میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! اسلام ایک ایسا پُرامن دین ہے جس نے ہمیں ہر چیز کے حقوق سکھائے ہیں مثلا والدین کے حقوق استاتذہ کے حقوق میاں بیوی کے حقوق راستے کے حقوق وغیرہ آئیے اب ہم قران مجید اور احادیث مبارکہ کی روشنی میں مجلس کے حقوق سیکھتے ہیں۔

پہلے آ کر بیٹھ چکا ہو اسے اس کی جگہ سے نہ اٹھایا جائے سوائے کسی بڑی ضرورت کے یا یوں کہ اہم حضرات کیلئے نمایاں جگہ بنادی جائے جیسے دینی و دُنْیَوی دونوں قسم کی مجلسوں میں سرکردہ حضرات کواسٹیج پر یا سب سے آگے جگہ دی جاتی ہے اور ویسے یہ ہونا چاہیے کہ بڑے اور سمجھدار حضرات سننے کیلئے زیادہ قریب بیٹھیں ۔

حضرت ابو مسعود انصاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ،نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا’’تم میں سے جو لوگ بالغ اور عقل مند ہیں انہیں میرے قریب کھڑے ہونا چاہئے ،پھر جو ان کے قریب ہوں ،پھر جو ان کے قریب ہوں ۔( ابو داؤد ، کتاب الصلاۃ، باب من یستحبّ ان یلی الامام فی الصفّ وکراہیۃ التأخّر، ۱ / ۲۶۷، الحدیث: ۶۷۴)

اور حضرت عائشہ صدیقہ رَضِیَ اللہ ُ تَعَالٰی عَنْہَا سے روایت ہے،حضور پُر نور ﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’لوگوں سے ان کے مرتبے اور منصب کے مطابق معاملہ کرو۔( ابو داؤد ، کتاب الادب، باب فی تنزیل الناس منازلہم، ۴ / ۳۴۳، الحدیث: ۴۸۴۲)

فضیلت اور مرتبے والے خود کسی کو اٹھا کر اس کی جگہ نہ بیٹھیں : فضیلت اور مرتبہ رکھنے والے حضرات کو چاہئے کہ وہ خود کسی کو اٹھا کر اس کی جگہ پر نہ بیٹھیں کیونکہ کثیر اَحادیث میں حضورِ اقدس ﷺ نے اس سے منع فرمایا ہے ،جیسا کہ حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ مَا سے روایت ہے،سرکارِ دو عالَم ﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’کوئی شخص مجلس میں سے کسی کو اٹھا کر خود ا س کی جگہ پر نہ بیٹھے۔( مسلم،کتاب السلام،باب تحریم اقامۃ الانسان من موضعہ المباح الذی سبق الیہ،ص۱۱۹۸،الحدیث:۲۷(۲۱۷۷))

حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ مَا سے مروی دوسری روایت میں ہے،رسولِ کریم ﷺ نے اس سے منع فرمایا ہے کہ ایک شخص کسی کو اس کی جگہ سے اٹھا کر خوداس کی جگہ بیٹھ جائے البتہ (تمہیں چاہئے کہ )دوسروں کے لئے جگہ کشادہ اور وسیع کر دو۔( بخاری، کتاب الاستئذان، باب اذا قیل لکم تفسّحوا فی المجٰلس۔۔۔ الخ، ۴ / ۱۷۹، الحدیث: ۶۲۷۰)

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو دیکھا آپ نے کہ قرآن مجید اور احادیث مبارکہ نے ہمیں کس طرح مجلس کے حقوق سکھائے اور اس پر عمل کرنے کا حکم دیا ہے ہمیں چاہیے کہ ہم قران مجید اور احادیث مبارکہ میں جس جس چیز کا حکم دیا ہے اس پر بھی عمل کریں دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے امین بجاھل خاتم النبیین ﷺ !