گناہ پر مدد کا حکم: گناہ
کے کام پر مدد کرنا گناہ کبیرہ ہے جس سے اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں منع فرمایا
ہے۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں ارشاد فرماتا ہے: وَ
تَعَاوَنُوْا عَلَى الْبِرِّ وَ التَّقْوٰى ۪-وَ لَا تَعَاوَنُوْا عَلَى الْاِثْمِ
وَ الْعُدْوَانِ۪- (پ 6، المائدۃ: 2) ترجمہ کنز العرفان: اور نیکی اور
پرہیزگاری پر ایک دوسرے کی مدد کرو اور گناہ اور زیادتی پر باہم مدد نہ کرو۔ اس آیت
مبارکہ کے تحت احکام القرآن للجصاص میں ہے: اس آیت مبارکہ میں اللہ تعالیٰ کی
نافرمانیوں پر کسی کی مدد کرنے سے منع کیا گیا ہے۔ (احکام القرآن للجصاص، 3/296)
محیط
برہانی میں ہے: گناہوں اور فسق و فجور کے کاموں پر مدد کرنا اور اس پر ابھارنا
کبیرہ گناہوں میں سے ہے۔ (محیط برہانی، 8/312)
اللہ قرآن پاک میں ارشاد فرماتا ہے: كَانُوْا لَا یَتَنَاهَوْنَ عَنْ مُّنْكَرٍ فَعَلُوْهُؕ-لَبِئْسَ مَا
كَانُوْا یَفْعَلُوْنَ(۷۹)
(پ 6، المائدۃ: 78) ترجمہ
کنز الایمان: جو بری بات کرتے آپس میں ایک دوسرے کو نہ روکتے ضرور بہت ہی برے کام
کرتے تھے۔
صدر الافاضل حضرت علامہ مولانا سید محمد نعیم الدین
مراد آبادی علیہ رحمۃ اللہ الہادی خزائن العرفان میں اس آیت مبارکہ کے تحت فرماتے
ہیں : آیت سے ثابت ہوا کہ نہی منکر یعنی برائی سے لوگوں کو روکنا واجب ہے اور بدی
کو منع کرنے سے باز رہنا سخت گناہ ہے۔ ترمذی شریف کی حدیث مبارکہ میں ہے کہ جب بنی
اسرائیل گناہوں میں مبتلا ہوئے تو ان کے علماء نے اوّل تو انہیں منع کیا جب وہ باز
نہ آئے تو پھر وہ علماء بھی ان سے مل گئے اور کھانے پینے، اٹھنے بیٹھنے میں ان کے
ساتھ شامل ہو گئے، ان کے اس عصیان و تعدّی کا یہ نتیجہ ہوا کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت
داؤد و حضرت عیسیٰ علیہما السّلام کی زبان سے ان پر لعنت اتاری۔ (باطنی بیماریوں
کی معلومات، ص 107، 108)
گناہ پر مدد کی صورتیں:
1- کسی کا حق مارنے میں دوسروں سے کسی بھی قسم کا
تعاون کرنا۔
2- رشوتیں لے کر فیصلے بدل دینا۔
3- ظالم و مجرم کے حق میں جھوٹی گواہی دینا۔
4- ظالم کے ظلم کرنے میں اسکی مدد کرنا اس کو روکنے
کی طاقت رکھنے کے باوجود مجرمانہ خاموشی اختیار کرنا۔
5- حرام و ناجائز کاروبار کرنے والی کمپنیوں یا
بینکوں میں کسی بھی طرح شریک ہونا۔
نیز آج کے دور میں سوشل میڈیا بھی گناہ پر مدد کرنے
کا سنگین زریعہ بنا ہوا ہے عوام الناس بے پردہ، فحاشی پھیلانے والی عورتوں اور
مردوں کی میوزیکل ویڈیو کلپس نا صرف دیکھتے بلکہ اسے دیکھنے کے بعد اپنی پسند کا
اظہار کرتے ہیں جس سے ان لوگوں کو حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ مالی تعاون بھی حاصل
ہوتا ہے۔
الله کریم
ہمیں دور پرفتن کے مہلک فتنوں سے محفوظ فرمائے، گناہوں سے بچنے اور نیک لوگوں کی
صحبت اختیار کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین