موبائل کا حد سے زیادہ استعمال آج کے زمانے کا ایک سنگین مسئلہ ہے۔بچے گھنٹوں گیمز اور سوشل میڈیا میں لگے رہتے ہیں جس سے نہ صرف ان کی تعلیم متاثر ہوتی ہے بلکہ صحت،اخلاق اور دینی ذوق بھی برباد ہو رہا ہے۔اللہ پاک نے انسان کو بہترین مقصد کے لیے پیدا فرمایا ہے نہ کہ فضول مشاغل میں عمر ضائع کرنے کے لیے۔قرآنِ کریم میں ارشاد ہے:اَفَحَسِبْتُمْ اَنَّمَا خَلَقْنٰكُمْ عَبَثًا (پ18،المؤمنون:115)ترجمہ: تو کیا یہ سمجھتے ہو کہ ہم نے تمہیں بیکار بنایا۔

بچوں کو موبائل کا عادی بنانا ان کی زندگی کو مقصد سے ہٹانا ہے۔

موبائل کے نقصانات

1:تعلیم میں کمزوری

2:نماز اور دینی فرائض میں غفلت

3: آنکھوں اور صحت کے مسائل

4:وقت کا ضیاع اور والدین سے دوری

بچوں کو بچانے کے اسلامی طریقے

1: نیک صحبت دینا:

اولیائےکرام فرماتے ہیں:صحبت انسان کو بنانے یا بگاڑنے میں سب سے بڑا کردار ادا کرتی ہے۔بچوں کو نیک دوست،مدرسہ اور مسجد کی صحبت ملے تو وہ موبائل سے دور رہیں گے۔

2: اسلامی قصے اور واقعات سنانا:

والدین اپنے بچوں کو صحابہ کرام اور بزرگانِ دین کی کہانیاں سنائیں تاکہ ان کے دل میں نیکی کا شوق پیدا ہو۔

3:وقت مقرر کرنا:

بچوں کے لیے نماز،تعلیم اور کھیل کے لیے وقت مقرر کیا جائے تاکہ ان کے پاس موبائل کے لیے وقت نہ بچے۔

4:والدین کا نمونہ بننا:

اگر والدین خود موبائل میں ڈوبے رہیں گے تو بچے کیسے بچیں گے؟ والدین جب خود قرآن کی تلاوت اور ذکر و اذکار میں وقت گزاریں گے تو بچے بھی ویسے ہی عمل کریں گے۔

لہٰذا بچوں کو سکھانا ضروری ہے کہ موبائل کا فضول استعمال ایمان کے لائق نہیں۔

رسولِ کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا:آدمی کی اسلام کی خوبیوں میں سے ایک یہ ہے کہ وہ کام چھوڑ دے جو اسے نفع نہ دے۔(ترمذی،4/ 142،حدیث 2324)

بچوں کو موبائل فون سے بچانے کے لیے:

بچوں کو موبائل فون کی عادت سے بچانے کے لیے سب سے پہلے گھر میں اصول بنائیے کہ کھانے،سونے اور پڑھائی کے اوقات میں موبائل فون استعمال نہیں ہو گا۔موبائل فون بیڈ روم کے بجائے مشترکہ جگہ پر رکھیےتاکہ بچے اس پر قابو نہ پا سکیں۔والدین کو چاہیے کہ بچوں کو نیک مشغلے میں لگائیں تاکہ برے مشغلے کی طرف ان کا میلان نہ ہو۔

والدین کے لیے نصیحت :

بچوں کو موبائل سے نجات دلانا ایک مشکل نہیں بلکہ ممکن کام ہے۔بشرطیکہ والدین صبر،محبت اور حکمت کے ساتھ تربیت کریں۔اسلام نے ہر حال میں میانہ روی اور فضولیات سے بچنے کی تعلیم دی ہے۔

دعا:

اے اللہ!ہمیں اور ہماری نسلوں کو موبائل اور ہر فضول مشغلے کے شر سے بچا اور اپنی عبادت اور نیک اعمال میں مشغول فرما۔آمین