اسراف کی تعریف: جس
جگہ شرعاً عادتاً یا مروتا خرچ کرنا منع
ہو،مثلا فسق و فجور گناہ والی چیزوں پر خرچ کر نا اجنبی لوگوں پر ایسے خرچ کرنا کہ
اپنے اہل و عیال کو بےیار و مددگار چھوڑ دینا اسراف ہے۔ (باطنی بیماریوں کی
معلومات، ص301 تا 302)
وَ لَا تُسْرِفُوْاؕ-اِنَّهٗ لَا
یُحِبُّ الْمُسْرِفِیْنَۙ(۱۴۱)
(پ8، الانعام: 141) ترجمہ کنز الایمان: اور بے جا نہ خرچو بیشک بے جا خرچنے والے
اسے پسند نہیں۔
حضرت عبد اللہ بن عمر بن عاص رضی اللہ عنہما کہتے
ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کھاؤ اور پیو صدقہ و خیرات کرو اور پہنو ہر وہ لباس
جس میں فضول خرچی اور تکبر نہ ہو۔ (ابن ماجہ، 4/162، حدیث: 3605)
اسلام ہر شعبہ زندگی میں سادگی اعتدال اور میانہ
روی کی تلقین کرتا ہے فضول خرچی، عیش و عشرت، اور نمود و نمائش سے نہ صرف منع کرتا
ہے بلکہ اس کے شدید مذمت کرتا ہے۔ فضول خرچی کی نہ صرف مذمت کی گئی بلکہ سخت تنبیہ
کی گئی ہے اور ایسا کرنے والوں کو شیطان کا بھائی کہا گیا ہے۔
اسلام مال خرچ کرنے میں بھی اعتدال اور میانہ روی
کا درس دیتا ہے۔ اس کے علاوہ کھانے کے لیے سونے یا چاندی کے برتنوں کا استعمال
مردوں کے لیے ریشمی کپڑے شادی وغیرہ کے موقع پر خواتین کا بے جا اسراف سب فضول
خرچی کے زمرے میں آتے ہیں جو قطعا حرام ہے اور جن کی مذمت ہمیں نبی پاک ﷺ کی متعدد
احادیث مبارکہ سے بھی ملتی ہے۔
اسراف کی مختلف صورتیں:
شیخ طریقت امیر اہل سنت بانی دعوت اسلامی حضرت علامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس
عطار قادری رضوی ضیائی دامت برکاتہم العالیہ کی مایہ ناز تصنیف فیضان سنت پر ہے
مفسر شہیر حکیم الامت حضرت مفتی احمد یار خان رحمۃ اللہ علیہ تفسیر نعیمی میں
فرماتے ہیں : اسراف کی بہت تفسیریں ہیں: حلال چیزوں کو حرام جاننا۔ حرام چیزوں کو
استعمال کرنا۔ ضرورت سے زیادہ کھانا پینا یا پہننا۔ جو دل چاہے وہ کھا پی لینا۔ دن
رات میں بار بار کھاتے پیتے رہنا جس سے معدہ خراب ہو جائے بیمار پڑ جائیں۔ ہر وقت
کھانے پینے کے خیال میں رہنا کہ اب کیا کھاؤں گا آئندہ کیا پیوں گا۔ غفلت کے لیے
کھانا۔ گناہ کرنے کے لیے کھانا۔ اچھا کھانے پینے پہننے کا عادی بن جانا کبھی
معمولی چیز کھا پی نہ سکے۔ غرض یہ کہ اس لفظ میں بہت سے کام داخل ہیں۔ (تفسیر
نعیمی، 8/390)
اسراف اور فضول خرچی اگر شریعت کے خلاف ہو تو حرام
حرام ہے اور خلاف مروت ہو تو مکروہ تنزیہی ہے۔ (باطنی بیماریوں کی معلومات، ص 307)
اللہ کریم ہمیں اسراف سے بچنے اور نیکیاں کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین