حسن
رضا عطّاری(درجہ رابعہ جامعۃ المدینہ عطار منزل آفندی ٹاون، حیدرآباد،پاکستان)
مہلکات میں سے ایک مہلک بدعہدی (یعنی عہد شکنی ، وعدہ
پورا نہ کرنا )ہے، اور یہ خطرناک مہلک ہے جس کو کرنا حرام اور جہنم میں لے جانے
والا کام ہے جبکہ اس کا برعکس یعنی وعدہ پورا کرنا ہر مسلمان پر لازم ہے۔ قرآن
کریم اور احادیث مبارکہ میں بدعہدی کی مذمت بیان کی گئی ہے۔
بدعہدی کی تعریف:معاہدہ کرنے کے بعد اس
کی خلاف ورزی کرناغدر یعنی بدعہدی کہلاتاہے۔(باطنی بیماریوں کی معلومات،صفحہ۱۷۰)
(1) فَاَعْقَبَهُمْ نِفَاقًا فِیْ قُلُوْبِهِمْ اِلٰى یَوْمِ
یَلْقَوْنَهٗ بِمَاۤ اَخْلَفُوا اللّٰهَ مَا وَعَدُوْهُ وَ بِمَا كَانُوْا
یَكْذِبُوْنَ(۷۷)
ترجمۂ کنزُالعِرفان: تو اللہ نے انجام کے طور پر اس دن
تک کے لئے ان کے دلوں میں منافقت ڈال دی جس دن وہ اس سے ملیں گے کیونکہ انہوں نے
اللہ سے وعدہ کرکے وعدہ خلافی کی اور جھوٹ بولتے رہے۔ (پارہ 10 ، سورۃ توبہ ،
آیت:77)
امام فخر الدین رازی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں کہ اس آیت سے ثابت ہوتا ہے کہ عہد شکنی اور
وعدہ خلافی سے نفاق پیدا ہوتا ہے تو مسلمان پر لازم ہے کہ ان باتوں سے اِحتراز
کرے اور عہد پورا کرنے اور وعدہ وفا کرنے میں پوری کوشش کرے۔(تفسیرکبیر، التوبۃ،
تحت الآیۃ: ۷۷، ۶/ ۱۰۸-۱۰۹)
(2) اَلَّذِیْنَ عٰهَدْتَّ مِنْهُمْ ثُمَّ
یَنْقُضُوْنَ عَهْدَهُمْ فِیْ كُلِّ مَرَّةٍ وَّ هُمْ لَا یَتَّقُوْنَ(۵۶)
ترجمہ کنز الایمان : وہ جن سے تم نے معاہدہ کیا تھا پھر ہر بار
اپنا عہد توڑ دیتے ہیں اور ڈرتے نہیں۔(پارہ 10 ، سورۃ انفال ، آیت:۵۶)
صدر الافاضل حضرتِ علامہ مولانا سید محمد نعیم الدین
مراد آبادی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْہَادِی ’’خزائن العرفان‘‘
میں اس آیت مبارکہ کے تحت فرماتے ہیں :وہ نہ
خدا سے ڈرتے ہیں نہ عہد شکنی کے خراب نتیجے سے اور نہ اس سے شرماتے ہیں حالانکہ
عہد شکنی ہر عقلمند کے نزدیک شرمناک جرم ہے اور عہد شکنی کرنے والا سب کے نزدیک
بے اعتبار ہوجاتا ہے جب ان کی بے غیرتی اس درجہ تک پہنچ گئی تو یقیناً وہ جانوروں
سے بدتر ہیں۔
(3)
وَ
اِمَّا تَخَافَنَّ مِنْ قَوْمٍ خِیَانَةً فَانْۢبِذْ اِلَیْهِمْ عَلٰى
سَوَآءٍؕ-اِنَّ اللّٰهَ لَا یُحِبُّ الْخَآىٕنِیْنَ۠(۵۸)
ترجمہ کنز العرفان : اور اگر تمہیں کسی قوم سے عہد شکنی
کا اندیشہ ہوتو ان کا عہد ان کی طرف اس طرح پھینک دو کہ (دونوں علم میں ) برابر
ہوں بیشک اللہ خیانت کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔(پارہ 10 ، سورۃ انفال ، آیت:۵۸)
اس آیت سے واضح ہو اکہ دینِ اسلام میں عہد سے متعلق
دی گئی تعلیم انتہائی شاندار ہے اور کفار سے کئے ہوئے عہد کا بھی اسلام میں بہت
لحاظ رکھا گیا ہے۔(صراط الجنان، جلد : 4، صفحہ : 10)
قارئین کرام! دیکھا آپ نے کہ بدعہدی سے نفاق پیدا ہوتا
ہے اور یہ ہر عقلمند کے نزدیک بھی شرمناک جرم ہے ۔ اور ان کے علاوہ بھی یہ اور کئی
بری چیزوں کے لیے سبب ہے۔ اللہ پاک ہمیں ایسی مہلک بیماری سے بچنے کی توفیق عطا
فرمائے اور اس سے ہماری حفاظت فرمائے۔ آمین
Dawateislami