محمد
نعمان (درجہ سابعہ مرکزی جامعۃ المدینہ فیضان مدینہ، کراچی، پاکستان)
حیات
انسانی کی پوری تاریخ میں ایک ایسی قوم بھی تھی کہ جس نے عذاب کے آثار ظاہر ہونے
کے بعد بھی سچی توبہ کی، اور اللہ تعالیٰ نے ان کے ایمان کو قبول فرما کر ان سے
عذاب ٹال دیا۔ اس قوم کے احوال اللہ تعالیٰ کی بے پایاں رحمت، معافی اور بندوں پر
کرم نوازی کی روشن دلیل ہیں کہ جب انسان اخلاص کے ساتھ رجوع کرے تو اللہ تعالیٰ
اپنے فیصلوں میں بھی نرمی فرما دیتا ہے۔اور وہ قوم حضرت یونس علیہ السلام کی قوم
تھی۔
چنانچہ
قرآن کریم میں اللہ تبارک وتعالیٰ نے ارشاد فرمایا:
فَلَوْ لَا كَانَتْ قَرْیَةٌ اٰمَنَتْ فَنَفَعَهَاۤ اِیْمَانُهَاۤ اِلَّا
قَوْمَ یُوْنُسَؕ-لَمَّاۤ اٰمَنُوْا كَشَفْنَا عَنْهُمْ عَذَابَ الْخِزْیِ فِی
الْحَیٰوةِ الدُّنْیَا وَ مَتَّعْنٰهُمْ اِلٰى حِیْنٍ(۹۸)
ترجمۂ
کنزُالعِرفان: تو کیوں ایسا نہ ہوا کہ کوئی قوم ایمان لے آتی تاکہ اس کا ایمان
اسے نفع دیتا لیکن یونس کی قوم جب ایمان لائی توہم نے ان سے دنیا کی زندگی میں
رسوائی کا عذاب ہٹادیا اور ایک وقت تک انہیں فائدہ اٹھانے دیا۔(سورۃ یونس:98)
حضرت یونس عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی
قوم کا واقعہ یہ ہے کہ یہ لوگ موصل کے علاقے نینوٰی میں رہتے تھے اور کفر و شرک میں
مبتلا تھے اللہ تعالیٰ نے حضرت یونس عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو ان کی طرف
بھیجا، آپ نے انہیں بت پرستی چھوڑنے اور ایمان لانے کا حکم دیا، ان لوگوں نے انکار
کیا اور حضرت یونس عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی تکذیب کی، آپ نے انہیں اللہ
تعالیٰ کے حکم سے عذاب نازل ہونے کی خبر دی، ان لوگوں نے آپس میں کہا کہ حضرت یونس
عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام نے کبھی کوئی بات غلط نہیں کہی ہے، دیکھو اگر وہ
رات کو یہاں رہے جب تو کوئی اندیشہ نہیں اور اگر انہوں نے رات یہاں نہ گزاری تو
سمجھ لینا چاہیے کہ عذاب آئے گا۔ جب رات ہوئی توحضرت یونس عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ
وَالسَّلَام وہاں سے تشریف لے گئے اور صبح کے وقت عذاب کے آثار نمودار ہوگئے ،
آسمان پر سیاہ رنگ کا ہیبت ناک بادل آیا ، بہت سارا دھواں جمع ہوا اور تمام شہر پر
چھا گیا۔ یہ دیکھ کر انہیں یقین ہوگیا کہ عذاب آنے والا ہے ، انہوں نے حضرت یونس
عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو تلاش کیاتو آپ کو نہ پایا، اب انہیں اور زیادہ
اندیشہ ہوا تو وہ لوگ اپنی عورتوں ، بچوں اور جانوروں کے ساتھ جنگل کی طرف نکل
گئے، موٹے کپڑے پہن کر توبہ و اسلام کا اظہار کیا، شوہر سے بیوی اور ماں سے بچے
جدا ہوگئے اور سب نے بارگاہِ الٰہی میں گریہ و زاری شروع کر دی اور عرض کرنے لگے
کہ جودین حضرت یونس عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام لائے ہیں ہم اس پر ایمان لاتے
ہیں۔ چنانچہ انہوں نے سچی توبہ کی اور جو جَرائم ان سے ہوئے تھے انہیں دور کیا،
پرائے مال واپس کئے حتّٰی کہ اگر دوسرے کا ایک پتھرکسی کی بنیاد میں لگ گیا تھا تو
بنیاد اکھاڑ کر وہ پتھر نکال دیا اور واپس کردیا ۔ اللہ تعالیٰ سے اخلاص کے ساتھ
مغفرت کی دعائیں کیں توپروردگارِ عالَم نے ان پر رحم کیا، دعا قبول فرمائی اور
عذاب اٹھا دیا گیا۔( خازن، یونس، تحت الآیۃ: ۹۸، ۲ / ۳۳۵-۳۳۶)
یہاں ایک سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ قرآنِ پاک میں
اللہ تعالیٰ نے فرعون کے بارے میں ذکر فرمایا کہ اس نے آخری وقت توبہ کی لیکن اس
کی توبہ قبول نہ ہوئی جبکہ حضرت یونس عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی قوم کے
بارے میں ذکر فرمایا کہ انہوں نے توبہ کی تو اللہ تعالیٰ نے ان کی توبہ قبول فرما
لی، دونوں کی توبہ میں کیا فرق ہے؟
امام فخر الدین رازی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی
عَلَیْہِ اس کے جواب میں فرماتے ہیں کہ فرعون نے عذاب کا مشاہدہ کرنے کے بعد توبہ
کی تھی جبکہ حضرت یونس عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی قوم پر جب وہ نشانیاں
ظاہر ہوئیں جو عذاب کے قریب ہونے پر دلالت کرتی ہیں تو انہوں نے عذاب کا مشاہدہ
کرنے سے پہلے اسی وقت ہی توبہ کر لی تھی ۔ (تفسیرکبیر، یونس، تحت الآیۃ: ۹۸، ۶
/ ۳۰۳)
خلاصہ یہ نکلا کہ نزولِ عذاب کے بعد توبہ قبول
نہیں البتہ نزولِ عذاب سے پہلے صرف علاماتِ عذاب کے ظہور کے بعد توبہ قبول ہوسکتی
ہے۔بہر حال قرآن کریم میں اللہ تبارک وتعالیٰ نے متعدد مقامات پر اپنے نبی حضرت یونس
علیہ السلام کا ذکر فرمایا جیسا کہ : سورۃ الانبیاء: آیات 87–88 (2 آیات)
سورۃ
الصافات: آیات 139–148 (10 آیات)
سورۃ یونس:
آیت 98 (1 آیت)
سورۃ
القلم: آیات 48–50 (3 آیات)
قرآنِ پاک
میں انبیاءِ کرام علیہم السلام کے واقعات صرف قصے نہیں بلکہ ہدایت، نصیحت اور زندگی
کے اصولوں کا خزانہ ہیں۔ اور حضرت یونس علیہ السلام کی حیات مبارکہ عظیم سبق اپنے
اندر سموئے ہوئے ہے، جو ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا ذکر اور سچی توبہ
انسان کو سخت سے سخت آزمائش سے بھی نجات دلا سکتی ہے۔
اللہ رب
العزت حضرت یونس علیہ السلام کا صدقہ ہمیں اپنا ذکر کرنے ، صبر کا دامن تھامنے ،
اور ہر قسم کی مشکل میں اپنی طرف رجوع کرنے کی سعادت عطا فرمائے آمین بجاہ خاتم
النبیین ﷺ ۔
Dawateislami