آج کے جدید دور میں موبائل فون ہماری زندگی کا ایک اہم حصہ بن چکا ہے۔لیکن جب بات بچوں کی آتی ہے تو یہی سہولت ایک بڑی پریشانی کا باعث بن جاتی ہے۔بچوں کی موبائل سے بڑھتی ہوئی دلچسپی نہ صرف ان کی صحت اور تعلیم کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ ان کی ذہنی اور سماجی نشوونما کو بھی متاثر کرتی ہے۔والدین کے لیے یہ ایک بڑا چیلنج ہے کہ وہ کس طرح اپنے بچوں کو اسکرین کے استعمال سے بچائیں۔اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم نہ صرف کچھ اصول بنائیں بلکہ انہیں عملی طور پر بھی اپنائیں۔موبائل فون کی دنیا سے باہر بھی بچوں کے لیے ایک خوبصورت اور دلچسپ دنیا موجود ہے جسے دریافت کرنا والدین کے لیے بہت ضروری ہے۔چنانچہ اس حوالے سے یہاں کچھ اہم نکات بیان کیے جاتے ہیں:

بچوں کے ساتھ وقت گزاریے:

y بچوں کے ساتھ وقت گزارنے سے ان کے ذہن میں یہ خیال پیدا ہو گا کہ انہیں موبائل سے زیادہ آپ کی ضرورت ہے۔

y ایک ساتھ کھانا کھائیے یا گھر کے چھوٹے موٹے کاموں میں ان کی مدد لیجیے۔

y ان کے اسکول کے کاموں میں دلچسپی لیجیے اور ان کی کامیابیوں پر ان کی تعریف کیجیے۔

حدیثِ مبارک میں ہے:اپنے اولاد کو 3 باتیں سکھاؤ:اپنے نبی کی محبت،اہل ِ بیت کی محبت اور قراءتِ قرآن ۔(صحابیات وصالحات کے اعلی اوصاف،ص109 )

ذاتی مثال قائم کیجیے:

f بچوں کے سامنے خود موبائل کا کم سے کم استعمال کیجیے۔جب وہ دیکھیں گے کہ آپ خود موبائل کا زیادہ استعمال نہیں کر رہے تو وہ بھی اس میں آپ کی نقل کریں گے ۔

f خود کھانے کے وقت اور فیملی کے ساتھ بیٹھے ہوئے موبائل کا استعمال مت کیجیے۔ بلکہ ان کے ساتھ وقت گزاریے۔

متبادل سرگرمیوں کو فروغ دیجئے:

موبائل فون کا بہترین متبادل یہ ہے کہ بچوں کو ایسی سرگرمیاں کروائی جائیں جن سے وہ لطف اندوز ہوں،مثلاً:

1) بچوں کے ساتھ کتابیں پڑھیے یا کوئی دلچسپ کھیل کھیلیے۔

2) بچوں کو گھر کے باہر لے جا کر کھیل کود،سائیکلنگ یا واکنگ کے لیے حوصلہ دیجیے۔

3) بچوں کو ڈرائنگ،پینٹنگ یا دوسرے تخلیقی کاموں میں مصروف رکھیے۔

اسکرین ٹائم کے قوانین بنائیے:

1) دن میں صرف ایک سے دو گھنٹے اسکرین ٹائم کی اجازت دیجیے۔

2) رات کو سونے سے ایک گھنٹہ پہلے موبائل فون کا استعمال بالکل بند کروا دیجیے۔

3) کھانے کے وقت موبائل فون کے استعمال سے گریز کیجیے۔

اسکرین ٹائم کے دوران موبائل کا استعمال:

اگر بچوں کو اسکرین ٹائم کے دوران موبائل دیا جائے تو بہتر ہے کہ ان کی ان سرگرمیوں میں شریک ہوں اور ان کے ساتھ بیٹھیے،انہیں بتائیے کہ کیا چیز ان کے لیے فائدہ مند ہے اور کیا نقصان دہ ہے۔

بچوں کو اسکرین سے پیدا ہونے والے نقصانات کے بارے میں بتائیے:

بچوں کو یہ بات سمجھائیے کہ موبائل فون کے زیادہ استعمال سے صحت کو کس طرح کے خطرات لاحق ہو سکتے ہیں جیسے نظر کمزور ہو سکتی ہے یا نفسیاتی مسائل ہو سکتے ہیں وغیرہ۔

اس کے علاوہ یہ بھی ضروری ہے کہ آپ بچوں کو موبائل فون سے دور کرنے کی کوشش میں ان پر دباؤ مت ڈالیے تاکہ انہیں یہ نہ لگے کہ آپ ان سے ناراض ہیں بلکہ انہیں بتائیے کہ آپ ان کی بھلائی چاہتی ہیں۔

مثبت رویہ اپنائیے:

بچوں کو سختی سے روکنے کے بجائے ان سے پیار اور نرمی سے بات کیجیے،انہیں سمجھائیے کہ موبائل فون کا زیادہ استعمال ان کے لیے کیوں نقصان دہ ہے۔ان کے ساتھ مل کر اسکرین ٹائم کی منصوبہ بندی کیجئے اور اس پر عمل در آمد بھی یقینی بنائیے۔

یہ بات ذہن میں رکھنا بہت ضروری ہے کہ بچوں کو موبائل سے دور رکھنا ایک مسلسل عمل ہے جس کے لیے صبر اور مستقل مزاجی کی ضرورت ہوتی ہے۔والدین کو ایک ایسا ماحول بنانا چاہیے جہاں بچے موبائل کے بجائے دوسرے صحت مند مشاغل میں دلچسپی لیں۔یاد رکھیے!آپ کی توجہ،پیار اور وقت وہ سب سے قیمتی تحفہ ہے جو آپ اپنے بچوں کو دے سکتے ہیں اور یہ تحفہ کسی بھی موبائل یا اسکرین کی لت سے کہیں زیادہ اہم ہے۔