میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو جان لیجئے کہ حضرت یونس (علیہ السلام) اللہ پاک کے نبی اور رسول ہیں اور حضرت یونس (علیہ السلام) کو اللہ تعالیٰ نے شہر " نینوی" کے باشندوں کی ہدایت کے لیے رسول بنا کر بھیجا تھا !یہ موصل کے علاقہ کا ایک بڑا شہر تھا یہاں کے لوگ بت پرستی کرتے تھے ، اور کفر و شرک میں مبتلا تھے ، حضرت یونس (علیہ السلام) نے ان لوگوں کو ایمان لانے کا اور بت پرستی چھوڑنے کا حکم دیا ، مگر ان لوگوں نے اپنی سرکشی اور تمرد کی وجہ سے اللہ کے نبی کو جھٹلا دیا اور ایمان لانے سے انکار کر دیا، حضرت یونس (علیہ السلام) نے انھیں خبر دی کہ تم لوگوں پر عنقریب عذاب آنے والا ہے، یہ سن کر شہر کے لوگوں نے آپس میں یہ مشورہ کیا کہ حضرت یونس (علیہ السلام) نے کبھی کوئی جھوٹی بات نہیں کی ہے، اس لئے یہ دیکھو کہ اگر وہ رات کو شہر میں رہیں جب تو سمجھ لو کہ کوئی خطرہ نہیں ہے، اور اگر انہوں نے شہر میں رات نہ گزاری تو یقین کر لینا چاہیے کہ ضرور عذاب آے گا ، رات کو لوگوں نے یہ دیکھا کہ حضرت یونس (علیہ السلام) شہر سے باہر تشریف لے گئے، اور واقعی صبح ہوتے ہی عذاب کے آثارِ نظر آنے لگے،کہ چاروں طرف سے کالی بدلیاں نمودار ہوئی ، اور ہر طرف سے دھواں اٹھ کر شہر میں چھا گیا، یہ منظر دیکھ کر شہر کے باشندوں کو یقین ہو گیا کہ عذاب آنے والا ہے، تو لوگوں کو حضرت یونس (علیہ السلام) کی تلاش و جستجو ہوئی ،مگر وہ دور دور تک کہیں نظر نہیں آئے، اب شہر والوں کو اور خطرہ اور اندیشہ ہو گیا، چناچہ شہر کے تمام لوگ خوف خداوندی سے کانپ اٹھے اور سب کے سب عورتوں بچوں بلکہ اپنے مویشیوں کو لے کر پرانے کپڑے پہن کر روتے ہوئے جنگل میں نکل گئے، اور رو کر صدق دل سے حضرت یونس (علیہ السلام) پر ایمان لانے اقرار کرنے لگے، شوہر بیوی سے مائیں بچوں سے سب الگ الگ ہو کر توبہ و استغفار میں مشغول ہو گئے، اور دربار باری میں گڑ گڑا کر گریہ وزاری کرنے لگے، جو مظالم آپس میں ہوئے تھے ایک دوسرے کو معاف کرانے لگے، اور جتنی حق تلفیاں ہوئی تھی سب آپس میں معافی تلافی کرنے لگے الغرض سچی توبہ کر کے رب سے یہ عہد کر لیا کہ حضرت یونس (علیہ السلام) کو کچھ خدا کا پیغام لاتے ہیں ہم صدق دل سے اس پر ایمان لائے، اللہ پاک کو شہر والوں کی بیقراری اور مخلصانا گریہ وزاری پر رحم آیا اور عذاب اٹھا لیا گیا، ناگہاں دھواں اور عذاب کی بدلیاں دفع ہو گئیں، اور تمام لوگ پہر شہر میں آ کر امن چین اور سکون سے رہنے لگے۔(عجائب القرآن :صفحہ 119)

اس واقع کو ذکر کرتے ہوئے خداوند قدوس نے قرآن مجید میں یوں ارشاد فرمایا:

فَلَوْ لَا كَانَتْ قَرْیَةٌ اٰمَنَتْ فَنَفَعَهَاۤ اِیْمَانُهَاۤ اِلَّا قَوْمَ یُوْنُسَؕ-لَمَّاۤ اٰمَنُوْا كَشَفْنَا عَنْهُمْ عَذَابَ الْخِزْیِ فِی الْحَیٰوةِ الدُّنْیَا وَ مَتَّعْنٰهُمْ اِلٰى حِیْنٍ(۹۸)

ترجمۂ کنزالایمان: تو ہوئی ہوتی نہ کوئی بستی کہ ایمان لاتی تو اس کا ایمان کام آتا ہاں یونس کی قوم جب ایمان لائے ہم نے ان سے رسوائی کا عذاب دنیا کی زندگی میں ہٹادیا اور ایک وقت تک انہیں برتنے دیا۔ ( پارہ ١١،سورۃ یونس :آیت ٩٨،رکوع ١٠،)

