہلو ”مصاحبت“ یعنی دوستی، صحبت، رفاقت اور ہم نشینی کے آداب و حقوق ہیں۔ ہمیں بار بار بتایا گیا کہ ہم اپنے ساتھ بیٹھنے
والوں، دوستوں، شاگردوں، ہمسفروں، ہم جماعتوں اور پڑوسیوں سے کیسے پیش آئیں۔ اچھی
صحبت جنت کا ذریعہ اور بری صحبت ہلاکت کا سبب بن سکتی ہے۔
آئیے اللہ پاک
اور اس کے آخری نبیﷺ کی رضا حاصل کرنے اور علم دین حاصل کرنے کی نیت سے مصاحبت اور
ہم نشینی کے10 حقوق جانتے ہیں:
(1) سلام میں
پہل کرنا: نبی اکرم ﷺ نے
فرمایا: أَفْشُوا
السَّلَامَ بَيْنَكُمْ(صحیح المسلم:194) ترجمہ: آپس میں سلام عام کرو۔
(2)مسکرا
کر ملنا:نبی اکرم ﷺ نے
فرمایا:تَبَسُّمُكَ
فِي وَجْهِ أَخِيكَ لَكَ صَدَقَةٌ (الترمزی: 1956) ترجمہ: اپنے بھائی کے سامنے تمہارا
مسکرانا تمہارے لیے صدقہ ہے۔
(3) معاف
کرنا اور درگزر کرنا: اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: فَاعْفُ عَنْهُمْ وَ اصْفَحْ ترجمہ کنزالعرفان:تو انہیں معاف کردو اور ان سے درگزکرو۔(پ6،
المآئدۃ:13)
(4) عیب
چھپانا اور خیر خواہی کرنا: نبی اکرم ﷺ نے
فرمایا:وَمَنْ سَتَرَ مُسْلِمًا ،سَتَرَهُ
اللَّهُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ (الترمذی:1246)ترجمہ:اور جو کسی مسلمان کے عیب پر پردہ ڈالے گا
اللہ قیامت کے دن اس کے عیب پر پردہ ڈالے گا۔
(5) ایذا
رسانی سے بچنا: نبی اکرم ﷺ نے
فرمایا:اَلْمُسْلِمُ مَنْ سَلِمَ الْمُسْلِمُونَ
مِنْ لِسَانِهِ وَيَدِهِ (البخاری:10)ترجمہ:مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے مسلمان
بچے رہیں۔
(6) حاضری اور
غیبت دونوں میں عزت کرنا: نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: مَنْ رَدَّ عَنْ عِرْضِ أَخِيهِ، رَدَّ
اللَّهُ عَنْ وَجْهِهِ النَّارَ يَوْمَ الْقِيَامَةِ (الترمذی:1931)ترجمہ: جو شخص اپنے بھائی کی عزت (اس کی غیر
موجودگی میں) بچائے اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کے چہرے کو جہنم سے بچائے گا۔
(7) مشکلات میں ساتھ دینا: نبی اکرم ﷺ نے
فرمایا:وَاللَّهُ فِي عَوْنِ الْعَبْدِ مَا كَانَ الْعَبْدُ فِي
عَوْنِ أَخِيهِ (الترمذی:1930)ترجمہ:جب تک بندہ اپنے بھائی کی مدد
میں لگا رہتا ہے اللہ تعالیٰ اس کی مدد میں ہوتا ہے۔
(8) آدابِ مجلس
کا خیال رکھنا:مجلس میں کسی
کو تنگ نہ کیا جائے، اونچی آواز سے بات نہ کی جائے، بیٹھنے کا سلیقہ رکھا جائے۔
مصاحبت اور ہم نشینی ایک اہم
سماجی رشتہ ہے ، نیک صحبت جنت کی خوشبو سے آشنا کرتی ہے اور بری صحبت اندھیروں میں
دھکیل دیتی ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی دوستیوں، مجلسوں اور تعلقات کا جائزہ لیں،
اور ان میں دین داری، اخلاق، خیر خواہی، اور صدق کو بنیاد بنائیں۔
Dawateislami