وہ خوش نصیب صحابہ کرام علیہم الرضوان جو غزوہ احد میں نبی کریم ﷺ کے ساتھ شریک تھے انہیں اصحاب احد کہتے ہیں ہمارے پیارے مکی مدنی مصطفی ﷺ اصحاب احد سے بے حد محبت فرماتے تھے تاریخِ اسلام میں ایسے بہت سے واقعات ملتے ہیں جب حضور پُرنور ﷺ نے اصحاب احد سے اپنی محبت کا اظہار فرمایا۔

آئیے اسی محبت پر چند احادیث ملاحظہ کرتے ہیں:

جنگ احد کے دن نبی کریم ﷺ نے حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ سے فرمایا:

سعد تیر برساؤ میرے ماں باپ تم پر قربان ہوں۔ (بخاری، 3/37، حدیث: 4055)

اس حدیث پاک سے ہمیں واضح طور پر یہ معلوم ہوتا ہے کہ نبی کریم ﷺ حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ سے کس قدر محبت فرماتے تھے کہ میرے آقا کریم ﷺ نے کس قدر خوبصورت الفاظ میں حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کو دعا دی کہ میرے ماں باپ آپ پر قربان ہو جائیں سبحان اللہ حضرت سعدرضی اللہ عنہ کس قدر خوش نصیب ہیں کہ نبی سے محبت رکھنے والے بڑے بڑے مرتبے پالیتے ہیں اور جن سے حضور محبت کریں ان کی شان کےتوکیاہی کہنے ہیں۔

اسی طرح جنگ احد میں شریک صحابی حضرت طلحہ بن عبیداللہ کے متعلق نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: جسے یہ پسند ہو کہ وہ زمین پر چلتے پھرتے شہید کو دیکھے وہ طلحہ بن عبیداللہ کو دیکھ لے۔ ( ترمذی، 5/413، حدیث: 3760)

اس حدیث سے نبی کریم ﷺ کی حضرت طلحہ بن عبیداللہ رضی اللہ عنہ کے لیے محبت صاف جھلک رہی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے انہیں ان کی بہادری کی وجہ سے چلتے پھرتے شہید کے لقب سے نوازا۔ سبحان اللہ میرے حضور کے محبت کرنے کا انداز کس قدر خوبصورت ہے حضرت طلحہ بن عبیداللہ کو چلتے پھرتے شہید کے لقب سے پکار رہے ہیں۔

اسی طرح جنگ احد میں شریک صحابی حضرت حمزہ بن عبد المطلب جو کہ نبی کریم ﷺ کے سگے چچا اور رضاعی بھائی تھے ان کے متعلق نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: شہیدوں کے سردار حمزہ بن عبد المطلب ہیں۔ (مستدرک للحاکم، 4/199، حدیث: 4936)

قربان جاؤں اپنے آقا کریم ﷺ کے انداز پرحضرت حمزہ رضی اللہ عنہ کی محبت میں انہیں سید الشہداء یعنی شہیدوں کے سردار کے لقب سے نواز دیا اسی طرح جب جنگ احد میں وحشی نے حضرت حمزہ رضی اللہ عنہ کو شہید کر دیا اور اس کے بعد اسلام قبول کرلیا تو نبی کریم ﷺ نے وحشی سے فرمایا: کیا تم سے یہ نہیں ہوسکتا کہ تم اپنا چہرہ مجھ سے چھپا کر رکھو۔ (بخاری، 3/42، حدیث: 4072)

اس حدیث سے ہمیں یہ معلوم ہوتا ہے کہ نبی کریم ﷺ حضرت حمزہ رضی اللہ عنہ سے اس قدر محبت فرماتے تھے کہ جب ان کے قاتل کو دیکھتے تھے آپ ﷺ کو بہت تکلیف ہوتی تھی۔

شہدائے احد سے محبت: جنگ احد میں جو صحابہ کرام علیہم الرضوان شہید ہوئے تھے نبی کریم ﷺ ہر سال ان کے مزارات پر تشریف لے جاتے اور ان کے لیے دعا فرماتے تھے۔

آخر میں اللہ رب العزت سے یہ دعا ہے کہ ہمیں نبی کریم ﷺ کی سنت پر عمل کرتے ہوئے صحابہ کرام علیہم الرضوان سے محبت کرنے اور ان کی عظیم قربانیوں کو یاد رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