دین اسلام کی خدمت کا شرف ایک نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ دین کے لیے کاوشیں، کوششیں جتنی بھی کی جائے اتنی کم ہیں۔دین کی خدمت کرنا،دین سیکھنا،سکھانا اور اسے آگے لوگوں تک پہنچانا ایک نہایت اہم امر ہے، جس کی بناء پر ہم اللہ تبارک وتعالیٰ اور رسول اللہ ﷺ کی خاص توجہ میں آنے کا سبب بن سکتے ہیں۔

آج کے دور میں جہاں مرد حضرات دین اسلام کی خدمت کر رہے ہیں،کبھی دوسرے شہر میں جا کر،کسی گاؤں میں جا کر دوسرے ممالک میں جا کر دین پھیلا رہے ہیں،وہیں دوسری جانب عورتیں بھی دین کا کام کر سکتی ہیں اور کرتی ہوئی نظر بھی آتی ہیں۔ دین کا کام عورتوں کے لیے اس دور میں جہاں مشکل نظر آتا ہے کہ عورت گھر سے باہر کیسے جائے گی جس طرح دوسری عورتوں کو دین کی دعوت دے گی وہاں دوسری طرف سوشل میڈیا کے مثبت استعمال نے یہ کام عورتوں کے لیے بے حد آسان کر دیا ہے۔

اگر کسی عورت کو باہر جانا کسی شہر، کسی گاؤں میں جانا منع ہے گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں تو وہ اللہ و اس کے حبیب ﷺ کی رضا کے لیے گھر میں ٹھہری رہے اور انٹرنیٹ کے ذریعے سوشل میڈیا پہ اسلامی بہنوں کو دین کی دعوت دے، درود و سلام کی دعوت دے، درود و سلام پڑھنے اور لکھنے کی دعوت دے،مختلف اسلامی شارٹ کورسز کروائے۔ قرآن پاک کی تلاوت کا شوق دوسروں تک دلوں میں منتقل کرے، قرآن کریم کے فضائل و برکات بتا بتا کر دوسروں کے دلوں میں قرآن کریم کی تلاوت کا شوق اور دوبالا کرے۔سنتیں سکھائے اس پر عمل کرنے کی ترغیب دلائے۔ یہ سب کچھ ممکن ہو گا اگر ایک عورت کا نظریہ یہ ہو گا کہ مجھے اپنی اور ساری دنیا کی اسلامی بہنوں کی اصلاح کی کوشش کرنی ہے۔ ان شا ء اللہ

سوشل میڈیا کے ذریعے دین کی دعوت کچھ اس طرح سے بھی دی جا سکتی ہے آپ ایک گروپ بنائیں اسلامی بہنوں کا اس میں اپنے جاننے والی اسلامی بہنوں کو ایڈ کیجیے اور پھر ایسے دین کی دعوت کا سلسلہ شروع کیجیے ایسے مزید اسلامی بہنیں دوسری اسلامی بہنوں کو ایڈ کرواتی جائے اور دین کی دعوت کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔

عورتوں کی اصلاح کرنا ایک نہایت پاکیزہ عمل ہے عورتوں کو دین کی طرف لانا عورتوں کو پردے و حیا کا درس دینا۔ اس پر عمل کروانا، روزانہ کی بنیاد پر مدینے والے آقا جان ﷺ کی ایک ایک سنت سکھانا اس پر عمل کی نیتیں کروانا،پھر ان سے کارکردگی وصول کرنا۔ درود پاک کا ایک ٹارگٹ دینا چاہے وہ 313، 500، 700، 1200 یا جتنا بھی آپ نیکی کی دعوت کی نیت سے دینا چاہے درود و سلام کے فضائل و برکات بتا کر انہیں درود پاک کی طرف لانا اور ٹارگٹ مکمل کرنے کی ترغیب دینا۔

ایسے ان میں مزید جذبہ پیدا ہو گا۔ ان شا ء اللہ

دین اسلام کی دعوت کو دوسری عورتوں تک پہنچانے کے لیے ہر دن کوشاں رہنا ہے ان شاء اللہ اور اللہ پاک سے دعا کرتے رہیے اللہ پاک ہمیں استقامت عطا فرما! ہم دین کا کام کریں ہمارے لیے آسانیاں پیدا فرما پھر ایک دن وہ دن بھی آئے گا ان شا ء اللہ جب یہ قافلہ بڑا ہو گا اور ہر طرف عورتوں کو نیکی کی دعوت پہنچانے میں عورتیں کامیاب ہو جائیں گی پردہ میں رہ کر۔ ان شا ء اللہ

اللہ پاک ہمیں خوب ہر طرف دین اسلام کی دعوت کو پھیلانے میں کامیاب فرمائے۔ آمین