دنیا میں بے شمار انسان پیدا ہوئے جن میں سے اکثر
ایسے ہوئے جن میں کوئی کمال و خوبی نہیں اور بعض ایسے ہوئے جو صرف چند خوبیوں کے
مالک تھے مگر حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کی ذاتِ گرامی بہت سے کمال و خوبیوں
کی جامع ہے۔آپ شیر خدا بھی ہیں اور دامادِ مصطفٰی ﷺ بھی، حضرت فاطمۃ الزہرا کے
شوہرِ نامدار بھی ہیں اور حسنینِ کریمین کے والدِ بزرگوار بھی۔غرض یہ کہ آپ بہت سے
کمالات و خوبیوں کے مالک ہیں۔
چونکہ آپ بچپن ہی سے نبی کریم ﷺ کے دامنِ کرم سے
وابستہ رہے لہذا حضور ﷺ کو آپ سے خصوصی انسیت تھی۔آپ کی بے شمار خوبیوں کے ساتھ
ساتھ ایک بڑی اہم خوبی یہ ہے کہ آپ محبوبِ خدا محمد مصطفیٰ ﷺ کے محبوب بھی ہیں۔
متعدد احادیثِ مبارکہ میں نبی کریم ﷺ نے حضرت علی
سے الفت و محبت کا جو اظہار فرمایا ان میں سے چند احادیث درج ذیل ہیں:
دنیا و آخرت میں بھائی: ترمذی
شریف میں حضرت عبداللہ بن عمر سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے جب مدینہ طیبہ میں
اخوت یعنی بھائی چارہ قائم فرمایا تو حضرت علی روتے ہوئے آئےاور کہا:اللہ کے رسول ﷺ
آپ نے اپنے اصحاب کے درمیان بھائی چارہ قائم فرمایا ہے اور میری بھائی چارگی کسی
سی نہیں فرمائی۔تو سرکارِ اقدس ﷺ نے فرمایا:تم دنیا و آخرت دونوں میں میرے بھائی
ہو۔(ترمذی، 5/401، حدیث: 3741)
علی سے بغض نبی سے بغض: نبی
کریم ﷺ کا فرمان ہے: جس نے علی کو برا بھلا کہا اس نے مجھے برا بھلا کہا اور جس نے
مجھے برا بھلا کہا (نعوذ باللہ )اس نے اللہ پاک کو برا بھلا کہا۔ (مسند
احمد،10/228،حديث:26810)
نبی کریم ﷺ کی حضرت علی سے بے پناہ محبت کا اندازہ
اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ نبی کریم ﷺ نے اپنی لاڈلی شہزادی، شہزادی
کونین بی بی فاطمتہ الزہرا کا نکاح حضرت علی سے فرمایا۔
چنانچہ حضرت بریدہ بیان کرتے ہیں کہ ابو بکر وعمر
رضی اللہ عنہما نے فاطمہ رضی اللہ عنہا سے شادی کا پیغام بھیجا تو نبی کریم ﷺ نے
فرمایا:وہ تو چھوٹی (کم سن)ہیں۔ پھرحضرت علی نے شادی کا پیغام بھیجا تو آپ ﷺ نے
فاطمہ کی شادی علی سے فرما دی۔
سب سے بڑھ کر محبوب:ایک
دفعہ آپ نے حضرت فاطمہ سے فرمایا:خاموش رہو کیونکہ میں نے تمہارا نکاح ایسے شخص سے
کیا جو مجھے اپنے خاندان میں سب سے بڑھ کر محبوب ہے۔
ایک اور مقام پہ حضرت انس بن مالک سے روایت ہے کہ
نبی کریم ﷺ کے پاس ایک پرندہ تھا آپ ﷺ نے دعا فرمائی: کہ اے اللہ میرے پاس ایسے
شخص کو لے آ جو تیری مخلوق میں مجھے سب سے زیادہ محبوب ہوتا کہ وہ میرے ساتھ اس
پرندے کا گوشت کھائے۔تو علی آئے اور انہوں نے آپ کے ساتھ کھانا کھایا۔ (ترمذی، 5/401،
حدیث: 3741)
بیان کی گئی احادیث نبی کریم ﷺ کی مولا علی سے بے
پناہ محبت کو ظاہر کرتی ہیں۔ اللہ پاک ہمیں بھی صحابہ کرام اور اہلِ بیت سے سچی
محبت کرنےاور ان کے صدقے سے ہمیں نیکیاں کرنے اور گناہوں سے بچنے کی توفیق عطا
فرمائے۔ آمین
Dawateislami