رسول اکرم ﷺ کے تمام اصحاب پیکر صدق و صفا ہدایت کا سرچشمہ اور ظلمت کے اندھیرے میں روشنی کا وہ مینار ہیں جن سے زمانہ ہدایت پاتا ہے۔ تمام صحابہ کرام قیامت تک آنے والی نسل انسانی کیلئے روشنی کا مینار ہیں۔ خلیفہ سوم، داماد رسول حضرت عثمان غنی کو اللہ تعالیٰ نے جن عظیم صفات سے متصف فرما کر صحابہ میں ممتاز فرمایا وہ انہی کا حصہ ہیں۔ حضرت عثمان غنی حیا کا ایسا پیکر تھے کہ فرشتے بھی ان سے حیا کرتے تھے۔ آپ عشرہ مبشرہ میں سے ہیں۔ حضرت عثمان غنی نے دین اسلام اور اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے ہر قربانی کو قبول کیا۔ حضرت عثمان غنی نے اپنی ساری زندگی دین اسلام، محبت رسول ﷺاور مخلوق خدا کی خدمت میں گزاری۔ انہوں نے اپنے دور خلافت میں ہمیشہ استقامت کو اپنائے رکھا۔

عثمان غنی رضی اللہ عنہ کا شمار حضور نبی اکرم ﷺ کے اصحاب شوری میں بھی ہوتا ہے۔ کامل الحیا و الایمان کے الفاظ عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی شان میں ہی استعمال کیے جاتے ہیں۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کے بارے میں ارشاد فرمایا ہے: میں اس شخص سے کیسے حیا نہ کروں جس سے فرشتے بھی حیا کرتے ہیں۔(مستدرک، 3/11، حدیث: 4556)

رسول اکرم ﷺ حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ سے اتنی محبت فرماتے تھے کہ آپ نے ایک، ایک کر کے اپنی 2 شہزادیاں حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کے نکاح میں دیں۔ (نزہۃ القاری، 1/544)

حدیث پاک میں ہے: اللہ پاک نے مجھے وحی فرمائی کہ میں اپنی دو بیٹیوں کا نکاح عثمان سے کروں۔ (معجم اوسط، 2/346، حدیث: 3501)

ایک حدیث پاک میں فرمایا: اگر میری 100 بیٹیاں ہوتیں، ان میں سے ایک کی وفات ہوتی تو میں دوسری عثمان کے نکاح میں دیتا، اس کا انتقال ہوتا تو میں تیسری عثمان کے نکاح میں دیتا، یہاں تک کہ میں اپنی 100 کی 100 شہزادیاں ایک ایک کر کے عثمان کے نکاح میں دے دیتا۔ کنز العمال، جز: 13، 7/21، حدیث: 36201)

مولائے کائنات، علی المرتضی رضی اللہ عنہ سے حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کے متعلق سوال ہوا تو فرمایا: عثمان وہ ہیں کہ انہیں فرشتے ذوالنّورین کہتے ہیں، رسول اللہ ﷺ کے داماد ہیں، پیارے آقا، مدنی مصطفےٰ ﷺ نے انہیں جنت کی بشارت دی۔ (ریاض النضرۃ، 3/6)

جمہور اہل سنت کے نزدیک علی رضی اللہ عنہ سے عثمان رضی اللہ عنہ افضل ہیں۔

اہل سنت کے مشہور ثقہ امام ابن شہاب الزہری رحمہ اللہ سے پوچھا گیا کہ آپ علی سے زیادہ محبت کرتے ہیں یا عثمان سے؟ انہوں نے جواب دیا: عثمان سے۔ (تاریخ دمشق لابن عساکر، 41/ 334)