فی زمانہ اسلامی تعلیمات پر مجموعی طور پر عمل کمزور ہونے کی وجہ سے اخلاقی و معاشرتی برائیاں اتنی عام ہو گئی ہیں کہ لوگوں کی اکثریت ان کو برا سمجھنے کو بھی تیار نہیں انہیں میں سے ایک برائی خیانت بھی ہے یہ ایسا بد ترین گناہ ہے کہ اسے منافق کی علامت قرار دیا گیا ہے۔

عام طور پر خیانت کا مفہوم مالی امانت کے ساتھ خاص سمجھا جاتا ہے کہ کسی کہ پاس مال امانت رکھوایا پھر اس نے واپس کرنے سے انکار کر دیا تو کہا جاتا ہے کہ اس نے خیانت کی یقینا یہ بھی خیانت ہے لیکن خیانت کا شرعی مفہوم بڑا وسیع ہے خیانت صرف مال ہی میں نہیں ہوتی بلکہ راز، عزت، مشورے، تمام میں ہوتی ہے۔ (مراۃ المناجیح، 1/212)

مشورے کے معنی ہیں کسی معاملے میں کسی سے رائے دریافت کرنا۔ کام کسی بھی نوعیت کا ہو اسے کرنے کے لیے کسی سے مشورہ کرنا بہت مفید ہے اللہ پاک نے اپنے نبی ﷺ کو صائب الرائے ( یعنی درست رائے والا ) ہونے کے باوجود صحابہ کرام سے مشورہ لینے کا حکم فرمایا: وَ  شَاوِرْهُمْ  فِی  الْاَمْرِۚ- ( پ 4، آل عمران:159 ) ترجمہ: اور کاموں میں ان سے مشورہ لو۔ یعنی اہم کاموں میں ان سے مشورہ بھی لیتے رہیں کیونکہ اس میں ان کی دل جوئی بھی ہے عزت افزائی بھی اور یہ فائدہ بھی کہ مشورہ کرنا سنت ہو جائے گا اور آئندہ امت اس سے فائدہ اٹھاتی رہے گی۔

مشورہ کس سے کیا جائے؟ ہر کسی سے مشورہ لینا دانشمندی نہیں اور نہ ہر کوئی ہر معاملے میں درست مشورہ دینے کا اہل ہوتا ہے چنانچہ کوئی بھی شخص گاڑی کے ٹائروں کے بارے میں کسی ڈاکٹر سے مشورہ نہیں کرے گا اور نہ کپڑے کے تاجر سے سونے کے زیورات کے بارے میں مشورہ کرے گا علی ھذا القیاس۔ چنانچہ مشورہ ایسے لوگوں سے کیجیے جو تجربہ کار، عقلمند، تقوی والے خیر خواہ ہوں بے غرض ہوں اس کے فوائد آپ خود دیکھیں گے۔

غلط مشورہ نہ دیجیے: جس سے مشورہ کیا جائے اسکا حق ہے کہ وہ درست مشورہ دے اگر درست مشورہ دینے کی قدرت نہیں رکھتا تو خاموش رہے لیکن غلط مشورہ نہ دے ایسا نہ ہو کہ اس کا ایک غلط مشورہ سامنے والے کے لیے وبال جان بن جائے اور غلط مشورہ دینے والا خائن یعنی خیانت کرنے والا ہوتا ہے جیسا کہ حدیث پاک میں ہے: جو اپنے بھائی کو جان بوجھ کر غلط مشورہ دے تو اس نے اپنے بھائی کے ساتھ خیانت کی۔ (ابو داود، 3/449، حدیث: 3657)

اسی طرح ایک اور مقام پر پیارے آقا ﷺ نے ارشاد فرمایا: اگر کوئی مسلمان کسی سے مشورہ حاصل کرے اور وہ دانستہ غلط مشورہ دے تاکہ وہ مصیبت میں گرفتار ہو جائے تو وہ مشیر ( مشورہ دینے والا ) پکا خائن ہے۔ (مراۃ المناجیح، 1/212)

اللہ پاک ہمیں مسلمانوں سے خیرخواہی کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین