مداخلت یا دوسروں کے معاملات میں بےجا دخل اندازی ایک ایسا عمل ہے جو نہ صرف معاشرتی ناہمواریاں کو جنم دیتا ہے بلکہ اسلامی تعلیمات کے بھی خلاف ہے۔ قرآن اور حدیث میں واضح طور پر انسانوں کو انفرادی حقوق اور ذاتی امور کی حفاظت کی تاکید کی گئی ہے۔ اللہ تعالی نے ہر انسان کو اپنی زندگی گزارنے کی آزادی دی ہے۔ اور دوسروں کے معاملے میں بے جا دخل اندازی اس آزادی کی خلاف ورزی ہے۔ قرآن کریم کی تعلیمات میں انسانوں کو احترام،عدل اور مساوات کے ساتھ پیش آنے کا حکم دیا گیا ہے۔کسی کے معاملات میں بے جا مداخلت اس اصول کی نفی کرتا ہے۔اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کے پارہ 15 کی سورۃ بنی اسرائیل (اسراء)میں ارشاد فرمایا: وَ لَا تَقْفُ مَا لَیْسَ لَكَ بِهٖ عِلْمٌؕ-اِنَّ السَّمْعَ وَ الْبَصَرَ وَ الْفُؤَادَ كُلُّ اُولٰٓىٕكَ كَانَ عَنْهُ مَسْـٴُـوْلًا (۳۶) (پ 15، بنی اسرائیل: 36) ترجمہ کنز الایمان: اور اس بات کے پیچھے نہ پڑ جس کا تجھے علم نہیں بےشک کان اور آنکھ اور دل ان سب سے سوال ہونا ہے۔

مداخلت کے معاشرتی اثرات: اسلامی معاشرہ احسان عدل اور بھائی چارے پر مبنی ہے۔اگر کوئی دوسروں کے معاملے میں بے جا مداخلت کرتا ہے تو یہ معاشرتی توازن کو بگاڑ دیتا ہے۔بےجا مداخلت سے لوگوں کے دلوں میں ایک دوسرے کے خلاف بغض پیدا ہوتا ہے۔رشتے خراب ہوتے ہیں اور معاشرتی ناہمواریاں جنم لیتی ہیں۔دوسروں کے معاملات میں مداخلت بعض اوقات جھگڑوں اور اختلافات کا سبب بھی بنتی ہے۔جو معاشرے میں فساد کا باعث بن سکتا ہے۔اسلام ہمیں دوسروں کی مدد اور خیر خواہی کی ترغیب دیتا ہے۔لیکن یہ خیر خواہی اس وقت ہونی چاہیے جس وقت ضرورت ہو اور جب دوسرے فرد نے مدد کی درخواست کی ہو۔

نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: خادمِ رسول ابو حمزہ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی پاک ﷺ نے ارشاد فرمایا: تم میں سے کوئی اس وقت تک (کامل) ایمان والا نہیں ہوسکتا جب تک کہ اپنے (مسلمان)بھائی کے لئے بھی وہی چیز پسند نہ کرے جووہ اپنے لئے پسند کرتا ہے۔ (بخاری، 1/16، حدیث:13)

یہ حدیث ہمیں اس بات کی تاکید کرتی ہے کہ دوسروں کے ساتھ بھلائی اور خیر خواہی سے پیش آنا چاہیے۔لیکن اس بھلائی کے لیے حدود کا خیال رکھنا ضروری ہے۔مدد اور خیر خواہی کا معنی یہ نہیں کہ دوسروں کے معاملات میں بنا اجازت دخل دیا جائے۔

دیگر احادیث نبوی ﷺ میں بھی اس موضوع پر واضح ہدایات موجود ہیں۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسولُ اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: آدمی کے اسلام کی خوبی میں سے یہ بھی ہے کہ وہ بے فائدہ کاموں کو چھوڑ دے۔ (ترمذی، 4/ 142، حدیث:2324)

