اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے  جس نے ہر کسی کے حقوق بیان فرماۓ ہیں جیسے والدین ، اولاد ، اساتذہ اور پڑوسی وغیرہ کے حقوق کو بیان فرمایا اسی طرح مجلس کے حقوق کو بھی واضح طور پر بیان فرمایا اور ان کے حقوق کو ادا کرنے کا حکم بھی ارشاد فرمایا آئیے اس کے متعلق کچھ احادیث ملاحظہ کررے ہیں۔

(1) کسی کو اٹھا کر اس کی جگہ مت بیٹھو : حضرت سیدنا عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : تم میں سے کوئی شخص کسی دوسرے کو مجلس میں سے اٹھا کر اس کی جگہ نہ بیٹھے۔( مسلم ، کتاب الاسلام ، باب التحریم اقامت الانسان من موضعہ --- الخ ، ص : 923 ، ح : 5683 )

(2) لوٹنے والا اپنی جگہ کا زیادہ حقدار ہے : حضرت سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : جب تم میں سے کوئی شخص مجلسِ سے اٹھ کر جائے پھر واپس آئے تو وہ ہی اس جگہ کا زیادہ حقدار ہے۔ ( مسلم ، کتاب الاسلام ، باب اذا قام من مجلسہ ثم عاد فھو احق بہ ، ص : 924 ، ح : 5689 )

(3) مجلس کے آخر میں بیٹھنا : حضرت سیدنا جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں ہم جب حضور تاجدار مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مجلس میں جاتے تو جہاں مجلس ختم ہوتی وہیں بیٹھ جاتے۔ ( ابو داؤد ، کتاب الادب ، باب فی التحلق ، 339/4 ، ح : 4825 )

(4) دو کے درمیان گھس کر بیٹھنا حلال نہیں : حضرت سیدنا عمرو بن شعیب رحمۃ اللہ علیہ اپنے والد سے اور ان کے والد اپنے دادا سے روایت کرتے ہیں کہ رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : کسی کے لیے یہ حلال نہیں کہ دو آدمیوں کے درمیان ان کی اجازت کے بغیر بیٹھ جائے۔ ( ترمذی ، کتاب الادب ، باب ما جاء فی کراھیۃ الجلوس --- الخ ، 346/4 ، ح : 2761 )

(5) بہترین مجلس : حضرت سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا: کہ بہترین مجلس وہ ہے جو کشادہ ہو۔ ( ابو داؤد ، کتاب الادب ، باب فی سعۃ المجلس ، 338/4 ، ح : 4820 )