محمد
عبد اللہ (درجہ سابعہ مرکزی جامعۃ المدینہ فیضان مدینہ، کراچی، پاکستان)
قرآنِ پاک
اللہ تعالیٰ کی آخری کتاب ہے جس میں سابقہ اُمتوں کے واقعات کو بطورِ سبق اور نصیحت
بیان کیا گیا ہے۔ اُنہیں میں سے اللہ تعالیٰ کے پیارے نبی حضرت یونس علیہ السلام
کا واقعہ بھی ہے، جو صبر، توحید، توبہ اور اللہ کی رحمت کی سب سے خوبصورت مثال ہے۔
یہ وہ واقعہ ہے جسے ’ذوالنون‘ (مچھلی والے) کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے، اور جس کا
ذکر قرآنِ پاک میں متعدد مقامات پر آیا ہے۔ آئیے اس مضمون میں ہم حضرت یونس علیہ
السلام کے سفرِ حیات، ان کی قوم کی سرکشی، مچھلی کے پیٹ میں تنہائی، اور اللہ کی
بے پناہ رحمت کے اس سبق کو سیکھتے ہیں جو ہر مسلمان کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
(1)حضرت یونس علیہ السلام کا تعارف:آپ عَلَیْہِ
الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کا نام یونس بن متیٰ ہے۔ آپ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ
وَالسَّلَام حضرت ہود عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی اولاد میں سے ہیں ۔ آپ
عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کا لقب ذُو النُّون اور صَاحِبُ الْحُوْتْ (مچھلی
والے) ہے، آپ بستی نِیْنَوٰی کے نبی تھے جو مُوصَل کے علاقہ میں دجلہ کے کنارے پر
واقع تھی ۔ (روح البیان، الصافات، تحت الآیۃ: ۱۳۹، ۷ / ۴۸۶)
(2)حضرت یونس عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ
وَالسَّلَام اور ان کی قوم:حضرت یونس علیہ السلام کی قوم کا
واقعہ یہ ہے کہ یہ لوگ مُوصَل کے علاقے نِیْنَوٰی میں رہتے تھے اور کفر و شرک میں مبتلا
تھے ۔اللہ تعالیٰ نے حضرت یونس علیہ السلام کو ان کی طرف نبی بنا کر بھیجا ۔ آپ علیہ
السلام نے انہیں ایک عرصے تک بت پرستی چھوڑنے اور ایمان لانے کا حکم دیا ۔ لیکن یہ
لوگ دعوت قبول کرنے سے انکار اور حضرت یونس علیہ السلام کی تکذیب کی راہ پر ہی
گامزن رہے۔ طویل عرصے تک پوری کوشش کے باوجود جب لوگ راہِ راست پر نا آئے تو آپ علیہ
السلام نے بارگاہِ الٰہی میں دعا کی: " اے اللہ ! قوم مجھے چھٹلانے پر ہی
قائم ہے پس تو ان پر اپنا عذاب نازل کر دے ۔اس پر ان سے فرمایا گیا آپ انہیں خبر
دے دیں کہ تین دن بعد صبح کے وقت ان پر عذاب نازل ہو جائے گا چنانچہ آپ علیہ
السلام نے قوم کو نزولِ عذاب کی خبر سنا دی ۔(خازن ۔ یونس، تحت الآية: ٩٨ ، ٢ /
٣٣٥ ، / روح البيان ، تحت الآية: ٩٨ ، ٤/ ٨٢، ملتقطاً)
(3)توبہ کی قبولیت اور رفعِ عذاب:نزول عذاب
کی خبر سن کر لوگوں نے آپس میں کہا : کہ حضرت یونس علیہ السلام نے کبھی کوئی بات
غلط نہیں کہی ہے۔دیکھو اگر وہ رات کو یہاں رہے تب تو کوئی اندیشہ نہیں اور اگر
انہوں نے رات یہاں نہیں گزاری تو سمجھ لینا چاہیے کہ عذاب آئے گا۔ جب رات ہوئی تو
