محمد
عمیر عرفان (درجہ عالیہ جامعۃ المدینہ فیضان عثمان غنی، کراچی ،پاکستان )
واٹس ایپ نمبر: 03441364042
اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو نہ صرف عبادات بلکہ
اخلاق، معاشرت اور زندگی گزارنے کے اصول بھی بتاتا ہے۔ دینِ اسلام نے ہر مسلمان کے
لیے نبی کریم ﷺ کی سیرت کو عملی نمونہ قرار دیا ہے۔ سیرتِ طیبہ کا مطالعہ کرنا ہر
فرد کے لیے انتہائی ضروری ہے کیونکہ یہ نہ صرف ہماری شخصیت کو سنوارتا ہے بلکہ
ہمارے معاشرے کو بھی بہتر بناتا ہے۔ قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِیْ
رَسُوْلِ اللّٰهِ اُسْوَةٌ حَسَنَةٌ ترجمہ کنز الایمان: بےشک تمہیں رسول اللہ کی پیروی
بہتر ہے۔ (سورۃ الاحزاب: 21)
یہ آیت واضح کرتی ہے کہ کامیاب اور کامیاب زندگی گزارنے
کے لیے ہمیں حضور ﷺ کی زندگی سے رہنمائی لینی چاہیے۔ آپ ﷺ کی زندگی کا ہر پہلو
ہمارے لیے سبق آموز ہے۔ آپ ﷺ نے اپنی زندگی میں صبر، شکر، عدل، امانت اور رحم دلی
کو ہمیشہ اپنایا۔ یہی خصوصیات ایک انسان کو اعلیٰ اخلاقی معیار کی طرف لے جاتی ہیں۔
سیرتِ نبوی کا مطالعہ انسان کی شخصیت پر گہرا اثر ڈالتا
ہے۔ ایک طرف یہ ہمارے اخلاقی معیار کو بلند کرتا ہے اور دوسری طرف ہمیں یہ سکھاتا
ہے کہ معاشرتی تعلقات کو کس طرح بہتر بنایا جائے۔ آپ ﷺ نے نہ صرف اپنی عبادات میں
کمال دکھایا بلکہ دوسروں کے حقوق اور رشتوں کی حفاظت میں بھی مثال قائم کی۔ اللہ
تعالیٰ نے آپ ﷺ کے اخلاق کی تعریف کرتے ہوئے فرمایا: فَبِمَا
رَحْمَةٍ مِّنَ اللّٰهِ لِنْتَ لَهُمْۚ
ترجمہ کنزالایمان: تو کیسی کچھ اللہ کی مہربانی ہے کہ اے
محبوب تم ان کے لیے نرم دل ہوئے۔(سورۃ آلِ عمران: 159)
یہ آیت ہمیں بتاتی ہے کہ نبی ﷺ کی زندگی نہ صرف رحم دلی
بلکہ حکمت اور نرم دلی کا عملی نمونہ تھی۔ ان کے کردار سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ
مشکل حالات میں بھی تحمل اور شائستگی اختیار کرنا ضروری ہے۔
آج کے دور میں نوجوانوں کے لیے سیرتِ طیبہ کا مطالعہ اور
بھی زیادہ اہم ہو گیا ہے۔ دنیا میں فتنہ، انتشار اور غلط نظریات پھیل رہے ہیں۔ ایسے
ماحول میں نوجوان اگر سیرت کا مطالعہ کریں تو ان میں صبر، حوصلہ، شجاعت اور عدل کی
صفات پیدا ہوں گی۔ سیرت کا مطالعہ ہمیں یہ بھی سکھاتا ہے کہ ہم اپنی زندگی کے ہر فیصلہ
میں اصول اور اخلاق کو ترجیح دیں۔
مزید برآں، سیرتِ نبوی پڑھنے سے انسان کی محبتِ رسول ﷺ میں
اضافہ ہوتا ہے۔ جب ہم حضور ﷺ کی زندگی کے حالات اور کارنامے جانتے ہیں تو دل میں
ان کے لیے عقیدت اور محبت بڑھتی ہے۔ محبتِ رسول ﷺ انسان کو نیکی کی طرف مائل کرتی
ہے اور برائی سے بچنے کی ترغیب دیتی ہے۔سیرت کا مطالعہ صرف پڑھنے تک محدود نہیں
ہونا چاہیے بلکہ اس پر عمل بھی ضروری ہے۔ حضور ﷺ کی زندگی سے سیکھا گیا ہر سبق عملی
زندگی میں لانا مسلمان کی اصل کامیابی ہے۔ اس سے نہ صرف ذاتی کردار مضبوط ہوتا ہے
بلکہ معاشرتی تعلقات بھی بہتر بنتے ہیں۔
آخر میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ سیرتِ نبوی نہ صرف ایک
تاریخ یا کہانی ہے بلکہ یہ ایک عملی رہنما کتاب ہے جو ہر مسلمان کی زندگی میں روشنی
پیدا کر سکتی ہے۔ اگر ہم اسے سمجھیں، یاد کریں اور عمل کریں تو ہماری دنیا اور
آخرت دونوں سنور جائیں گی۔ اللہ تعالیٰ ہمیں سیرتِ طیبہ پر عمل کی توفیق عطا
فرمائے اور ہماری زندگیوں کو آپ ﷺ کے نقش قدم کے مطابق چلانے کی روفیق عطا فرمائے
آمین۔
Dawateislami