حضور ﷺ کا انداز گفتگو: ہمارے پیارے نبی کریم ﷺ کا انداز گفتگو بہت نرم، پرکشش اور باوقار تھا۔ حضور کی گفتگو میں صحیح الفاظ کا استعمال، واضح بیان، ٹھہراؤ، مثالوں کا استعمال شامل تھا تاکہ سامعین کو سمجھنے میں آسانی ہو۔ نبی کریم ﷺ بات سمجھانے کے لیے سوالیہ انداز بھی استعمال کرتے تاکہ مخاطب خود غور کرے۔ حضور گفتگو میں اچھے آداب کا خیال رکھا کرتے، دوسروں کی بات سننے کے بعد بولتے تھے۔ نبی کریم ﷺ مخاطب کو کبھی بھی نظر انداز نہیں کیا کرتے۔

مخاطب کو نظر انداز کرنے کا مطلب اس کے نقطہ نظر احساسات اور خیالات کو سمجھنے کی کوشش نہ کرنا ہے۔

گفتگو کے دوران دوسروں کو سننا اور ان کی باتوں کو اہمیت دینا سماجی تعلقات کو مضبوط کرتا ہے۔

دوسروں سے بات کرتے وقت ان کی بات توجہ سے سننا اور انہیں نظر انداز نہ کرنا اہم ہے۔

مخاطب کو نظر انداز نہ کرنے سے بہتر تعلقات استوار ہوتے ہیں اور غلط فہمیاں دور ہوتی ہیں۔

جب آپ کسی کو مکمل سنتے ہیں، تو غلط فہمیوں کا امکان کم ہو جاتا ہے اور بات چیت کے صحیح نتیجے تک پہنچنے میں آسانی ہوتی ہے۔

بات چیت کے دوران کسی کی بات کو کاٹ کر اپنی بات کو شروع نہ کریں،بلکہ انہیں اپنی بات مکمل کرنے کا موقع دیں۔

آج کل دیکھنے کو ملتا ہے، بولنے والا بولتا ہی چلا جاتا ہے بغیر کسی کی سنے بس خود کی بات پر زور دیتا ہے۔ یہ طریقہ غلط ہے اگر ہم دوسرے انسان کی بات سنے بغیر بس اپنی بات پر دھیان دیں گے تو لوگ ہماری بات کبھی بھی نہیں سمجھ پائیں گے بلکہ لوگ آپ سے اکتا جائیں گے۔

اپنے انداز بیان کو نرم بنائیں، اپنی بات ٹھہر کر بیان کریں، اگر کسی کا سوال ہو تو بڑے موثر طریقے سے جواب دیں، مخاطب کو کبھی نظر انداز مت کریں۔

دوسروں کو سننا اور انہیں نظر انداز نہ کرنا صرف اچھی شخصیت کی نشانی نہیں بلکہ ایک بہتر اور خوشگوار معاشرتی ماحول بنانے کا بنیادی عنصر ہے۔

حضور نبی کریم ﷺ کے جیسا انداز گفتگو اپنائیں۔ اگر ہم اپنی زندگی میں پیارے آقا ﷺ کی سیرت مبارک کو شامل کر لیں تو یقیناً ہم ایک اچھی زندگی گزار سکتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ ہم سب کو پیارے آقا کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