حضرات یونس علیہ السلام وہاں سے تشریف لے گئے اور صبح کے وقت عذابِ الٰہی کے آثار
نمودار ہو گئے ۔ آسمان پر سیاہ (کالے) رنگ کا ہیبت ناک بادل اُومنٹ آیا ، بہت سارا
دھواں جمع ہوا اور تمام شہر پہ چھا گیا۔ یہ دیکھ کر انہیں یقین ہو گیا کہ عذاب آنے
والا ہے، انہوں نے حضرت یونس علیہ السلام کو تلاش کیا لیکن آپ کو کہیں نا پایا، اب
انہیں اور زیادہ خطرہ لاحق ہوا۔ یہ سب دیکھ کر لوگ اپنی عورتیں ، بچوں اور مویشیوں
(جانوروں) کے ساتھ جنگل کی طرف نکل گئے ، موٹے کپڑے پہن کر توبہ و ایمان کا اظہار
کیا ، شوہر سے بیوی اور ماں سے بچے جدا ہو گئے اور ہر طرف نفس و نفسی کا عالم تھا
سب نے بارگاہِ الٰہی میں گِڑگِڑا کر توبہ و گریہ وزای کرنے لگے اور عرض کرنے لگے
کہ جو دین حضرت یونس علیہ السلام لائے ہیں ہم اس پہ ایمان لاتے ہیں. چنانچہ انہوں
نے سچی توبہ کی اور جو جرائم اور نافرمانیاں ان سے صادر ہوئیں تھی انہیں دور کیا
پرائے مال واپس کیے حتیٰ کہ اگر دوسرے کا ایک پتھر بھی کسی کی بنیاد میں لگ گیا
تھا تو بنیاد اکھاڑ کر وہ پتھر اسے واپس کیا اللہ تعالیٰ سے اخلاص کے ساتھ مغفرت کی دعائیں کیں تو بارگاہِ خداوندی سے ان
پر رحم ہوا۔ اللہ تعالیٰ نے ان کی توبہ و دعائیں قبول فرمائی اور عذاب اٹھا لیا گیا۔
(خازن ۔ یونس، تحت الآية: ٩٨ ، ٢ / ٣٣٥ - ٣٣٦ ، ملتقطاً)
قرآن کریم
میں فرمانِ باری تعالیٰ ہے: فَلَوْ لَا كَانَتْ
قَرْیَةٌ اٰمَنَتْ فَنَفَعَهَاۤ اِیْمَانُهَاۤ اِلَّا قَوْمَ یُوْنُسَؕ-لَمَّاۤ
اٰمَنُوْا كَشَفْنَا عَنْهُمْ عَذَابَ الْخِزْیِ فِی الْحَیٰوةِ الدُّنْیَا وَ
مَتَّعْنٰهُمْ اِلٰى حِیْنٍ(۹۸)
ترجمۂ
کنزالایمان: تو ہوئی ہوتی نہ کوئی بستی کہ ایمان لاتی تو اس کا ایمان کام آتا ہاں
یونس کی قوم جب ایمان لائے ہم نے ان سے رسوائی کا عذاب دنیا کی زندگی میں ہٹادیا
اور ایک وقت تک انہیں برتنے دیا۔ (پ 11 ، یونس ، 98)
(4)حضرت یونس علیہ السلام کا قوم کے
درمیان سے تشریف لے جانا اور مچھلی کا واقعہ:دوسری طرف حضرت یونس علیہ
السلام اپنی قوم کی توبہ سے باخبر نہیں تھے اور جب انہوں نے دیکھا کہ قوم کو عذاب
آنے کی جو خبر دی تھی اس میں تاخیر ہو گئی ہے تو آپ علیہ السلام اپنی قوم کے کفر
و نافرمانی پر غضبناک ہو کر اللہ تعالی کی طرف سے اجازت نازل ہوئے بغیر ہی ہجرت کہ
ارادے سے تشریف لے گئے اور آپ علیہ السلام نے یہ خیال کیا کہ اللہ تعالی مجھ پر
کوئی تنگی نہیں فرمائے گا اور نہ ہی اس فعل پر مجھ سے کوئی مواخذہ فرمائے گا۔ حضرت
یونس علیہ السلام کے ہجرت کرنے اور غضبناک ہونے کی وجہ یہ بھی تھی کہ وہ لوگ اس
شخص کو قتل کر دیتے تھے جس کا جھوٹا ہونا ثابت ہو جائے آپ علیہ السلام یقینی طور
پر سچے تھے کہ آپ علیہ السلام نے وحیِ الہی سے ہی انہیں بتایا کہ تم نے میری بات
نہ مانی تو تم پر اللہ کا عذاب ائے گا لیکن چونکہ فی الحال عذاب آیا نہیں تھا تو
