انصار صحابہ تاریخ اسلام کی وہ روشن ہستیاں ہیں جنہوں نے اسلام کی مددو نصرت میں نمایاں کام سر انجام دیے ہیں۔ہجرت کے بعد حضور ﷺ اور مہاجرینِ مکہ کا دل و جان سے استقبال کیا۔اپنے گھر، جان اور مال سب کچھ اسلام کے لیے پیش کر دیا۔اسی اخلاص اور قربانی کی وجہ سے حضور ﷺ کو انصار سے بے حد محبت تھی۔

حضور ﷺ نے بارہا انصار صحابہ سے محبت کا اظہار فرمایا اور ان کی تعریف فرمائی۔کتبِ احادیث میں انصار صحابہ سے محبت کے بارے میں کئی احادیث وارد ہیں۔جن میں سے چند درج ذیل ہیں:

حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ نبی کریم ﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا: انصار سے محبت رکھنا ایمان کی نشانی ہے اور انصار سے بغض رکھنا نفاق کی نشانی ہے۔ (بخاری، 2/555، حدیث: 3784)

اس حدیث مبارکہ سے معلوم ہوا کہ مومن ہی انصار سے محبت رکھتا ہے لہذا جو کامل مومن ہوگا وہ ہرگز انصار سے بغض نہیں رکھ سکتا۔ بلکہ ان سے بغض وہی شخص رکھے گا جس کے دل میں کھوٹ ہو گی۔

اسی طرح ایک اور حدیث مبارکہ میں فرمایا: انصار سے محبت صرف مومن ہی رکھے گا اور ان سے بغض صرف منافق ہی رکھے گا جو ان سے محبت کرے اللہ اس سے محبت کرے گا اور جو ان سے بغض رکھے گا تو اللہ اس سے ناراض ہوگا۔ (بخاری، 2/ 555، حدیث: 3783)

ایک مرتبہ نبی کریم ﷺ نے انصار کی عورتوں اور بچوں کو کسی شادی سے واپس آتے ہوئے دیکھا تو آپ کھڑے ہو گئے اور فرمایا: اللہ گواہ ہے تم لوگ مجھے سب سے زیادہ عزیز ہو، تین بار آپ نے ایسا ہی فرمایا۔ (بخاری، 2/ 556، حدیث: 3785)

حضور اکرم ﷺ انصارصحابہ کے لیے خصوصی دعائیں بھی فرمایا کرتے۔ آپ نے دعا فرمائی: اے اللہ انصار پر رحم فرما انصار کی اولاد پر رحم فرما اور ان کی اولاد کی اولاد پر رحم فرما۔ (مسلم، ص 1044، حدیث: 6414)

انصار صحابہ کے مقام و مرتبے کو بیان کرتے ہوئے ایک مرتبہ ارشاد فرمایا: انصار جس وادی میں جائیں گے تو میں ابھی انہی کی وادی میں جاؤں گا اور اگر میں ہجرت نہ کرتا تو میں انصار کا ایک فرد ہونا پسند کرتا۔ (بخاری، 3/116، حدیث: 4330)

اسی طرح حضور ﷺ نے کئی احادیث میں انصار کے قبائل کی بھی تعریف فرمائی اور ان کے لیے دعائے مغفرت فرمائی۔ جس سے حضور ﷺ کی انصار سے محبت ظاہر ہوتی ہے جیسا کہ آپ نے ایک اور حدیث میں اس طرح ارشاد فرمایا: بنو نجار کا گھرانہ انصار میں سے بہتر گھرانہ ہے پھر بنو عبدالاشہل کا پھر بنو حارث دن حضرت کا پھر بنو ساعدہ بن کعب کا اور انصار کا ہر گھرانہ عمدہ ہی ہے سعد بن عبادہ نے کہا میرا خیال ہے کہ نبی کریم ﷺ نے انصار کے کئی قبیلوں کو ہم پر فضیلت دی ہے۔ (مسلم، ص 1361، حدیث: 2511)

معلوم ہوا حضور ﷺ انصار صحابہ سے بہت محبت فرماتے تھے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم ان کے کردار کو اپنائیں اور اسلام کی خدمت کے لیے اخلاص اور اظہار کا جذبہ پیدا کریں اللہ پاک ہمیں بھی انصار صحابہ سے بلکہ تمام صحابہ کرام سے محبت رکھنے اور ان کو اچھے الفاظ میں یاد کرنے کی توفیق عطا فرمائے ان سے بغض رکھنے سے بچائے اور ان کے صدقے ہماری بے حساب مغفرت فرمائے۔ آمین بجاہ النبی الامین ﷺ