پیارے آقا ﷺ کی نواسیوں کی کل تعداد چار ہے جن کے اسمائے گرامی یہ ہیں:حضرت امامہ بنتِ ابو العاص،حضرت رقیہ بنتِ علی، حضرت امِّ کلثوم بنتِ علی اور حضرت زینب بنتِ علی  رضی اللہ عنہن۔

حضرت امامہ رضی اللہ عنہا حضور ﷺ کی صاحبزادی حضرت زینب رضی اللہ عنہا کی شہزادی ہیں جبکہ باقی شہزادیاں بی بی فاطمہ خاتونِ جنت رضی اللہ عنہا کی اولاد ہیں۔آپ کو ان سب سے بے انتہا محبت تھی۔

حضرت امامہ رضی اللہ عنہا سے حضور ﷺ کو بڑی محبت تھی اور آپ ان کو اپنے دوش مبارک پر بٹھا کر مسجدِ نبوی میں تشریف لے جاتے تھے ۔

روایت ہے کہ ایک مرتبہ حبشہ کے بادشاہ نجاشی نے حضور ﷺ کی خدمت میں بطور ہدیہ ایک حلہ بھیجا جس کے ساتھ سونے کی ایک انگوٹھی بھی تھی جس کا نگینہ حبشی تھا،حضور ﷺ نے یہ انگوٹھی حضرت امامہ رضی اللہ عنہا کو عطا فرمائی ۔ (سیرتِ مصطفیٰ ، ص 693)

اسی طرح ایک مرتبہ بہت ہی خوبصورت سونے کا ہار کسی نے حضور اقدس ﷺ کو نذر کیا جس کی خوبصورتی کو دیکھ کر تمام ازواجِ مطہرات حیران رہ گئیں،آپ نے اپنی مقدس بیویوں سے فرمایا کہ میں یہ ہار اس کو دوں گا جو میرے گھر والوں میں مجھے سب سے ذیادہ محبوب ہے۔تمام ازواجِ مطہرات نے یہ خیال کرلیا کہ یقیناً یہ ہار حضرت بی بی عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کو عطا فرمائیں گے مگر حضور ﷺ نے حضرت امامہ رضی اللہ عنہا کو قریب بلایا اور اپنی پیاری نواسی کے گلے میں اپنے دستِ مبارک سے یہ ہار ڈال دیا۔

(شرح زرقانی،3 /197)

حضرت ابو قتادہ انصاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ہم لوگ مسجد میں بیٹھے ہوئے تھے کہ اسی دوران رسول اللہ ﷺ ہمارے پاس تشریف لائے اس حال میں کہ آپ حضرت امامہ بنتِ ابو العاص رضی اللہ عنہا کو کندھے پر اٹھائے ہوئے تھے۔سیدہ امامہ رضی اللہ عنہا کی والدہ رسول اللہ ﷺ کی صاحبزادی حضرت زینب رضی اللہ عنہاہیں۔سیدہ امامہ رضی اللہ عنہا ابھی چھوٹی بچی تھیں،وہ آپ کے کندھے پر تھیں، جب آپ رکوع کرتے تو انہیں اٹھا لیتے،اسی طرح کرتے ہوئے آپ نے اپنی نماز ادا کی۔

(بخاری،4/100،حدیث:5996)

بی بی فاطمہ خاتونِ جنت رضی اللہ عنہا کی تین صاحبزادیوں میں بی بی رقیہ رضی اللہ عنہا تو بچپن میں ہی وفات پا گئیں تھی،حضرت ام کلثوم بنتِ علی رضی اللہ عنہا کا نکاح حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ سے ہوا جن کے شکم سے ایک صاحبزادے حضرت زید بن عمر رضی اللہ عنہما اور ایک صاحبزادی حضرت رقیہ بنتِ عمر رضی اللہ عنہما کی پیدائش ہوئی اور بی بی فاطمہ خاتونِ جنت رضی اللہ عنہا کی تیسری صاحبزادی حضرت زینب بنتِ علی رضی اللہ عنہا ان کی شادی حضرت عبداللہ بن جعفر رضی اللہ عنہ سے ہوئی۔

(مدارج النبوت،2 /460 )

اس سے ثابت ہوا کہ حضور ﷺ اپنی پیاری نواسیوں سے بے پناہ محبت کرتے تھے۔