قوم کی نظر میں آپ کا کہنا واقعے کے خلاف تھا اس لیے آپ قتل کے اندیشے سے وہاں سے
چل دیئے حالانکہ آپ علیہ السلام نے عذاب کا تو فرمایا تھا لیکن انہیں کوئی متعین
وقت نہیں بتایا تھا کہ جس پر آپ علیہ السلام کو معاذ اللہ اپ کی قوم جھوٹا کہہ سکتی
۔
حضرت
عبداللہ بن عباس اور حضرت وہب رضی اللہ تعالی عنہما کا قول ہے کہ حضرت یونس علیہ
السلام نے اپنی قوم سے عذاب کا وعدہ کیا تھا جب اس میں تاخیر ہوئی تو قتل سے بچنے
کے لیے آپ علیہ السلام ان سے چھپ کر نکل گئے ۔ آپ علیہ السلام نے دریائی سفر کا
قصد کیا اور بھری کشتی پر سوار ہو گئے جب کشتی دریا کے درمیان پہنچی تو ٹھہر گئی
اور اس کے ٹھہرنے کا کوئی ظاہر سبب موجود نہ تھا ۔ ملاحوں نے کہا: اس کشتی میں
اپنے مولا سے بھاگا ہوا کوئی غلام ہے قرعہ اندازی کرنے سے ظاہر ہو جائے گا کہ وہ
کون ہے چنانچہ قرعہ اندازی کی گئی تو اس میں آپ علیہ السلام کا نام نکلا جس پر آپ
علیہ السلام نے فرمایا کہ میں ہی وہ غلام ہوں اس کے بعد آپ علیہ السلام پانی میں
ڈال دیے گئے کیونکہ ان لوگوں کا دستور یہی تھا کہ جب تک بھاگا ہوا غلام دریا میں
غرق نہ کر دیا جائے اس وقت تک کشتی چلتی نہ تھی۔
(خازن ۔ الصافات، تحت الآية: ١٤٠ ، ٤ / ٢٦ ،
مدارک ، الصافات ، تحت الآية : ١٤٠، ص: ١٠٠٩، ملتقطاً)
جب حضرت یونس
علیہ السلام دریا میں ڈال دیے گئے تو انہیں ایک بڑی مچھلی نے نگل لیا اور اس وقت
آپ علیہ السلام کا حال یہ تھا کہ آپ علیہ السلام خود کو اس بات پر ملامت کر رہے
تھے کہ نکلنے میں جلدی کیوں کی اور قوم سے جُدا ہونے میں اللہ تعالی کے حکم کا
انتظار کیوں نہ کیا۔مروی ہے کہ اللہ تعالی نے مچھلی کو الہام فرمایا: کہ میں نے
حضرت یونس علیہ السلام کو تیرے لیے غذا نہیں بنایا بلکہ تیرے پیٹ کو اس کے لیے قید
خانہ بنایا ہے لہذا تم نہ تو اِن کی ہڈی توڑنا اور نہ ہی ان کے گوشت کو کاٹنا۔
(روح البيان ، الصافات ، تحت الآية: ١٤٢، ٧/ ٤٨٧، ملتقطاً)
قرآن کریم
میں ہےکہ: وَ اِنَّ یُوْنُسَ لَمِنَ الْمُرْسَلِیْنَؕ(۱۳۹) اِذْ اَبَقَ اِلَى الْفُلْكِ الْمَشْحُوْنِۙ(۱۴۰) فَسَاهَمَ فَكَانَ مِنَ الْمُدْحَضِیْنَۚ(۱۴۱) فَالْتَقَمَهُ الْحُوْتُ وَ هُوَ مُلِیْمٌ(۱۴۲)
ترجمۂ
کنزالایمان: اور بے شک یونس پیغمبروں سے ہے۔جب کہ بھری کشتی کی طرف نکل گیا۔ تو قرعہ
ڈالا تو دھکیلے ہوؤں میں ہوا۔ پھر اسے مچھلی نے نگل لیا اور وہ اپنے آپ کو ملامت کرتا تھا۔ (سورۃ
الصفت:139تا 142)
(5) حضرت یونس علیہ السلام کی دعا کی
قبولیت :جب حضرت یونس علیہ السلام مچھلی کے پیٹ میں تشریف لائے تو انہیں کئی قسم کی
تاریکیوں کو سامنا کرنا پڑا ۔ جیسے دریا کی تاریکی ، رات کی تاریکی اور مچھلی کے پیٹ
کی تاریکی ۔ ان اندھیروں میں حضرت یونس علیہ السلام نے اپنے پروردگار عزوجل سے اس
طرح دعا کی: اے میرے رب عزوجل تیرے سوا کوئی معبود نہیں اور تو ہر عیب سے پاک ہے ،
بیشک مجھ سے بے جا ہوا کہ میں اپنی قوم سے تیرا اِذن اور اجازت پانے سے پہلے ہی
