آج کے دور میں موبائل فون جہاں دینی معاملات میں معاون ہے  وہیں ایک فتنہ بھی ہے۔ایک دور تھا جب گھر کے صرف ایک فرد کے پاس موبائل ہوتا تھا لیکن آج موبائل گھر کے ہر ہر فرد کے ہاتھوں کی زینت بنا ہوا ہے۔بڑے تو بڑے بچوں کی بھی موبائل فون میں دلچسپی بڑھتی جا رہی ہے اور یہ بچوں کی اخلاقی،ذہنی،جسمانی اور روحانی زندگی پر نہایت منفی اثرات مرتب کر رہا ہے۔یہی وجہ ہے کہ آج کل کے دور کا سب سے بڑا سوال یہی ہے کہ ہم اپنی اولاد کو موبائل کے قید خانے سے کیسے آزاد کریں ؟ذیل میں چند طریقے بیان کیے جا رہے ہیں جس سے بچوں کو موبائل فون سے کافی حد تک دور رکھا جا سکتا ہے:

متبادل فراہم کیجئے:

اولاد کو محض موبائل سے روک دینا کافی نہیں ہے بلکہ انہیں کچھ مثبت مشاغل دینا بھی ضروری ہیں۔جیسے:دینی کہانیاں سنانا ،کھیلوں اور جسمانی سرگرمیوں میں شریک کروانا، خاندان کے ساتھ وقت گزارنا،اچھی کتابوں کی عادت ڈالنا وغیرہ۔

اپنا کردار مثالی بنائیے:

والدین کے لیے ضروری ہے کہ وہ خود بھی موبائل کا استعمال کم سے کم کریں کیونکہ اگر والدین خود ہر وقت موبائل استعمال کرتے رہیں گے تو بچوں کو روکنا مشکل ہوجائے گا۔

وقت کی قدر سکھائیے:

اپنے بچوں کو وقت کی قدر سکھائیےکہ حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ حضور نبی کریم،رؤف رحیم ﷺ نے اِرشاد فرمایا: تندرستی اورفراغت دو نعمتیں ایسی ہیں کہ اکثر لوگ اُن کی وجہ سے خسارہ اٹھاتے ہیں یا ان سے دھوکا کھاتے ہیں۔ (بخاری،4‏/222،حدیث:6412)لہٰذا ان کے ذہن میں یہ بات راسخ کر دیں کہ اگر بچپن کا وقت ضائع ہو گیا تو مستقبل میں پچھتاوے کے سوا کچھ ہاتھ نہ آئے گا۔

دین سے جوڑیے:

بچوں کو نماز،قرآن،اذکار اور دینی محافل سے جوڑیے،جب بچوں کے صاف ستھرے دل اللہ پاک کی یاد سے آباد اور منور ہوں گے تو فضول مشاغل خود بخود کم ہو جائیں گے۔

بچوں سے اپنا تعلق مضبوط کریے:

شام یا رات کو گھر میں اجتماعی بیٹھک،گپ شپ اور خاندان کے ساتھ وقت گزارنے کا ماحول بنائیے،دوستانہ انداز میں بچوں سے اُن کی دن بھر کی مصروفیات کے متعلق پوچھیے اور وقتاً فوقتاً حکمتِ عملی سے اُن کی اصلاح کیجیے۔

ان سب باتوں پر عمل کے ساتھ یہ بات بھی ذہن نشین رہے کہ بچوں کو موبائل سے دور رکھنے کے لیے ڈانٹ ڈپٹ سے زیادہ محبت،حکمت اور مثبت ماحول کی ضرورت ہے۔ اگر والدین آج محنت کریں تو کل یہی بچے ان کے لیے صدقۂ جاریہ بنیں گے۔اللہ کریم ہماری نسلوں کو موبائل کے فتنوں سے محفوظ فرما کر نیک راہ پر گامزن فرمائے۔آمین