مطلب یہ ہے کہ جب کسی قوم پر عذاب آجاتا ہے تو عذاب آجانے کے بعد ایمان لانا مفید نہیں ہوتا مگر حضرت یونس علیہ السلام کی قوم پر عذاب کی بدلیاں آجانے کے بعد بھی جب وہ لوگ ایمان لائے تو ان سے عذاب اٹھا لیا گیا۔ (عجائب القرآن : صفحہ ١١٩)

طبرانی شریف کی روایت ہے کہ شہر نینویٰ پر جب عذاب کے آثار ظاہر ہونے لگے اور حضرت یونس علیہ السلام باجود تلاش و جستجو کے لوگوں کو نہیں ملے تو شہر والے گھبرا کر اپنے ایک عالم کے پاس گئے جو صاحب ِ ایمان اور شیخِ وقت تھے اور ان سے فریاد کرنے لگے تو انہوں نے حکم دیا کہ تم لوگ یہ وظیفہ پڑھ کر دعا مانگو یَاحَیُّ حِیْنَ لاَ حَیَّ و َیَاحَیُّ یُحْیِ الْمَوْتٰی وَیَاحَیُّ لاَ اِلٰہَ اِلاَّ اَنْتَ چنانچہ لوگوں نے یہ پڑھ کر دعا مانگی تو عذاب ٹل گیا۔ لیکن مشہور محدث اور صاحب ِ کرامت ولی حضرت فضیل بن عیاض علیہ الرحمۃ کا قول ہے کہ شہر نینویٰ کا عذاب جس دعا کی برکت سے دفع ہوا وہ دعا یہ تھی کہ اَللّٰھُمَّ اِنَّ ذُنُوْبَنَا قَدْ عَظُمَتْ وَجَلَّتْ وَاَنْتَ اَعْظَمُ وَاَجَلُّ فَافْعَلْ بِنَا مَا اَنْتَ اَھْلُہٗ وَلاَ تَفْعَلْ بِنَا مَانَحْنُ اَھْلُہٗ بہرحال عذاب ٹل جانے کے بعد جب حضرت یونس علیہ السلام شہر کے قریب آئے تو آپ نے شہر میں عذاب کا کوئی اثر نہیں دیکھا۔ لوگوں نے عرض کیا کہ آپ اپنی قوم میں تشریف لے جایئے۔ تو آپ نے فرمایا کہ کس طرح اپنی قوم میں جا سکتا ہوں؟ میں تو ان لوگوں کو عذاب کی خبر دے کر شہر سے نکل گیا تھا، مگر عذاب نہیں آیا۔ تو اب وہ لوگ مجھے جھوٹا سمجھ کر قتل کردیں گے۔ آپ یہ فرما کر اور غصہ میں بھر کر شہر سے پلٹ آئے اور ایک کشتی میں سوار ہو گئے یہ کشتی جب بیچ سمندر میں پہنچی تو کھڑی ہو گئی۔ وہاں کے لوگوں کا یہ عقیدہ تھا کہ وہی کشتی سمندر میں کھڑی ہو جایا کرتی تھی جس کشتی میں کوئی بھاگا ہوا غلام سوار ہوجاتا ہے۔ چنانچہ کشتی والوں نے قرعہ نکالا تو حضرت یونس علیہ السلام کے نام کا قرعہ نکلا۔ تو کشتی والوں نے آپ کو سمندر میں پھینک دیا اور کشتی لے کر روانہ ہو گئے اور فوراً ہی ایک مچھلی آپ کو نگل گئی اور مچھلی کے پیٹ میں جہاں بالکل اندھیرا تھا آپ مقید ہو گئے۔ مگر اسی حالت میں آپ نے آیت کریمہ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّاۤ اَنْتَ سُبْحٰنَكَ اِنِّیْ كُنْتُ مِنَ الظّٰلِمِیْنَ (پ۱۷،الانبیاء:۸۷) کا وظیفہ پڑھنا شروع کردیا تو اس کی برکت سے اللہ تعالیٰ نے آپ کو اس اندھیری کوٹھڑی سے نجات دی اور مچھلی نے کنارے پر آکر آپ کو اُگل دیا۔ اس وقت آپ بہت ہی نحیف و کمزور ہوچکے تھے۔ خدا عزوجل کی شان کہ اُس جگہ کدو کی ایک بیل اُگ گئی اور آپ اُس کے سایہ میں آرام کرتے رہے پھر جب آپ میں کچھ توانائی آگئی تو آپ اپنی قوم میں تشریف لائے اور سب لوگ انتہائی محبت و احترام کے ساتھ پیش آ کر آپ پر ایمان لائے۔ ( عجائب القرآن : صفحہ122)

حضرت یونس علیہ السلام کی اس دردناک سرگزشت کو قرآن کریم نے ان لفظوں میں بیان فرمایا ہے:

وَ اِنَّ یُوْنُسَ لَمِنَ الْمُرْسَلِیْنَؕ(۱۳۹) اِذْ اَبَقَ اِلَى الْفُلْكِ الْمَشْحُوْنِۙ(۱۴۰) فَسَاهَمَ فَكَانَ مِنَ الْمُدْحَضِیْنَۚ(۱۴۱) فَالْتَقَمَهُ الْحُوْتُ وَ هُوَ مُلِیْمٌ(۱۴۲)

