دوسروں کے کام
میں بے جا مداخلت کرنا ایک انتہائی مذموم فعل ہے انسان فطرتاً تجسّس پسند ہوتا ہے
وہ دوسروں کے دینی و دنیاوی معاملات میں تجسس کا شکار ہوتا ہے یہ تجسّس جب مداخلت
کی صورت اختیار کر لے تو یہ انسان کی دنیاوی و اخروی زندگی دونوں کے لیے نقصان دہ
ہے دنیاوی لحاظ سے دوسروں کے معاملات میں بے جا مداخلت کرنا اس طرح نقصان دہ ہے کہ
جب ہم دوسروں کے گھریلو،مالی اور ذاتی معاملات میں بے جا مداخلت کریں گے تو اس سے
ہمارے رشتوں میں نفرتیں اور ناچاقیاں پیدا ہوں گی،دلوں میں ایک دوسرے کے لیے بغض و
کینہ ہوگا یہاں تک کہ یہ بغض و کینہ مذمت کی صورت اختیار کر لے گا اور یہ مذمت
دشمنی وعداوت کی صورت میں بدل جائے گی جبکہ دینی نقصان یہ ہے کہ انسان اللہ پاک کی
ناراضگی کا سبب بنتا ہے کیونکہ قرآن پاک اور احادیث مبارکہ میں سختی کے ساتھ بے جا
مداخلت کرنے سے منع فرمایا گیا ہے جیسا کہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ
اٰمَنُوا اجْتَنِبُوْا كَثِیْرًا مِّنَ الظَّنِّ٘-اِنَّ بَعْضَ الظَّنِّ اِثْمٌ وَّ
لَا تَجَسَّسُوْا (پ
26، الحجرات: 12) ترجمہ: اے ایمان والو! بہت گمانوں سے بچو، بے شک بعض گمان گناہ
ہوتے ہیں، اور عیب نہ ڈھونڈو۔
اس آیت مبارکہ
میں یہ حکم دیا گیا ہے کہ مسلمان کی عیب جوئی نہ کرو اور انکے پوشیدہ حال کی جستجو
میں نہ رہو جسے اللہ نے اپنی ستاری سے چھپایا ہے۔
اس آیت مبارکہ
میں دوسروں کے معاملات میں بے جا مداخلت کرنے اور ان کے پوشیدہ عیب تلاش کرنے سے
منع فرمایا گیا ہے کیونکہ اس سے انسان کا اپنا وقار ختم ہو جاتا ہے اور بسا اوقات
انسان کو بہت زیادہ شرمندگی کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے دوسروں کی زندگی میں مداخلت
کرنے والا کبھی خوش نہیں رہ سکتا کیونکہ وہ اپنا موازنہ ہمیشہ دوسروں سے کرتا ہے اور
بے سکونی اور بے چینی کا شکار ہو جاتا ہے وہ دوسروں کے معاملات میں مداخلت کرنے
میں اس قدر وقت ضائع کرتا ہے کہ اپنی اصلاح کو بھول جاتا ہے، جیسا کہ نبی کریم ﷺ نے
فرمایا: آدمی کے حسن اسلام میں سے ہے کہ وہ لا یعنی چیز کو ترک کردے۔(ترمذی، 4/
142، حدیث:2324)
لایعنی چیز سے
مراد جو چیز دین ودنیا کے کے کسی معاملے میں قول و فعل کے لحاظ سے کوئی فائدہ نہ
دے چنانچہ اس حدیث مبارکہ سے ہمیں یہ معلوم ہورہا ہے کہ دوسروں کے معاملات میں بے
جا مداخلت بھی لا یعنی چیزوں میں سے ہے کیونکہ یہ بھی انسان کو دنیا و آخرت کے
لحاظ سے کسی قسم کا فائدہ نہیں دیتی بلکہ دنیاوی و اخروی نقصانات کا باعث بنتی ہے
لہذا ہمیں چاہیے کہ دوسروں کے معاملات میں بے جا مداخلت کرنے کے بجائے اپنی اصلاح
کرنے،اپنے گھر والوں کی اصلاح کرنے،مسلمانوں کو نیکیوں کی طرف راغب کرنے اور ذکر
الہی میں مشغول رہنے کی کوشش کریں کیونکہ یہ چیز دنیا و آخرت دونوں کے لحاظ سے
فائدہ مند ہے۔
Dawateislami