بچوں کو موبائل سے دور رکھنے کے طریقے:ایک جائزہ :

آج کے جدید دور میں موبائل فون ہماری زندگی کا ایک اہم حصہ بن چکا ہے۔لیکن جب بچے اس کا بے تحاشہ استعمال شروع کردیں تو یہ والدین کے لیے ایک پریشان کن صورتحال بن جاتی ہے۔بچوں کو موبائل کی لت سے بچانا ایک مشکل لیکن ضروری کام ہے۔اس مضمون میں ہم اس مسئلے کے حل پر غور کریں گی۔

1. والدین کا اپنا رویہ درست کرنا:

بچے جو دیکھتے ہیں وہی سیکھتے ہیں۔اگر والدین خود ہر وقت فون استعمال کرتے رہیں گے تو بچے بھی اس کی طرف راغب ہوں گے۔اس لیے بچوں کے سامنے اپنے فون کے استعمال کو محدود کریں اور انہیں صحت مند عادتوں کی مثال دیجیے۔

2. وقت کا تعین اور حدود مقرر کرنا:

بچوں کے لیے روزانہ موبائل استعمال کرنے کا ایک مخصوص وقت مقرر کیجیے۔کھانے کے وقت اور سونے سے پہلے فون کے استعمال کو سختی سے منع کیجیے۔جب یہ قواعد مستقل طور پر نافذ کیے جائیں گے تو بچے ان کے عادی ہو جائیں گے۔

3.تخلیقی سرگرمیوں کو فروغ دینا:

بچوں کو مصروف رکھنے کے لیے دوسرے تفریحی اور تخلیقی کاموں کی حوصلہ افزائی کیجیے۔انہیں آرٹ،کرافٹ،پینٹنگ جیسی سرگرمیوں میں شامل کیجئے۔اس سے ان کی تخلیقی صلاحیتیں بھی بڑھیں گی اور وہ موبائل سے بھی دور رہیں گے۔

4. گھر سے باہر کی سرگرمیوں کو فروغ دینا:

کھیل کود بچوں کی جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے بہت ضروری ہیں۔انہیں باغ بانی،پالتو جانوروں کے ساتھ کھیلنے یا پارک لے جانے جیسی سرگرمیوں میں مشغول کیجیے۔ اس سے ان کی جسمانی سرگرمی بھی بڑھے گی اور موبائل سے توجہ بھی ہٹے گی۔

5. بچوں سے بات چیت اور تعلق بڑھانا:

بچوں سے بات چیت اور ان کے ساتھ وقت گزارنا بھی اہم ہے۔ان کومستند اسلامی کہانیاں سنائیے یا پڑھنے کی عادت ڈالیے۔جب بچے اپنے والدین کے ساتھ وقت گزارنے سے لطف اندوز ہوں گے تو موبائل کا استعمال خود ہی کم ہو جائے گا۔

6. ٹیکنالوجی کا مثبت استعمال:

موبائل کو صرف تفریح کے لیے استعمال کرنے کے بجائے اس کے تعلیمی فوائد بھی بتائیے۔بچوں کو تعلیمی ایپس اور معلوماتی پروگرامز سے متعارف کروائیے تاکہ وہ اسے ایک مفید آلے کے طور پر دیکھ سکیں۔

خلاصہ:

بچوں کو موبائل کی لت سے نجات دلانا کوئی آسان کام نہیں۔لیکن والدین کی مستقل کوششوں،تخلیقی سرگرمیوں اور باہمی تعلقات کی مضبوطی سے اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ یہ صرف موبائل سے دور رکھنے کا معاملہ نہیں بلکہ ان کی مجموعی صحت اور بہترین مستقبل کے لیے ایک اہم قدم ہے۔