وعدہ خلافی کی تعریف: وعدہ کرتے وقت ہی نیت یہ ہو کہ جو کہہ رہا ہوں وہ نہیں کروں گا تو یہ وعدہ خلافی ہے، معاہدہ کرنے کے بعد اس کی خلاف ورزی کرنا بد عہدی کہلاتا ہے۔

یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اَوْفُوْا بِالْعُقُوْدِ ترجمہ کنز العرفان:اے ایمان والو!تمام عہد پورے کیا کرو۔ (پ 6، المائدۃ: 1)

وَ اَوْفُوْا بِالْعَهْدِۚ-اِنَّ الْعَهْدَ كَانَ مَسْـٴُـوْلًا (۳۴) ترجمہ کنز الایمان: اور عہد پورا کرو بےشک عہد سے سوال ہونا ہے۔ (پ 15، بنی اسرائیل: 34)

اِنَّ شَرَّ الدَّوَآبِّ عِنْدَ اللّٰهِ الَّذِیْنَ كَفَرُوْا فَهُمْ لَا یُؤْمِنُوْنَۖۚ(۵۵) اَلَّذِیْنَ عٰهَدْتَّ مِنْهُمْ ثُمَّ یَنْقُضُوْنَ عَهْدَهُمْ فِیْ كُلِّ مَرَّةٍ وَّ هُمْ لَا یَتَّقُوْنَ(۵۶)

ترجمہ کنز الایمان: بے شک سب جانوروں میں بدتر اللہ کے نزدیک وہ ہیں جنہوں نے کفر کیا اور ایمان نہیں لاتے وہ جن سے تم نے معاہدہ کیا تھا پھر ہر بار اپنا عہد توڑ دیتے ہیں اور ڈرتے نہیں۔ (پ 10، الانفال: 55،56)

(1)جو مسلمان عہد شکنی اور وعدہ خلافی کرے اس پر اللہ اور فرشتوں اور تمام انسانوں کی لعنت اور اس کا نہ کوئی فرض قبول ہوگا نہ نفل۔(بخاری، 2/370، حدیث: 3179)

(2) وعدہ قرض کی مثل ہے بلکہ اس سے بھی سخت تر ہے۔ (موسوعۃ ابن ابی الدنیا، 7/267، حدیث: 457)

اللہ پاک نے اپنی کتاب عزیز میں حضرت اسماعیل علیہ السلام کی تعریف کرتے ہوئے ارشاد فرمایا: -اِنَّهٗ كَانَ صَادِقَ الْوَعْدِ ترجمہ کنز العرفان: بے شک وہ وعدے کا سچا تھا۔(مریم: 54)

(3) تین عادتیں ایسی ہیں کہ جس شخص میں ہوں وہ منافق ہے اگرچہ روزہ رکھے، نماز پڑھے اور یہ گمان کرے کہ وہ مسلمان ہے: بات کرے تو جھوٹ بولے، وعدہ کرے تو پورا نہ کرے، امانت رکھوائی جائے تو خیانت کرے۔(الاحسان بترتیب صحیح ابن حبان، 1/237، حدیث: 257)

بد عہدی کا حکم: عہد کی پاسداری کرنا ہر مسلمان پر لازم ہے اور غدر یعنی بد عہدی کرنا حرام اور جہنم میں لے جانے والا کام ہے۔

وعدہ خلافی کے نقصانات: وعدہ خلافی کی بہت سی وعیدیں اوپر احادیث اور آیات مبارکہ میں بیان کی گئی ہیں، جیسا کہ آیت مبارکہ میں بھی بیان کیا گیا کہ جو شخص وعدہ خلافی کرتا ہے یعنی وعدہ کرنے کے بعد اسے توڑ دیتا ہے تو وہ شخص سب جانوروں سے بد تر ہے اور یہ ظاہر و باطن مرض (وعدہ خلافی) ہمارے معاشرے میں بھی بہت پھیلا ہوا ہے اور اخروی نقصانات کے ساتھ ساتھ اس کے دنیوی بھی بہت نقصانات ہیں جن میں سے کچھ یہ ہیں: لوگ وعدہ خلافی کرنے والے شخص کی بات پر اعتماد نہیں کرتے، جو شخص وعدہ خلافی کرتا ہے لوگوں میں اپنی عزت و وقار کھو بیٹھتا ہے، وعدہ خلافی کرنے والے شخص کے مال میں برکت زائل ہوتی چلی جاتی ہے۔

اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہم سب مسلمانوں کو بد عہدی جیسے موذی مرض سے نجات عطا فرمائے اور کبھی بھی کوئی مسلمان کسی دوسرے مسلمان کے ساتھ بد عہدی نہ کرے اور ہمارے دل و دماغ اور ذہنوں سے دنیا اور اس کے ساز و سامان کی محبت کو نکال دے۔ آمین