محمد
عمیر عرفان (درجہ سادسہ جامعۃ المدینہ فیضان
عثمان غنی ،کراچی،پاکستان)
حضرت یونس
علیہ السلام اللہ تعالیٰ کے برگزیدہ نبی اور رسول ہیں۔ آپ کا ذکر قرآنِ مجید میں
متعدد مقامات پر آیا ہے۔ آپ کو "ذوالنون" یعنی مچھلی والے کے لقب سے بھی
یاد کیا جاتا ہے۔ آپ کی زندگی ایمان، صبر، توبہ اور اللہ کی رحمت کا ایک روشن باب
ہے۔حضرت یونس علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ نے نینوٰی (موجودہ عراق) کے باشندوں کی
طرف نبی بنا کر بھیجا۔ یہ لوگ شرک اور گناہوں میں ڈوبے ہوئے تھے۔ آپ نے انہیں توحید
کی دعوت دی، لیکن قوم نے بار بار انکار کیا۔ آپ ان کی سرکشی سے دلبرداشتہ ہو کر
اللہ کے حکم کا انتظار کیے بغیر وہاں سے چل دیے۔
مچھلی کا واقعہ اور قرآنی بیان:جب حضرت یونس
علیہ السلام کشتی میں سوار ہوئے تو قرعہ اندازی میں آپ کا نام نکلا اور آپ کو
سمندر میں ڈال دیا گیا، جہاں ایک بڑی مچھلی نے آپ کو نگل لیا۔ اللہ تعالیٰ نے
قرآنِ مجید میں اس واقعے کو یوں بیان فرمایا:ترجمۂ کنزالایمان: پھر اسے مچھلی نے نگل لیا اور وہ اپنے آپ کو
ملامت کرتا تھا۔(سورۃ الصافات: 142)
مچھلی کے
پیٹ کی تاریکیوں میں آپ نے اللہ کو پکارا اور یہ مشہورِ زمانہ دعا پڑھی:
ترجمۂ
کنزالایمان: کوئی معبود نہیں سوا تیرے
پاکی ہے تجھ کو بیشک مجھ سے بے جا ہوا۔ (سورۃ
الانبیاء: 87)
اللہ کی رحمت اور قبولیتِ توبہ:اللہ تعالیٰ
نے آپ کی دعا قبول فرمائی اور مچھلی کو حکم دیا کہ آپ کو ساحل پر ڈال دے۔ ارشادِ
باری تعالیٰ ہے: ترجمۂ کنزالایمان: تو ہم نے اس کی پکار سن لی اورا سے غم سے نجات
بخشی اور ایسی ہی نجات دیں گے
مسلمانوں کو۔ (سورۃ الانبیاء: 88)
اللہ تعالیٰ
کے حکم سے مچھلی نے آپ کو ساحل پر ڈالا،
پھر اس جگہ ایک درخت (کدو کی بیل) اگائی جس سے آپ نے سایہ اور غذا حاصل کی۔ قرآنِ
کریم نے اس کا ذکر یوں کیا:
ترجمۂ
کنزالایمان: اور ہم نے اس پر کدو کا پیڑ
اگایا۔(سورۃ الصافات: 146)
قوم کی توبہ اور ایمان:جب حضرت یونس
علیہ السلام اپنی قوم سے چلے گئے تھے تو اللہ کے عذاب کے آثار دیکھ کر پوری قوم نے
توبہ کر لی۔ یہ تاریخ کا واحد واقعہ ہے جب ایک پوری قوم نے عذاب آنے سے پہلے ایمان
قبول کیا اور عذاب ٹل گیا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
ترجمۂ
کنزالایمان: تو ہوئی ہوتی نہ کوئی بستی کہ ایمان لاتی تو اس کا ایمان کام آتا ہاں
یونس کی قوم جب ایمان لائے ہم نے ان سے رسوائی کا عذاب دنیا کی زندگی میں ہٹادیا
اور ایک وقت تک انہیں برتنے دیا۔(سورۃ یونس: 98)
حضرت یونس
علیہ السلام کا قصہ ہمیں کئی عظیم سبق دیتا ہے۔ پہلا یہ کہ اللہ کی رحمت ہر جگہ سایہ
فگن ہے، حتیٰ کہ مچھلی کے پیٹ میں بھی۔ دوسرا یہ کہ سچی توبہ اور ذکرِ الٰہی انسان
کو ہر مصیبت سے نجات دیتا ہے۔ تیسرا یہ کہ اللہ کی بارگاہ میں دیر سے اٹھایا گیا
ہاتھ بھی خالی نہیں لوٹتا۔ آپ کا نام قرآنِ مجید میں چار مقامات پر آیا ہے اور آپ
کے نام پر پوری ایک سورت "سورۃ یونس" موجود ہے جو اس بات کی دلیل ہے کہ
آپ کا مقام اللہ کے نزدیک کتنا بلند ہے۔
Dawateislami