اسلام ایک کامل ضابطۂ حیات ہے جو فرد، معاشرہ اور ریاست، تینوں کی اصلاح کرتا ہے۔ اس دین کی بنیادی اقدار میں امانت کو مرکزی حیثیت حاصل ہے جبکہ خیانت کو سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ خیانت محض مالی بددیانتی کا نام نہیں بلکہ ہر وہ عمل جو اعتماد کو ٹھیس پہنچائے خیانت کے دائرے میں آتا ہے۔ قرآنِ مجید نے خیانت کی شدید مذمت فرمائی ہے کیونکہ یہ انسان کے اخلاق، معاشرے کے امن اور ریاست کے استحکام کو تباہ کر دیتی ہے۔

خیانت کا مفہوم:خیانت کے لغوی معنی ہیں: امانت میں بددیانتی کرنا۔شرعی اصطلاح میں خیانت ہر اس قول و فعل کو کہتے ہیں جو اللہ عزوجل، رسول اللہ ﷺ یا بندوں کے ساتھ کیے گئے عہد کے خلاف ہو۔

قرآن کریم میں ارشاد باری تعالیٰ ہے:یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تَخُوْنُوا اللّٰهَ وَ الرَّسُوْلَ وَ تَخُوْنُوْۤا اَمٰنٰتِكُمْ وَ اَنْتُمْ تَعْلَمُوْنَ(۲۷)ترجمہ کنز الایمان: اے ایمان والو اللہ و رسول سے دغانہ کرو اور نہ اپنی امانتوں میں دانستہ خیانت۔ (الانفال:27)

اللہ پاک خیانت کرنے والے کو پسند نہیں کرتا اس بارے میں سورۃ النساء میں ہے:اِنَّ اللّٰهَ لَا یُحِبُّ مَنْ كَانَ خَوَّانًا اَثِیْمًاۚۙ(۱۰۷) ترجمہ کنز العرفان: بیشک اللہ پسند نہیں کرتا اُسے جو بہت خیانت کرنے والا، بڑا گناہگار ہو۔ (النساء:107)

اور حدیث پاک میں خیانت کرنے والے کو منافق کہا گیا ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ چار باتیں جس میں ہوں وہ خالص منافق ہے اور جس کے اندر ان میں سے کوئی ایک ہو تو اس میں نفاق کا ایک حصہ ہے یہاں تک کہ اسے چھوڑ دے (1)جب اسے امانت سپرد کی جائے تو خیانت کرے۔(2)جب بات کرے تو جھوٹ بولے۔(3) جب وعدہ کرے تو خلاف ورزی کرے۔(4)جب جھگڑا کرے تو گالیاں بکے۔(بخاری، کتاب الایمان، باب علامۃ المنافق، ج1 ص201 حدیث: 34 )

آیت مبارکہ اس بات کو واضح کرتی ہے کہ خیانت اللہ عزوجل کی ناراضی کا سبب ہے اور حدیث مبارکہ خیانت کی اخلاقی قباحت کو بیان کرتی ہے حتیٰ کہ خیانت کرنے والے کو منافق کہہ گیا۔لیکن افسوس آج ایک بڑی تعداد ہے جو اس برے کام میں مبتلا نظر آتی ہے۔ کرپشن، رشوت، ٹیکس میں چوری، امتحانات میں نقل، جعلی ڈگریاں اور سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلانا وغیرہ کتنے ہی ایسے کام ہیں جن میں خیانت کی جارہی ہے۔ایک مسلمان کے لیے امین ہونا اس کے اخلاقی فرائض کا حصہ ہے اور اگر ہم ایک پرامن اور ترقی یافتہ معاشرہ چاہتے ہیں تو ہمیں خیانت سے مکمل اجتناب اور امانت داری کو شعار بنانا ہوگا۔