محمد حنظلہ حنیف (درجہ خاصہ جامعۃ
المدینہ فیضان عثمان غنی، کراچی،پاکستان )
واٹس ایپ نمبر: 03137964708
دنیا میں بے شمار شخصیات گزری ہیں جنہوں نے تاریخ پر
اپنے نقوش چھوڑے، مگر جس ہستی کی زندگی ہر
دور کے انسان کے لیے مکمل ضابطۂ حیات بن کر سامنے آئی وہ
ہیں حضرت محمد ﷺ۔ آپ ﷺ کی مبارک زندگی کو سیرت کہا جاتا ہے، اور اس سیرت کا مطالعہ
ہر مسلمان بلکہ ہر انسان کے لیے بے حد ضروری اور باعثِ سعادت ہے۔ سیرتِ نبوی دراصل
قرآنِ مجید کی عملی تفسیر ہے، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے قرآن میں جن احکامات، اخلاقیات
اور اصولوں کا ذکر فرمایا، ان کا مکمل نمونہ ہمیں رسول اکرم ﷺ کی زندگی میں ملتا
ہے۔
مطالعۂ سیرت کی پہلی اور سب سے بڑی اہمیت یہ ہے کہ یہ
ہمیں ایمان کی مضبوطی عطا کرتا ہے۔ جب ہم نبی کریم ﷺ کی جدوجہد، صبر، استقامت اور
اللہ پر کامل توکل کے واقعات پڑھتے ہیں تو ہمارے دلوں میں ایمان کی حرارت پیدا ہوتی
ہے۔ مکہ مکرمہ میں تیرہ برس تک کی گئی دعوت، طائف کی آزمائشیں، شعبِ ابی طالب کی
سختیاں اور پھر مدینہ منورہ میں اسلامی ریاست کا قیام یہ سب واقعات ہمیں سکھاتے ہیں
کہ مشکلات وقتی ہوتی ہیں، مگر حق کا راستہ ہمیشہ کامیابی کی طرف لے جاتا ہے۔قرآنِ
کریم میں اللہ تعالیٰ نے صاف الفاظ میں ارشاد فرمایا:لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِیْ رَسُوْلِ اللّٰهِ اُسْوَةٌ
حَسَنَةٌ ترجمہ کنز الایمان: بےشک تمہیں رسول اللہ کی پیروی بہتر
ہے۔ (سورۃ الاحزاب: 21)
اس آیت سے واضح
ہوتا ہے کہ سیرت کا مطالعہ محض تاریخی معلومات حاصل کرنا نہیں بلکہ اپنی زندگی کو
سنوارنے کا ذریعہ ہے۔ عبادات ہوں یا معاملات، گھر کا نظام ہو یا معاشرتی تعلقات ہر
میدان میں ہمیں سیرتِ نبوی سے رہنمائی ملتی ہے۔مطالعۂ سیرت کی ایک اور اہمیت
اخلاقی تربیت ہے۔
آپ ﷺ کی زندگی عفو و درگزر، حلم و بردباری، عدل و انصاف
اور رحم و کرم کا حسین نمونہ ہے۔ فتحِ مکہ کے موقع پر جب آپ ﷺ کے پاس بدلہ لینے کا
مکمل اختیار تھا، تب بھی آپ ﷺ نے اپنے دشمنوں کو معاف فرما دیا۔ یہ واقعہ ہمیں
سکھاتا ہے کہ حقیقی طاقت انتقام میں نہیں بلکہ معافی میں ہے۔
آج کا نوجوان مختلف فکری اور اخلاقی چیلنجز کا سامنا کر
رہا ہے۔ مغربی تہذیب کی یلغار، سوشل میڈیا کے اثرات اور مادیت پرستی نے ذہنی
انتشار پیدا کر دیا ہے۔ ایسے ماحول میں سیرتِ نبوی ایک روشن چراغ کی مانند ہے جو
ہمیں اعتدال، پاکیزگی اور مقصدیت کا راستہ دکھاتی ہے۔ اگر نوجوان سیرت کا گہرا
مطالعہ کریں تو وہ جان لیں گے کہ کامیابی محض دولت یا شہرت کا نام نہیں بلکہ کردار
کی بلندی کا نام ہے۔
مطالعۂ سیرت ہمیں اتحاد اور بھائی چارے کا درس بھی دیتا
ہے۔ مدینہ میں مہاجرین اور انصار کے درمیان قائم کی گئی مواخات انسانی تاریخ کی عظیم
مثال ہے۔ اس سے ہمیں سبق ملتا ہے کہ ایک مضبوط معاشرہ محبت، ایثار اور عدل کی بنیاد
پر قائم ہوتا ہے۔ اگر ہم اپنی اجتماعی زندگی میں سیرت کے اصول اپنالیں تو بہت سے
معاشرتی مسائل خود بخود حل ہو سکتے ہیں۔آخر میں یہ بات ذہن نشین رہنی چاہیے کہ سیرت
کا مطالعہ محض کتابوں تک محدود نہ رہے بلکہ عملی زندگی کا حصہ بنے۔ روزمرہ معاملات
میں دیانت، سچائی، وعدے کی پابندی اور دوسروں کے حقوق کی ادائیگی یہ سب سیرت کے
عملی تقاضے ہیں۔ جب ہم نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو اپنی زندگی میں نافذ کریں گے تو
نہ صرف ہماری انفرادی زندگی سنورے گی بلکہ معاشرہ بھی امن و سکون کا گہوارہ بن
جائے گا۔اللہ تعالیٰ ہمیں سیرتِ طیبہ کو سمجھنے، اس پر عمل کرنے اور اسے دوسروں تک
پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
Dawateislami