جدا ہو گیا ۔ قرآن کریم میں ہے کہ :
وَ ذَا النُّوْنِ اِذْ ذَّهَبَ مُغَاضِبًا فَظَنَّ اَنْ لَّنْ نَّقْدِرَ
عَلَیْهِ فَنَادٰى فِی الظُّلُمٰتِ اَنْ لَّاۤ اِلٰهَ اِلَّاۤ اَنْتَ سُبْحٰنَكَ اِنِّیْ كُنْتُ مِنَ الظّٰلِمِیْنَۚۖ(۸۷)
ترجمۂ
کنزالایمان: اور ذوالنون کو جب چلا غصہ میں بھرا تو گمان کیا کہ ہم اس پر تنگی نہ کریں گے تو اندھیریوں میں پکارا کوئی معبود نہیں سوا تیرے
پاکی ہے تجھ کو بیشک مجھ سے بے جا ہوا۔ (پ ١٧ ، الانبياء ،٨٧)
پھر اللہ
تعالیٰ نے حضرت یونس علیہ السلام کی پکار سن لی اور ان کی دعا کو شرفِ قبولیت سے
نوازا ، چنانچہ انہیں تنہائی اور وحشت کے غم سے نجات بخشی اور مچھلی کو حکم دیا تو
اس نے حضرت یونس علیہ السلام کو دریا کے کنارے آ کر اپنے پیٹ سے نکال دیا۔ ارشادِ
باری تعالیٰ ہے کہ :
فَاسْتَجَبْنَا لَهٗۙ-وَ نَجَّیْنٰهُ مِنَ الْغَمِّؕ-وَ كَذٰلِكَ نُـْۨجِی
الْمُؤْمِنِیْنَ(۸۸)
ترجمۂ
کنزالایمان: تو ہم نے اس کی پکار سن لی اورا سے غم سے نجات بخشی اور ایسی ہی نجات
دیں گے مسلمانوں کو۔(پ17،سورۃ الانبیاء:88)
یاد رہے
کہ حضرت یونس علیہ السلام کی دعا کے الفاظ مقبول دعائیہ کلمات میں سے ہیں۔
(6)حضرت یونس عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ
وَالسَّلَام کی دعامسلمانوں کے لیے بھی ہے:چنانچہ حدیث پاک میں ہے کہ:حضرت سعد
بن مالک رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے ،رسولُ اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا’’کیا میں تمہاری اللہ تعالیٰ
کے اس اسمِ اعظم کی طرف رہنمائی نہ کروں جس کے ساتھ جب بھی دعاکی جائے تو وہ قبول
ہوجائے اورجب سوال کیاجائے توعطاہوجائے، وہ حضرت یونس عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ
وَالسَّلَام کی دعا ’’لَاۤ اِلٰهَ اِلَّاۤ اَنْتَ
سُبْحٰنَكَ اِنِّیْ كُنْتُ مِنَ الظّٰلِمِیْنَ‘‘ ہے جو انہوں نے اندھیروں
میں تین بار کی تھی ۔ایک شخص نے عرض کی: یا رسولَ اللہ ! صَلَّی اللہ تَعَالٰی
عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، یہ حضرت یونس عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے
ساتھ خاص تھی یاتمام مسلمانوں کے لیے ہے ؟ آپ ﷺ نے ارشادفرمایا’’ کیاتم نے اللہ تعالیٰ کا یہ ارشادنہیں سنا’’وَ نَجَّیْنٰهُ مِنَ الْغَمِّؕ-وَ كَذٰلِكَ نُـْۨجِی الْمُؤْمِنِیْنَ‘‘اور اسے
غم سے نجات بخشی اور ہم ایمان والوں کو ایسے ہی نجات دیتے ہیں۔(مستدرک ، کتاب
الدعاء و التکبیر و التہلیل ۔۔۔ الخ ، ایّما مسلم دعا بدعوۃ یونس علیہ السلام ۔۔۔
الخ ، ۲ / ۱۸۳ ، الحدیث: ۱۹۰۸)
مراد یہ ہے کہ یہ دعا حضرت یونس عَلَیْہِ
الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے لیے خاص نہیں مسلمانوں کے لیے بھی ہے، جب وہ ان الفاظ
کے ساتھ دعامانگیں گے تو ان کی دعا بھی قبول ہو گی۔
Dawateislami