کسی
مسلمان کو بُرائیوں میں مبتلا ہونا بلا شبہ بُرا ہے لیکن کسی پر گناہوں او ر
بُرائیوں کا الزام لگانا اس سے کہیں زیادہ بُرا ہے۔ ہمارے معاشرے میں جو برائیاں
ناسور کی طرح پھیل رہی ہیں ان میں سے ایک آفت بدکاری بھی ہے۔ چنانچہ اللہ پاک
فرماتا ہے: وَ لَا تَقْرَبُوا الزِّنٰۤى اِنَّهٗ كَانَ فَاحِشَةًؕ-وَ سَآءَ
سَبِیْلًا(۳۲) (پ15، بنی اسرائیل:32) ترجمہ
کنز الایمان: اور بدکاری کے پاس نہ جاؤ بےشک وہ بے حیائی ہے اور بہت ہی بُری راہ۔
حکم: زنا حرام اور کبیرہ گناہ ہے۔قرآن
مجید میں اس کی شدید مذمت بیان کی گئی ہے۔جس مرد و عورت سے زنا سرزد ہو جائے تو اس
کی حدیہ ہے کہ اسے سو کوڑے لگاؤ۔چنانچہ اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: اَلزَّانِیَةُ وَ الزَّانِیْ فَاجْلِدُوْا كُلَّ وَاحِدٍ
مِّنْهُمَا مِائَةَ جَلْدَةٍ۪- (پ 18، النور: 2) ترجمہ: جو
عورت بدکار ہو اور جو مرد تو ان میں ہر ایک کو سو کوڑے لگاؤ۔
احادیث مبارکہ:
حدیث نمبر 1: جب بندہ زنا کرتا ہے تو اُس سے ایمان
نکل کر سر پر سائبان کی طرح ہوجاتا ہے اور جب اس فعل سے جدا ہوتا ہے تو اُس کی طرف
ایمان لوٹ آتا ہے۔ (ترمذی،4/283،حدیث:2634)
حدیث نمبر 2: جس قوم میں زنا ظاہر ہوگا، وہ
قحط میں گرفتار ہوگی اور جس قوم میں رشوت کا ظہور ہوگا، وہ رعب میں گرفتار ہوگی۔ (مشکاۃ المصابیح،1/656،حدیث:3582)
حدیث نمبر 3:
جس بستی میں زنا اور سود ظاہر ہوجائے تو اُنہوں نے اپنے لیے اللہ پاک کے عذاب کو
حلال کرلیا۔ (مستدرک للحاکم، 2/339، حدیث:2308)
حدیث نمبر 4: نبیٔ کریم ﷺ نے اپنے صحابۂ
کرام علیہمُ الرّضوان سے ارشاد فرمایا زنا کے بارے میں تم کیا کہتے ہو؟ انہوں نے
عرض کی: زنا حرام ہے، اللہ پاک اور اس کے رسول ﷺ نے اُسے حرام کیا ہے اور وہ قیامت
تک حرام رہے گا۔ رسولُ اللہ ﷺنے ارشاد فرمایا: دس عورتوں کے ساتھ زنا کرنا اپنے
پڑوسی کی عورت کے ساتھ زنا کرنے (کے گناہ) سے ہلکا ہے۔(مسند امام حمد، 9/226،
حدیث: 23915)
بدکاری کے نقصانات: بدکاری کرنے والے کو معاشرے میں
بُرا اور بے حیائی کرنے والا کہا جاتا ہے۔ اس پر اعتماد نہیں کیا جاتا۔اسے جہنم
میں ڈالا جائے گا۔زنا کرنے والے کو دنیا میں بھی سزا دی جاتی ہے اور آخرت میں بھی
دی جائے گی۔زنا کوبدترین گناہ اور جرم قرار دیا گیا ہے۔اس کے دوسرے نقصانات بھی سامنے
آرہے ہیں۔ جس ملک میں زنا کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے وہیں ایڈز پھیلتا جا رہا
ہے۔یہ گویا دنیا میں عذاب الٰہی کی ایک صورت ہے۔
اللہ
پاک ہر مسلمان کو زنا جیسے گندے اور انتہائی مذموم فعل سے بچنے کی توفیق عطا
فرمائے۔ آمین