دنیا میں سب سے قیمتی چیز احساس ہے۔ انسان کے پاس مال و دولت ہو یا نہ ہو، اگر اس کے اندر احساس زندہ ہے تو وہ دوسروں کے دلوں میں جگہ بنا لیتا ہے۔ کسی سے بات کرنا، اس کی بات سننا، اور جواب دینا یہ چھوٹی چھوٹی باتیں دراصل بڑے اخلاق کی علامت ہیں۔ جو شخص دوسروں کی بات کو اہمیت دیتا ہے، وہ دلوں کو جوڑنے والا انسان کہلاتا ہے۔

اکثر ہم روزمرہ زندگی میں ایسے مواقع دیکھتے ہیں جہاں لوگ بات کرتے ہیں، مگر سامنے والا جواب نہیں دیتا۔ کبھی فون پر، کبھی کسی میسج پر، کبھی محفل میں! وہ بس خاموش رہتا ہے۔ بظاہر یہ چھوٹی سی بات لگتی ہے، مگر دراصل یہ کسی کے دل کو چیر کر رکھ دیتی ہے۔ مخاطب یعنی جو بات کر رہا ہے، وہ آپ سے توجہ چاہتا ہے۔ اگر آپ اسے نظر انداز کریں گے، تو وہ خاموش تو ہو جائے گا، مگر دل کے اندر ایک گہرا خلا چھوڑ جائے گا۔

نبی کریم ﷺ نے فرمایا: مسلمان اپنے بھائی سے تین دن سے زیادہ قطع تعلق نہ کرے، اور جب وہ ملے تو سلام کرے۔

یہ حدیث ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ کسی کو نظر انداز کرنا، رشتہ توڑنا یا بات چیت ختم کر دینا اسلام میں پسندیدہ عمل نہیں۔ دین اسلام ہمیں حسن اخلاق، نرم گفتاری، اور محبت پھیلانے کی تعلیم دیتا ہے۔

انسان کی فطرت ہے کہ وہ چاہتا ہے کہ اس کی بات سنی جائے۔ جب کوئی اپنی بات بیان کرتا ہے، تو وہ دراصل اپنے دل کے جذبات ظاہر کرتا ہے۔ اگر اس وقت اسے توجہ نہ دی جائے، تو وہ خود کو غیر اہم محسوس کرتا ہے۔ یہی احساس کسی کے اندر اداسی اور تنہائی پیدا کرتا ہے۔

دراصل مخاطب کو نظر انداز کرنا صرف ایک عمل نہیں بلکہ ایک رویہ ہے۔ یہ رویہ تعلقات کو کمزور کر دیتا ہے۔ دوستی ہو یا رشتہ داری، محبت ہو یا استاد شاگرد کا تعلق ہر رشتہ تب ہی مضبوط رہتا ہے جب اس میں توجہ، عزت اور احترام شامل ہوں۔

آپ دیکھیں! ایک ماں اپنے بچے کی بات پوری توجہ سے سنتی ہے، اسی لیے بچہ ماں کے سامنے اپنا دل کھول دیتا ہے۔ ایک استاد اگر شاگرد کی بات غور سے سنے تو شاگرد کے اندر اعتماد بڑھ جاتا ہے۔ اسی طرح اگر ایک دوست دوسرے کی بات کو اہمیت دے تو ان کی دوستی مضبوط ہوتی ہے۔ یہ سب نظر انداز نہ کرنے کا نتیجہ ہے۔

دوسری طرف جب کوئی بات کرتا ہے اور جواب نہ ملے، تو وہ خاموش ہو جاتا ہے۔ کبھی کبھی یہی خاموشی فاصلے بڑھا دیتی ہے۔ رشتے کمزور ہو جاتے ہیں۔ محبتیں سرد پڑ جاتی ہیں۔ اور دلوں میں غلط فہمیاں جنم لیتی ہیں۔

اس لیے ہمیشہ کوشش کریں کہ جب کوئی آپ سے بات کرے، آپ اس کی طرف پوری توجہ سے دیکھیں، مسکرائیں، اور جواب دیں۔ اگر فوراً جواب نہ دے سکیں تو بعد میں معذرت کے ساتھ جواب دے دیں۔ یہ چھوٹا سا عمل آپ کے اخلاق کو بلند کر دیتا ہے۔ انسان کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے کہ وقت اور توجہ دو ایسی چیزیں ہیں جو سب کو میسر نہیں ہوتیں۔ جب کوئی آپ کو اپنا وقت دیتا ہے، تو دراصل وہ اپنی زندگی کا حصہ آپ کو دیتا ہے۔ اس کا دل رکھنے کے لیے ایک نرم سا جواب، ایک محبت بھرا لفظ کافی ہوتا ہے۔

اگر ہم اپنی زندگی میں صرف یہ عہد کر لیں کہ ہم کسی کو نظر انداز نہیں کریں گے، تو دنیا میں محبت اور امن پھیل جائے۔ دلوں میں نفرت کے بجائے نرمی آ جائے۔ کیونکہ اکثر لڑائیاں، ناراضگیاں اور غلط فہمیاں صرف توجہ نہ دینے سے شروع ہوتی ہیں۔

کبھی کسی کے جذبے کو معمولی نہ سمجھیں۔ شاید وہ جو بات کر رہا ہے، وہی اس کے لیے سب سے اہم ہو۔ اس لیے اس کی بات پوری توجہ سے سنیں، تاکہ اسے احساس ہو کہ وہ قیمتی ہے۔ یہ احساس کسی کی زندگی بدل سکتا ہے۔ کسی کا دل جیتنے کے لیے بڑی دولت کی ضرورت نہیں۔ صرف اخلاق، محبت، اور نرمی درکار ہے۔ کبھی کسی کو یہ احساس نہ ہونے دیں کہ وہ غیر ضروری ہے۔

یاد رکھیے! ہر انسان کے دل میں ایک چھوٹا سا پھول ہوتا ہے جو احترام سے کھلتا ہے اور نظر انداز سے مرجھا جاتا ہے۔ جو دلوں کو جوڑتا ہے، اللہ تعالیٰ اس سے راضی ہوتا ہے۔ اور جو دل توڑتا ہے، وہ کبھی خوش نہیں رہتا۔ اس لیے ہر حال میں نرم گفتاری اور توجہ کو اپنی عادت بنا لیجئے۔ اگر کبھی کسی کو نظر انداز کر دیا ہو تو اس سے معذرت کیجیے۔ ایک معاف کیجیے ہزار شکایتوں کو ختم کر دیتا ہے۔ کبھی کسی کو نظر انداز مت کیجیے، کیونکہ محبت خاموشی سے نہیں، احساس سے زندہ رہتی ہے۔ جو دل سننے والا ہو، وہ ہمیشہ جیتا ہے۔