خیانت ایک ایسا اخلاقی مرض ہے جو فرد کی شخصیت ہی نہیں بلکہ پورے معاشرے کو کھوکھلا کر دیتا ہے یہ امانت کے برعکس صفت ہے جب انسان کسی کے اعتماد کو ٹھیس پہنچاتا ہے وعدہ توڑتا ہے یا دی گئی ذمہ داری میں بددیانتی کرتا ہے تو وہ صرف ایک فرد کے ساتھ نہیں بلکہ پورے نظامِ اعتماد کے ساتھ خیانت کرتا ہے تاریخ گواہ ہے کہ جن قوموں میں خیانت عام ہو گئی وہاں عدل امن اور ترقی دم توڑ گئی اسی لیے اسلام نے خیانت کو کبیرہ گناہوں میں شمار کیا اور امانت داری کو کامیابی کی بنیاد قرار دیا ایک صالح اور مضبوط معاشرہ اسی وقت وجود میں آ سکتا ہے جب اس کی بنیاد سچائی دیانت اور امانت پر رکھی جائے نہ کہ خیانت اور دھوکے پر آئیے خیانت کی مذمت کے متعلق کچھ آیت مبارکہ ملاحظہ فرماتے ہیں۔

(1) وَ لَا تُجَادِلْ عَنِ الَّذِیْنَ یَخْتَانُوْنَ اَنْفُسَهُمْؕ -اِنَّ اللّٰهَ لَا یُحِبُّ مَنْ كَانَ خَوَّانًا اَثِیْمًاۚۙ(۱۰۷)

ترجمہ کنز الایمان: اور ان کی طرف سے نہ جھگڑو جو اپنی جانوں کو خیانت میں ڈالتے ہیں بے شک اللہ نہیں چاہتا کسی بڑے دغا باز گنہگار کو۔ (پارہ 5،سورۃ النساء،آیت107)

(2) ذٰلِكَ لِیَعْلَمَ اَنِّیْ لَمْ اَخُنْهُ بِالْغَیْبِ وَ اَنَّ اللّٰهَ لَا یَهْدِیْ كَیْدَ الْخَآىٕنِیْنَ(۵۲)

ترجمہ کنز الایمان: یوسف نے کہا یہ میں نے اس لیے کیا کہ عزیز کو معلوم ہوجائے کہ میں نے پیٹھ پیچھے اس کی خیانت نہ کی اور اللہ دغا بازوں کا مکر نہیں چلنے دیتا۔ (پارہ 12،سورۃ یوسف ،آیت 52)

(3) وَ اِنْ یُّرِیْدُوْا خِیَانَتَكَ فَقَدْ خَانُوا اللّٰهَ مِنْ قَبْلُ فَاَمْكَنَ مِنْهُمْؕ-وَ اللّٰهُ عَلِیْمٌ حَكِیْمٌ(۷۱)

ترجمہ کنز الایمان: اور اے محبوب اگر وہ تم سے دغا چاہیں گے تو اس سے پہلے اللہ ہی کی خیانت کرچکے ہیں جس پر اس نے اتنے تمہارے قابو میں دےدئیے اور اللہ جاننے والا حکمت والا ہے۔ (پارہ 10،سورۃ الانفال ، آیت71)

(4) یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تَخُوْنُوا اللّٰهَ وَ الرَّسُوْلَ وَ تَخُوْنُوْۤا اَمٰنٰتِكُمْ وَ اَنْتُمْ تَعْلَمُوْنَ(۲۷)

ترجمہ کنز الایمان: اے ایمان والو اللہ و رسول سے دغانہ کرو اور نہ اپنی امانتوں میں دانستہ خیانت۔ (پارہ 10،سورۃ الانفال،آیۃ نمبر27)

خیانت قرآن و سنت کی روشنی میں ایک سنگین اخلاقی جرم اور ایمان کے منافی عمل ہے جو فرد کے کردار اور معاشرے کے اعتماد کو تباہ کر دیتا ہے اسلام انسان کو امانت دیانت اور عدل کا پابند بناتا ہے اور ہر قسم کی خیانت سے سختی سے روکتا ہے کامیابی اسی میں ہے کہ مسلمان ہر حال میں امانت دار رہے حق کا ساتھ دے اور خیانت کے ہر راستے سے خود کو محفوظ رکھے اللہ پاک ہمیں خیانت سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