ترجمۂ کنزالایمان: اور بے شک یونس پیغمبروں سے ہے۔جب کہ بھری کشتی کی طرف نکل گیا۔ تو قرعہ ڈالا تو دھکیلے ہوؤں میں ہوا۔ پھر اسے مچھلی نے نگل لیا اور وہ اپنے آپ کو ملامت کرتا تھا۔ (سورۃ الصفت:139تا 142)

فَلَوْ لَاۤ اَنَّهٗ كَانَ مِنَ الْمُسَبِّحِیْنَۙ(۱۴۳) لَلَبِثَ فِیْ بَطْنِهٖۤ اِلٰى یَوْمِ یُبْعَثُوْنَۚ(۱۴۴) فَنَبَذْنٰهُ بِالْعَرَآءِ وَ هُوَ سَقِیْمٌۚ(۱۴۵) ترجمۂ کنزالایمان: تو اگر وہ تسبیح کرنے والا نہ ہوتا۔ضرور اس کے پیٹ میں رہتا جس دن تک لوگ اٹھائے جائیں گے۔ پھر ہم نے اسے میدان پر ڈال دیا اور وہ بیمار تھا۔(سورۃ الصفت:143تا145)

مفسرین فرماتے ہیں : ’’تم آسانی کے وقت اللہ تعالیٰ کا ذکر کرو تو وہ تمہیں تمہاری سختی اور مصیبت کے وقت یاد کرے گا کیونکہ حضرت یونس عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام اللہ تعالیٰ کے نیک بندے اور اللہ تعالیٰ کا ذکر کرنے والے تھے، جب وہ مچھلی کے پیٹ میں گئے تو اللہ تعالیٰ نے ان کے بارے میں فرمایا:

وَ اَرْسَلْنٰهُ اِلٰى مِائَةِ اَلْفٍ اَوْ یَزِیْدُوْنَۚ(۱۴۷) فَاٰمَنُوْا فَمَتَّعْنٰهُمْ اِلٰى حِیْنٍؕ(۱۴۸)

ترجمۂ کنزالایمان: اور ہم نے اسے لاکھ آدمیوں کی طرف بھیجا بلکہ زیادہ۔ تو وہ ایمان لے آئے تو ہم نے انہیں ایک وقت تک برتنے دیا۔(سورۃ الصفت:147،148)

نوٹ: حضرت یونس عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی قوم کی توبہ کا بیان سورۃ یونس آیت نمبر98میں گزر چکا ہے اور اس واقعہ کا بیان سورۃ انبیاء کی آیت نمبر 87،88میں بھی گزرچکا ہے۔

حضرت یونس عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے مچھلی کے پیٹ میں رہنے کی مدت کے بارے میں مختلف اَقوال ہیں ۔ اُسی دن یا3دن یا7دن یا20دن یا40دن کے بعد آپ مچھلی کے پیٹ سے باہر آئے۔

حضرت یونس (علیہ السلام) کی دل ہلا دینے والی مصیبت و مشکلات سے یہ ہدایت ملتی ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے خاص بندوں کو کس کس طرح امتحان میں ڈالتا ہے ۔(عجائب القرآن :صفحہ 123)

لیکن جب بندے امتحان میں پڑھ کر صبر و استقامت کا دامن نہیں چھوڑتے،اور عین بلاؤں کے طوفان میں بھی خدا کی یاد سے غافل نہیں ہوتے ۔ تو ارحم الراحمین اپنے بندوں کی نجات کا غیب سے ایسا انتظام فرما دیتا ہے کہ کوئی اس کو سوچ بھی نہیں سکتا ۔

غور کیجئے کہ حضرت یونس (علیہ السلام) کو جب کشتی والوں نے سمندر میں پھینک دیا تو ان زندگی اور سلامتی کا کونسا ذریعہ باقی رہ گیا تھا پھر انہیں مچھلی نے نگل لیا تھا تو اب بھلا ان کی حیات کا کونسا سپارہ رہ گیا تھا مگر اسی حالت میں آپ نے جب آیت کریمہ کا وظیفہ پڑھا تو اللہ تعالیٰ نے انہیں مچھلی کے پیٹ میں بھی زندہ اور سلامت رکھا اور مچھلی کے پیٹ سے انہیں ایک میدان میں پہنچا دیا پھر انہیں تندرستی اور سلامتی کے ساتھ ان کی قوم اور وطن میں پہنچا دیا اور ان کی تبلیغ کی بدولت ایک لاکھ سے زائد آدمیوں کو ہدایت مل گئ ۔(عجائب القرآن :صفحہ 123تا124)

اللہ پاک ہمیں انبیاء کرام (علیہم السلاۃ والسلام) کی سیرت پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے ۔آمین آمین بجاہ خاتم النبیین (صلی اللہ علیہ والہ وسلم)