حق
تلفی کیا ہے؟ حق
تلفی یہ ہے کہ کسی دوسرے انسان کا حق دبانا، چھیننا یا ادا نہ کرنا۔ چاہے وہ مال
کا ہو، عزت کا ہو یا وقت کا، اسلام میں یہ سخت گناہ ہے۔
اللہ پاک قرآن
میں فرماتا ہے: یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تَاْكُلُوْۤا
اَمْوَالَكُمْ بَیْنَكُمْ بِالْبَاطِلِ (پ 5، النساء: 29) ترجمہ: اے ایمان والو! ایک دوسرے کے مال
ناحق نا کھاؤ۔
سرکارِ دو
عالم ﷺ نے فرمایا: مزدور کی مزدوری اس کے پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کرو۔ (ابن
ماجہ، 3/162، حدیث: 2443)
اور ایک اور
حدیث میں فرمایا: جس نے ایک بالشت زمین ظلم سے لی، قیامت کے دن اسے سات زمینوں کا
طوق پہنایا جائے گا۔ (بخاری، 2/129، حدیث: 2453)
حق
تلفی کی صورتیں: مزدور
کو پوری اجرت نہ دینا۔ ملازم سے زیادہ کام لے کر تنخواہ کم دینا۔ وراثت میں بہنوں
یا کمزوروں کا حق مارنا۔ لین دین میں دھوکہ دہی اور ناپ تول میں کمی۔ کسی کی زمین
یا جائیداد پر قبضہ کرنا۔ کسی کے مال یا عزت کو نقصان پہنچانا۔
حق
تلفی کے نقصان: اسلامی
بہنو! حق تلفی کا نقصان صرف دنیا میں نہیں بلکہ آخرت میں بھی ہے۔ دنیا میں بے
برکتی، پریشانی اور نااتفاقی ملتی ہے، جبکہ آخرت میں سخت حساب ہوگا
رسول اللہ ﷺ
نے فرمایا: قیامت کے دن سب سے پہلے خون کے بارے میں فیصلہ ہوگا اور پھر حقوق
العباد کے بارے میں۔
یعنی نماز،
روزہ، حج سب قبول ہوں گے لیکن اگر بندوں کا حق مارا تو قیامت کے دن نیکیاں دوسروں
کو دے دی جائیں گی، اور جب نیکیاں ختم ہو جائیں گی تو دوسروں کے گناہ اپنے ذمے لے
کر جہنم میں ڈال دیا جائے گا۔
جب لوگ ایک
دوسرے کے حقوق دبانے لگتے ہیں تو پورا معاشرہ بگڑ جاتا ہے۔ ناانصافی، جھگڑے، قتل و
غارت، بے برکتی اور نفرتیں بڑھ جاتی ہیں۔ ایک حدیث میں آیا ہے: تم سے پہلے قومیں
اسی وجہ سے ہلاک ہوئیں کہ وہ کمزوروں کا حق مار دیتی تھیں اور طاقتوروں کو چھوڑ
دیتی تھیں۔
حق
تلفی سے بچنے کے طریقے: ہر ایک کا حق خوش دلی سے ادا کریں۔ لین دین میں صاف
ستھرا اور ایماندار رویہ اپنائیں۔ ملازم و مزدور کو وقت پر اجرت دیں۔ وراثت میں حق
داروں کو ان کا پورا حق دیں۔ اگر کسی کا حق مارا ہے تو فوراً ادا کریں یا معافی
مانگیں۔
پیاری پیاری
اسلامی بہنو! حق تلفی ایک ایسا گناہ ہے جسے اللہ تعالیٰ تب تک معاف نہیں فرمائے گا
جب تک بندہ خود معاف نہ کر دے۔ اس لیے ہمیں آج ہی توبہ کرنی چاہیے اور جن کا حق
مارا ہے ان سے معافی مانگ کر ان کا حق ادا کرنا چاہیے۔
اللہ تعالیٰ
ہمیں دوسروں کے حقوق ادا کرنے، حلال کمانے اور آخرت میں کامیابی حاصل کرنے کی
توفیق عطا فرمائے۔ آمین
Dawateislami