بچوں
کی موبائل سے جان کیسے چھڑائیں؟ از بنتِ شبیر احمد،فتح شیر کالونی ساہیوال
جہاں
موبائل فون دورِ حاضر کی اہم ضروریات ہے وہاں اس کے استعمال میں فوائد و نقصان کو
مدِّ نظر رکھنا بے حد ضروری ہے۔موبائل فون کا غلط استعمال یا ضرورت سے زیادہ
استعمال نہ قابلِ تلافی نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔ایک ریسرچ کے مطابق بچے موبائل
کے اس قدر عادی ہو چکے ہیں کہ دو ہزار بچے دن میں کم از کم چار گھنٹے موبائل فون
کا استعمال ضرور کرتے ہیں۔بچوں کی یہ بری عادت دور کرنے کے لیے درج ذیل وجوہات پر
غور کرنا چاہیے۔
بچوں کو موبائل فون دینے کی وجوہات پر غور کیجیے:
ان وجوہات پر تحقیق کرنے سے سامنے آتا ہے کہ
والدین اپنے کام کاج میں مصروفیت کے باعث اور بچوں کی بوریت دور کرنے کے لیے بچوں
کو کھیلوں اور دیگر سرگرمیوں میں مصروف کرنے کی بجائے موبائل فون جیسا زہر تھما دیتے
ہیں جسے ماہرین نے ڈیجیٹل زہر کا نام بھی
دیا ہے۔
گھر کا ماحول:
گھر کے
ماحول،رہن سہن وغیرہ پر خاص توجہ دیجئے کہ کہیں گھر کا ماحول بچے میں چڑچڑا پن اور
ذہنی دباؤ کا باعث تو نہیں بن رہا جس سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے بچہ موبائل فون
کا استعمال کرنے کی طرف مائل ہوتا ہو!
اصول بنائیے:
اصول
بات کو پختہ کرنے اور اس پر عمل کروانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔لہٰذا ایسے
اصول گھر میں نافذ کیجئے کہ جو گھر کے
ماحول کو پرسکون رکھیں تاکہ بچہ موبائل فون کی طرف کم سےکم متوجہ ہو اور بچے کے
موبائل فون استعمال کرنے پر بھی اصول بنائیے اور اس پر عمل در آمد کروائیے اور
نہ عمل کرنے پر کوئی معمولی سی سزا مقرر کیجیے
جیسے جیب خرچ(Pocket Money )کا نہ دینا وغیرہ۔
خود مثال بنئے:
بچوں کی
موبائل فون کی عادت چھڑانے کے لئے خود مثال بنیے اور موبائل فون کا استعمال کم سے کم کیجیے۔ اگر کوئی ضروری کام ہو تو بچوں کے سامنے موبائل استعمال نہ کیجئے۔
موبائل فون کے نقصانات سے آگاہ کیجیے:
بچوں
کو موبائل فون کے نقصانات سے آگاہی فراہم کیجیے کہ یہ نظر کی کمزوری ،پڑھائی اور
معاشی سرگرمیوں میں عدم دلچسپی کا باعث بن سکتا ہے۔
بعض
بچے موبائل کے زیادہ استعمال کی وجہ سے اس کی Addiction کا شکار نظر آتے ہیں۔اس بری عادت کی وجہ سے
جب بچوں کو منع کیا جائے تو بات ماننے کی بجائے غصّے اور چڑچڑے پن کا مظاہرہ کرتے
ہیں۔ایسے بچوں کو موبائل فون سے آہستہ آہستہ دور کیجئےاور استعمال کے وقت خیال رکھیے
کہ موبائل فون سے گناہوں بھرے پروگرام نہ دیکھیں۔
ایسے بچوں کو موبائل سے دور رکھنے کا ایک طریقہ یہ
بھی ہے کہ انہیں چند ضروری اور دلچسپ چیزوں کا لالچ دیجئے جیسے اگر وہ آج صرف ایک
گھنٹہ موبائل استعمال کریں تو انعام میں انہیں کوئی ان کی پسندیدہ چیز تحفۃً ملے گی۔
Dawateislami