فون نمبر: 03090926739

خوف خدا تمام نیکیوں اور دنیا و آخرت کی بھلائی کی اصل ہے خوف خدا نجات دلانے اور جنت میں لے جانے والا عمل ہے ۔ قیامت کے دن اپنے رب کے حضور حساب کے لیے کھڑے ہونے کا ڈر ہو اور وہ گناہوں کو چھوڑ دے اور فرائض کی بجا آوری کرے تو اس کے لیے آخرت میں دو جنتیں ہیں اب یہاں پر پانچ حدیث بیان کی جاتی ہیں ۔

(1) مجھ سے ملنا چاہتے ہو :سرکار مدینہ راحت قلب سینہ صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم نے حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے فرمایا: اگر تم مجھ سے ملنا چاہتے ہو تو میرے بعد بھی اللہ پاک سے بہت ڈرتے رہنا۔ (احیاء العلوم ٫جلد 4صفحہ 472)

(2) جہنم میں داخل نہیں ہوگا : سردار دو جہان محبوب رحمن صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم نے فرمایا :خوف خدا سے رونے والا ہرگز جہنم میں داخل نہیں ہوگا حتی کہ دودھ تھن میں واپس آ جائے۔(نیکی کی دعوت حصہ اول صفحہ نمبر 276)

(3) آگ سے نکال لو :حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم سے نے ارشاد فرمایا کہ اللہ تعالٰی فرمائے گا کہ آگ سے اسے نکال لو جس نے مجھے ایک دن یاد کیا ہو یا ایک جگہ میں مجھ سے خوف کیا ہو ۔(مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:7 حدیث نمبر:5349)

(4) اپنی امت پر خوف کرتا ہوں : حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جن چیزوں سے میں اپنی امت پر خوف کرتا ہوں ان میں سے بڑی خوف ناک چیز قوم لوط کا کام ہے۔(مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد 5 حدیث نمبر 3577)

(5) دل خوف زدہ ہو گئے :حضرتِ سَیِّدُناعِرباض بِن سَارِیہ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ بَیان کرتےہیں کہ حُضُورنبی کریم، رَءُوْفٌ رَّحیم صَلَّی اللہ تعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہِ وَسَلَّم نے ہمیں ایک ایسا وعظ فرمایا جس سے دِل خوف زدہ اور آنکھیں آبدِیدہ ہو گئیں۔ (فیضان ریاض الصالحین جلد 6 حدیث نمبر 702٫)