اخلاص کا مطلب ہے کہ انسان ہر عبادت اور نیک عمل صرف اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے کرے، اس میں ریاکاری، دکھاوا یا دنیاوی فائدے کی نیت شامل نہ ہواسلام میں اخلاص کو اعمال کی روح قرار دیا گیا ہے، کیونکہ بغیر اخلاص کے بڑا عمل بھی اللہ کے ہاں قبول نہیں ہوتا۔

اللہ تعالیٰ فرماتا ہے :وَ مَاۤ اُمِرُوْۤا اِلَّا لِیَعْبُدُوا اللّٰهَ مُخْلِصِیْنَ لَهُ الدِّیْنَ حُنَفَآءَ وَ یُقِیْمُوا الصَّلٰوةَ وَ یُؤْتُوا الزَّكٰوةَ وَ ذٰلِكَ دِیْنُ الْقَیِّمَةِؕ(۵)ترجمہ کنز الایمان: اور ان لوگو ں کو تو یہی حکم ہوا کہ اللہ کی بندگی کریں نِرے اسی پر عقیدہ لاتے ایک طرف کے ہو کر اور نماز قائم کریں اور زکوٰۃ دیں اور یہ سیدھا دین ہے۔ (سورۃ البینہ: آیت نمبر 5)

اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:اِلَّا عِبَادَ اللّٰهِ الْمُخْلَصِیْنَ(۴۰) ترجمہ کنزالایمان: مگر جو اللہ کے چنے ہوئے بندے ہیں ۔(سورۃ الصافات: آیت نمبر 40)یعنی اخلاص والے بندے عذاب سے محفوظ رہتے ہیں۔

عَنْ أَمِيرِ الْمُؤْمِنِينَ عُمَرَ بْنِ الْخَطَّابِؓ قَالَ: سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ ﷺ يَقُولُ إِنَّمَا الْأَعْمَالُ بِالنِّيَّاتِ، وَإِنَّمَا لِكُلِّ امْرِئٍ مَا نَویترجمہ :رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:"اعمال کا دار و مدار نیتوں پر ہے، اور ہر شخص کو وہی ملے گا جس کی اس نے نیت کی۔(صحیح بخاری، حدیث نمبر 1،صحیح مسلم، حدیث نمبر 1907)

قَالَ رَسُولُ اللَّهِ ﷺ:أَلَا إِنَّ اللَّهَ لَا يَقْبَلُ مِنَ الْعَمَلِ إِلَّا مَا كَانَ لَهُ خَالِصًا وَابْتُغِيَ بِهِ وَجْهُهُ

ترجمہ:خبردار! اللہ تعالیٰ وہی عمل قبول فرماتا ہے جو خالص اسی کے لیے ہو اور جس سے اس کی رضا مقصود ہو۔(سنن نسائی، حدیث نمبر 3140)

کم عمل پر زیادہ اجر:اخلاص کے ساتھ کیا گیا تھوڑا سا عمل بھی اللہ کے ہاں بہت بڑا بن جاتا ہے۔

دل کا سکون اور اطمینان :مخلص انسان کا دل مطمئن رہتا ہے کیونکہ وہ لوگوں کے بجائے اللہ سے اجر کی امید رکھتا ہے۔

قبولیتِ دعا:اخلاص کے ساتھ کی گئی دعا جلد قبول ہوتی ہے۔

انبیاء اور صالحین کا وصف:تمام انبیاء علیہم السلام اور اولیاء اللہ کا سب سے نمایاں وصف اخلاص تھا۔

اخلاص پیدا کرنے کے طریقے:ہر عمل سے پہلے نیت کی اصلاح،لوگوں کی تعریف یا مذمت کی پروا نہ کرنا،تنہائی میں نیک اعمال کی عادت ،موت اور آخرت کو یاد رکھنا،اللہ سے اخلاص کی دعا کرنا،اخلاص کے بغیر عبادت بے روح ہےاور اخلاص کے ساتھ تھوڑا عمل بھی کامیابی کا ذریعہ بن جاتا ہےاللہ تعالیٰ ہمیں اپنے تمام اعمال میں خالص نیت عطا فرمائے آمین۔