یہ حدیث مسلمانوں کے لیے واضح رہنمائی فراہم کرتی ہے۔اگر کوئی معاملہ آپ سے متعلق نہیں تو اسے چھوڑ دو یعنی اس معاملے میں مداخلت نہ کرو۔رسول اللہ کے اس فرمان میں حکمت یہ ہے کہ جب انسان دوسروں کے معاملات میں دخل اندازی کرتے ہیں تو وہ فتنہ بغض اور ناچاکی کا سبب بنتے ہیں۔

مداخلت اور آج کا معاشرہ: موجودہ دور میں مداخلت کے بہت سے مسائل درپیش ہیں۔ سوشل میڈیا اور دیگر موصلاتی ذرائع سے لوگ دوسروں کی ذاتی زندگیوں میں بلا وجہ دخل دیتے ہیں۔اسلام ہمیں اس بات کی تاکید کرتا ہے کہ ہم ایک دوسرے کی ذاتی معاملات کی عزت کریں اور بنا وجہ کسی کے معاملات میں دخل اندازی کرنے سے گریز کریں۔ بےجا مداخلت کے کئی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ جو فرد معاشرت اور رشتوں پر براہِ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔کچھ نتائج درج ذیل ہیں:

رشتوں میں خرابی: جب کوئی شخص دوسرے کے معاملات میں بے جا مداخلت کرتا ہے تو اس سے رشتوں میں تناؤ اور اختلافات پیدا ہوتے ہیں۔اور بعض اوقات غیر ضروری مداخلت غلط فہمیاں اور دوریاں پیدا کرتی ہیں۔ جو رشتوں کو نقصان پہنچانے کا سبب بنتی ہے۔

اعتماد کی کمی: دوسروں کے معاملات میں بے جا مداخلت سے ایک دوسرے میں اعتماد کم ہو جاتا ہے کیونکہ جب بار بار بغیر کسی وجہ کے دوسروں کے معاملات میں دخل اندازی کریں گے تو وہ شخص آپ سے دور رہنے لگتا ہے۔

ذہنی تناؤ: مداخلت کرنے سے نہ صرف جس شخص کے معاملات میں دخل دیا جاتا ہے وہ متاثر ہوتا ہے۔بلکہ مداخلت کرنے والے کے لیے بھی ذہنی دباؤ بڑھتا ہے۔لوگوں کے معاملات میں بے جا مداخلت کرنا بلا وجہ کی فکری پریشانی کا سبب بن سکتا ہے۔

وقت کا ضیاع: دوسروں کے معاملات میں مداخلت کرنے والے اکثر اپنے وقت اور توانائی کو ضائع کر دیتے ہیں۔کیونکہ وہ اپنے معاملات اور ذمہ داریوں کی بجائے دوسروں کے معاملات کی فکر میں لگے رہتے ہیں۔

بےجا مداخلت سے بچنے کے فوائد: بےجا مداخلت سے بچنے اور دوسروں کی آزادی اور حقوق کا احترام کرنے سے نہ صرف افراد کو فائدہ حاصل ہوتا ہے بلکہ معاشرتی ہم آہنگی اور محبت کا ماحول قائم رہتا ہے اور انسان بغیر کسی فکر اور ذہنی دباؤ کے اپنی زندگی خوشحال طریقے سے گزارتا ہے۔قرآن پاک اور حدیث طیبہ کی روشنی میں بھی مداخلت ایک ایسا عمل ہے جس کی مذمت بیان کی گئی ہے بلکہ اس سے بچنے کی تلقین بھی کی گئی ہے۔ہر انسان کو اپنی ذاتی زندگی میں فیصلے کرنے کا حق حاصل ہے ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے معاشرے میں دوسروں کے حقوق کا خاص خیال رکھیں معاشرے میں محبت،بھائی چارے اور احترام کو فروغ دیں۔معاشرے کی ہر فرد کے حقوق کا تحفظ کریں۔اسی میں معاشرتی بھلائی اور اسلامی اصولوں کی پیروی کا درس ملتا ہے۔