خیانت کی تعریف : اجازت شرعیہ کے بغیر کسی کی امانت میں تصرف کرنا خیانت کہلاتا ہے۔ (عمدۃالقاری ٫کتاب الایمان )

خیانت امانت کی ضد ہے اور خیانت خَانَ یَخُونُوْ سے ماخوذ جس کا لغوی معنی خیانت کرنا ،بے ایمانی کرنا، کمی کرنا ہے ۔ اللہ عزوجل قرآن پاک میں ارشاد فرماتا ہے:(1) یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تَخُوْنُوا اللّٰهَ وَ الرَّسُوْلَ وَ تَخُوْنُوْۤا اَمٰنٰتِكُمْ وَ اَنْتُمْ تَعْلَمُوْنَ(۲۷) ترجمہ کنز الایمان: اے ایمان والو اللہ و رسول سے دغانہ کرو اور نہ اپنی امانتوں میں دانستہ خیانت۔ (انفال:27)

صراط الجنان:لَا تَخُوْنُوا اللّٰهَ وَ الرَّسُوْلَ:اللہ اور رسول سے خیانت نہ کرو۔ فرائض چھوڑ دینا اللہ تعالیٰ سے خیانت کرنا ہے اور سنت کو ترک کرنا رسولُ اللہ ﷺ سے خیانت کرنا ہے۔ (خازن، الانفال، تحت الآیۃ: ۲۷، ۲)

(2) وَ اِنْ یُّرِیْدُوْا خِیَانَتَكَ فَقَدْ خَانُوا اللّٰهَ مِنْ قَبْلُ فَاَمْكَنَ مِنْهُمْؕ-وَ اللّٰهُ عَلِیْمٌ حَكِیْمٌ(۷۱)

ترجمہ کنز الایمان: اور اے محبوب اگر وہ تم سے دغا چاہیں گے تو اس سے پہلے اللہ ہی کی خیانت کرچکے ہیں جس پر اس نے اتنے تمہارے قابو میں دےدئیے اور اللہ جاننے والا حکمت والا ہے۔(انفال:71)

اس آیت مبارکہ سے ہمیں معلوم ہوا کہ خیانت کرنا کفار کا کام ہے ۔

حدیث مبارکہ: حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: 3 باتیں ایسی ہیں کے جس میں پائی جائیں منافق ہوگا اگر چہ نماز روزے کا پابند ہی کیوں نہ ہو (1) جب بات کرے تو جھوٹ بولے (2) جب وعدہ کرے تو خلاف ورزی کرے (3) جب امانت اسکے سپرد کی جاۓ تو خیانت کرے۔(مسلم ، کتاب الایمان ،باب بیان خصال المنافق)

خیانت کا حکم: خیانت کرنا حرام اور جہنم میں لے جانے والا کام ہے ۔

خیانت کے اسباب: خیانت کے سبب درج ذیل ہیں (1) خیانت کا پہلا سبب "بد نیتی"ہےجس طرح آچھی نیت اخلاق و کردار کے لیے شفاء کا درجہ رکھتی ہے اسی طرح بد نیتی بندے کے اعمال کو برباد کر دیتی ہے ۔ (2) دوسرا سبب " دھوکہ دینے کی عادت ۔(3) تیسرا سبب " توکل علی اللہ کی کمی"کیوں کہ بندہ کمزور عقیدے کی بنا پر سمجھتا ہے کہ خیانت کا راستہ اختیار کرنے میں ہی میری کامیابی ہے ۔(4) چوتھا سبب " نفسانی خواہشات کی تکمیل" ۔(5) پانچواں سبب "مسلمانوں کو نقصان دینے کی عادت" ۔ (6) چھٹا سبب "بری صحبت" کیونکہ انسان اپنے ارد گرد کی ہرخامی و خوبی قبول کر لیتا ہے جسکا اثر اسکے ذاتی کردار پر ہوتا ہے۔

خیانت کی مختلف اقسام ہیں جن میں سے تین کے نام درج ذیل ہیں : "خیانت والدین" یہ خیانت والدین کا حکم نہ ماننے کے سبب ہوتی ہے ۔ "خیانت راز " یہ خیانت راز فاش کرنے کے سبب ہوتی ہے۔ "خیانت امانت" یہ خیانت امانت میں میں خیانت کرنے کے سبب ہوتی ہے ۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے ہمیں خیانت جیسے گناہ سے محفوظ فرمائے آمین ۔