پیارے آقا، مکی مدنی مصطفی ﷺ انصار صحابہ کرام سے بہت محبت فرماتے ان سے محبت کا اظہار بھی فرماتے انکی خوشی پر خوش ہوتے لوگوں کے سامنے ان سے محبت کا اظہار فرماتے یہاں تک کہ پیارے آقا ﷺ انصار صحابہ کرام کے ساتھ رہنے کو پسند فرماتے۔

پیارے آقا ﷺ نہ صرف خود ان سے محبت فرماتے بلکہ اپنی امت کو بھی تلقین فرمائی چنانچہ حضرت براء بن عازب سے مروی ہے کہ آقا ﷺ نے انصار کے بارے میں ارشاد فرمایا : ان سے مومن ہی محبت کرے گا اور منافق ہی بغض رکھے گا اور جو ان سے محبت کرے اللہ اس سے محبت فرماتا اور جو ان سے بغض رکھے اللہ اسے ناپسند فرماتا ہے۔ (بخاری، 2/ 555، حدیث: 3783)

حضرت انس سے مروی ہے کہ پیارے آقا ﷺ نے کچھ بچوں اور عورتوں کو ایک شادی سے آتے دیکھا تو کھڑے ہو گئے اور فرمایا: الہی تو جانتا ہے، اے انصار تم لوگ مجھے تمام لوگوں سے زیادہ پیارے ہو، الہی تو جانتا ہے، اے انصار تم لوگ مجھے تمام لوگوں سے زیادہ پیارے ہو۔(بخاری، 2/ 556، حدیث: 3785)

سبحان اللہ سبحان اللہ اس حدیث پاک میں پیارے آقا ﷺ کس قدر خوبصورت انداز میں انصار سے محبت کا اظہار فرما رہے ہیں اس حدیث پاک میں آپ ﷺ کی انصار صحابہ کرام سے محبت کی انتہا چھلک رہی ہے۔

نہ صرف یہ بلکہ پیارے آقا ﷺ ہر حال میں ان کے ساتھ رہنے اور انکے ساتھ چلنے کا اعلان فرما رہے ہیں چنانچہ اسی ضمن میں حدیث پاک ملاحظہ فرمائیں کہ پیارے آقا ﷺ نے فرمایا: اگر ہجرت نہ ہوتی تو میں انصار کا ایک فرد ہوتا اگر لوگ ایک جنگل میں چلے اور انصار دوسرے جنگل میں یا دوسری گھاٹی میں تو میں انصار کے جنگل یا انکی گھاٹی میں چلوں گا اور انصار اندرونی لباس ہے اور باقی لوگ بیرونی لباس ہے۔ (بخاری، 3/116، حدیث: 4330)

قربان جائیں انصار کی قسمت پر! ان احادیث سے صاف صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ پیارے آقا ﷺ انصار صحابہ کرام سے کس قدر محبت فرماتے پیارے آقا ﷺ انصار صحابہ کرام سے والہانہ محبت فرماتے۔

اللہ کریم ہمیں انصار صحابہ کرام کا خوب خوب فیضان عطا فرمائے اور ہمارا خاتمہ بالخیر فرمائے۔ آمین