کسی بھی معاشرے کی خوبصورتی میں جن اقدار کاا ہم کردار ہوتا ہے ان میں سے ایک امانت و دیانت بھی ہے اس لیے ہر دور اور ہر معاشرے میں خواہ اس کا تعلق کسی بھی مذہب اور تہذیب سے ہو امانت داری کو پسند کیا گیا ہے جس کی ایک مثال یہ ہے کہ گزشتہ قوموں کے پاس جب اللہ تعالی کے رسول  احکام پہنچانے جاتے تو ان کے سامنے اپنی شان امانت داری کو بطور خاص بیان کرتے۔ دین اسلام میں امانت داری کو خاص مقام عطا کیا گیا۔

( 1 ) خیانت کرنے والوں کو اللہ پاک پسند نہیں فرماتا :وَ لَا تُجَادِلْ عَنِ الَّذِیْنَ یَخْتَانُوْنَ اَنْفُسَهُمْؕ - اِنَّ اللّٰهَ لَا یُحِبُّ مَنْ كَانَ خَوَّانًا اَثِیْمًاۚۙ(۱۰۷) ترجمہ کنز الایمان: اور ان کی طرف سے نہ جھگڑو جو اپنی جانوں کو خیانت میں ڈالتے ہیں بے شک اللہ نہیں چاہتا کسی بڑے دغا باز گنہگار کو۔ ( سورۃ النساء آیت نمبر 107)

( 2 ) آنکھوں کی خیانت کیا ہے:یَعْلَمُ خَآىٕنَةَ الْاَعْیُنِ وَ مَا تُخْفِی الصُّدُوْرُ(۱۹) ترجمہ کنز العرفان: اللہ آنکھوں کی خیانت کوجانتا ہے اوراسے بھی جو سینے چھپاتے ہیں۔ (سورۃ المؤمن آیت نمبر 19 )

تفسیر صراط الجنان:یَعْلَمُ خَآىٕنَةَ الْاَعْیُنِ: اللہ آنکھوں کی خیانت کوجانتا ہے۔ آنکھوں کی خیانت سے مراد چوری چھپے نا مَحْرَم عورت کو دیکھنا اور ممنوعات پر نظر ڈالنا ہے اور سینوں میں چھپی چیز سے مراد عورت کے حسن و جمال کے بارے میں سوچنا ہے،یہ سب چیزیں اگرچہ دوسرے لوگوں کو معلوم نہ ہوں لیکن انہیں اللہ تعالیٰ جانتا ہے۔

( 3 ) اللہ اور رسول سے خیانت نہ کرو:یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تَخُوْنُوا اللّٰهَ وَ الرَّسُوْلَ وَ تَخُوْنُوْۤا اَمٰنٰتِكُمْ وَ اَنْتُمْ تَعْلَمُوْنَ(۲۷) ترجمہ کنز العرفان: اے ایمان والو! اللہ اور رسول سے خیانت نہ کرو اور نہ جان بوجھ کر اپنی امانتوں میں خیانت کرو۔ (سورۃ الانفال آیت نمبر 27 )

تفسیر صراط الجنان:لَا تَخُوْنُوا اللّٰهَ وَ الرَّسُوْلَ:اللہ اور رسول سے خیانت نہ کرو۔ فرائض چھوڑ دینا اللہ تعالیٰ سے خیانت کرنا ہے اور سنت کو ترک کرنا رسولُ اللہ ص ﷺ سے خیانت کرنا ہے۔

( 4 ) خیانت سے بچنا انبیاء کرام علیہم الصلوۃ والسلام کی سنت مبارکہ ہیں:ذٰلِكَ لِیَعْلَمَ اَنِّیْ لَمْ اَخُنْهُ بِالْغَیْبِ وَ اَنَّ اللّٰهَ لَا یَهْدِیْ كَیْدَ الْخَآىٕنِیْنَ(۵۲)ترجمہ کنزالعرفان: یوسف نے فرمایا: یہ میں نے اس لیے کیا تاکہ عزیز کو معلوم ہوجائے کہ میں نے اس کی عدمِ موجودگی میں کوئی خیانت نہیں کی اور اللہ خیانت کرنے والوں کا مکر نہیں چلنے دیتا۔ (سورۃ یوسف آیت نمبر 52)

پیارے پیارے اسلام بھائیو !خیانت کبیرہ گناہوں میں سے گناہ ہے اللہ پاک سے دعا ہے اللہ پاک ہم سب کو خیانت جیسے کبیرہ گناہ سے محفوظ فرمائے اللہ پاک ہم سب کو بھی نیکی کی دعوت دینے کی توفیق عطا فرمائے۔

آمین بجاہ خاتم النبیین صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم