حضور کی مولا
علی سے محبت از بنت محمد ریاض، جامعۃ المدینہ جوہر ٹاؤن لاہور
حضور ﷺ ویسے تو اپنے تمام صحابہ کرام سے بہت محبت
کرتے تھے لیکن حضرت علی سے آپ کی محبت کا انداز بہت ہی نرالا تھا۔ حضور ﷺ نے اسی
محبت کی وجہ سے اپنی سب سے پیاری بیٹی حضرت فاطمہ کا نکاح آپ سے کر کے آپ کو داماد
مصطفیٰ ہونے کا شرف بخشا۔ حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کو ایک یہ بھی شرف حاصل ہے
کہ آپ حضور ﷺ کی پرورش میں آئے اور آپ ہی کی گود میں ہوش سنبھالا۔
آئیے اس کے بارے میں کچھ سنتے ہیں:
اخوتِ رسول: حضرت علی کی
بہت سی خصوصیات میں سے ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ آپ حضور ﷺ کے داماد اور چچا زاد
بھائی ہونے کے ساتھ ساتھ عقد مواخاة میں بھی آپ کے بھائی ہیں۔
جیسا کہ ترمذی شریف میں حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ
عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ جب مدینہ طیبہ میں اخوت یعنی بھائی چارہ قائم
کیا کہ دو دو صحابہ کو بھائی بھائی بنایا تو حضرت علی روتے ہوئے بارگاہ رسالت میں
حاضر ہوئے اور عرض کیا یا رسول اللہ! آپ نے سارے صحابہ کے درمیان اخوت قائم کی،
ایک صحابی کو دوسرے صحابی کا بھائی بنایا میں یوں ہی رہ گیا تو سرکار اقدس ﷺ نے
فرمایا: تم دنیا اور آخرت دونوں میں میرے بھائی ہو۔ (ترمذی، 5/401، حدیث: 3741)
حضرت علی اور احادیث مبارکہ: حضرت
علی کی فضیلت میں بہت سی حدیثیں وارد ہیں بلکہ امام احمد فرماتے ہیں جتنی حدیثیں
آپ کی فضیلت میں ہیں کسی اور صحابی کی فضیلت میں اتنی حدیثیں نہیں ہیں۔ ان میں سے
کچھ یہ ہیں:
مؤمن بغض نہیں رکھ سکتا: روایت
ہے حضرت زربن حبیش سے فرماتے ہیں فرمایا علی رضی الله عنہ نے اس کی قسم جس نے دانہ
چیرا اور ہر جان کو پیدا کیا کہ مجھ سے نبی امی ﷺ نے عہد فرمایا کہ مجھ سے محبت نہ
کرے گا مگر مؤمن اور مجھ سے نہ بغض رکھے گا مگر منافق۔ (مراۃ المناجیح، 8/330)
سبحان اللہ! حضرت علی کی کیا ہی بلند و بالا شان ہے
کہ سرکار ِاقدس ﷺ نے آپ سے محبت نہ کرنے کو منافق ہونے کی علامت ٹھہرایا اور آپ سے
بغض و عداوت رکھنے والوں کو مومن نہ ہونے کا معیار قرار دیا۔
جس نے علی کو برا کہا: رسول
اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے علی کو بُرا بھلا کہا تو (گویا) اس نے مجھے بُرا بھلا کہا۔
(مسند احمد،10/228،حديث:26810)
یعنی حضرت علی کو حضور سے اتنا قرب اور نزدیکی حاصل
ہے کہ جس نے انکی شان میں گستاخی و بے ادبی کی تو گویا کہ اس نے حضور کی شان میں
گستاخی و بے ادبی کی۔العیاذ باللہ
علی بھی اس کے مولیٰ: حضور ﷺ
نے فرمایا کہ جس کا میں مولیٰ ہوں علی بھی اس کے مولیٰ ہیں۔ (ترمذی، 5/398، حدیث:
3733)
Dawateislami