اسلام نے اپنے ماننے والوں کی ہر طرح سے رہنمائی فرمائی ہے۔ مجلس میں بیٹھنے اور ساتھ بیٹھنے والے کے آداب بھی ذکر کئے ہیں تاکہ ہمارا چلنا پھرنا اور اٹھنا بیٹھنا اسلام کے اصولوں کے مطابق ہو ۔ جب بھی کسی مجلس میں بیٹھیں تو جہاں جگہ ملے وہی بیٹھ جائیں ۔ گردنیں پھلانگ کر آگے نہ جائیں ۔ ہمارے پیارے نبی  ﷺ نے اپنے صحابہ کو مجلس میں بیٹھنے کے آداب بھی بتائے آئیے ہم بھی مجلس کے حقوق و آداب کے متعلق کچھ پڑھتے ہیں ۔

(1) مجلس میں بیٹھتے وقت سلام کیا جائے:حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی پاک ﷺ نے ارشاد فرمایا : جب تم میں سے کوئی کسی مجلس تک پہنچے تو سلام کرے ۔ پھر اگر بیٹھنا چاہے تو بیٹھ جائے ، پھر جب کھڑا ہو تو پھر سلام کرے ۔

(مشكوة المصابيح ، باب : كتاب الاداب ، فصل الثانی ، صفحہ نمبر : 413 ، حدیث نمبر : 4452 ، مکتبہ رحمانیہ )

(2) مجلس کے آخر میں بیٹھنا :حضرت سيدنا جابر بن سمره رَضِيَ اللهُ تَعَالَى عَنْهُمَا فرماتے ہیں: "ہم جب حضور تاجدار مدینہ ﷺ کی مجلس میں جاتے تو جہاں مجلس ختم ہوتی وہیں بیٹھ جاتے۔ (ابو داؤد شریف ، کتاب الادب ، باب في التحلق ، جلد : 4 ، صفحہ نمبر : 339 ، حدیث نمبر :4825)

(3) ذکر کے بغیر مجلس سے اٹھ جانا:حضرت سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ تعالی عنہ نے ارشاد فرمایا جو لوگ اللہ عزوجل کا ذکر کیے بغیر مجلس سے اٹھ جاتے ہیں تو گویا کہ وہ مردار گدھے کی لاش پر سے اٹھتے ہیں اور یہ مجلس ان کے لیے حسرت کا باعث ہوگی۔ (ابو داؤد، كتاب الادب, باب کراھتہ ایقوم الرجل من مجلسہ ولا بذکر اللہ جلد 4, صفحہ نمبر 347، حدیث نمبر4855)

(4)مجلس کشادہ رکھنا :حضرت سیدنا ابو سعید خدرى رَضِيَ اللهُ تَعَالَى عَنْہ سے روایت ہے کہ میں نے حضور نبی کریم رؤوف رحیم ﷺ کو یہ فرماتے سنا: "بہترین" مجلس وہ ہے جو کشادہ ہو۔ (فيضان رياض الصالحين مترجم ، باب : مجلس اور ساتھ بیٹھنے والوں کے آداب ، جلد نمبر : 6 ، صفحہ نمبر : 371 ، حدیث نمبر : 831 ، مکتبۃ المدینہ)

(5) اللہ عزوجل کی طرف سے ندامت ہوگی:حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا جو کسی مجلس میں بیٹھے اور اللہ عزوجل کا ذکر نہ کرے تو وہ اس کے لیے اللہ عزوجل کی طرف سے حسرت و خسارہ ہوگی اور جو کسی جگہ لیٹے اور ذکر الہی نہ کرے تو اس کے لیے بھی اللہ عزوجل کی طرف سے ندامت ہوگی۔ (ابو داؤد ، کتاب الاب باب كراهيته ان يقوم الرجل من مجلسہ ولا یذکر اللہ جلد نمبر 4 صفحہ 347، حدیث نمبر 4857)

اللہ پاک سے دعا ہے کہ اللہ پاک ہمیں ان حقوق پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین بجاہ خاتم النبیینﷺ