اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے جو انسان کی انفرادی اور اجتماعی زندگی کے تمام پہلوؤں کی رہنمائی کرتا ہے۔ اسلامی تعلیمات میں امانت داری کو بنیادی اخلاقی قدر قرار دیا گیا ہے، جبکہ اس کے برعکس خیانت کو سخت گناہ اور ایمان کے منافی عمل بتایا گیا ہے۔ خیانت سے مراد کسی کے اعتماد کو توڑنا، امانت میں بددیانتی کرنا، وعدہ خلافی کرنا یا حق تلفی کرنا ہے۔ قرآنِ مجید اور سنتِ نبوی ﷺ میں خیانت کی شدید مذمت آئی ہے، کیونکہ یہ عمل معاشرتی بگاڑ اور اخلاقی زوال کا سبب بنتا ہے۔

‎‎خیانت کی تعریف:‎‎لغوی اعتبار سے خیانت کے معنی ہیں: بددیانتی کرنا یا اعتماد کے خلاف عمل کرنا۔ اصطلاحِ شریعت میں خیانت ہر اس قول و فعل کو کہا جاتا ہے جس میں امانت، وعدے یا ذمہ داری کی خلاف ورزی ہو، خواہ وہ مالی ہو، قولی ہو یا عملی۔

یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تَخُوْنُوا اللّٰهَ وَ الرَّسُوْلَ وَ تَخُوْنُوْۤا اَمٰنٰتِكُمْ وَ اَنْتُمْ تَعْلَمُوْنَ(۲۷) ترجمہ کنز العرفان: اے ایمان والو! اللہ اور رسول سے خیانت نہ کرو اور نہ جان بوجھ کر اپنی امانتوں میں خیانت کرو۔ (سورۃ الانفال: 27)

- اِنَّ اللّٰهَ لَا یُحِبُّ الْخَآىٕنِیْنَ۠(۵۸)ترجمہ کنز الایمان: بےشک دغا والے اللہ کو پسند نہیں ۔(سورۃ الانفال: 58)

وَ مَنْ یَّغْلُلْ یَاْتِ بِمَا غَلَّ یَوْمَ الْقِیٰمَةِۚ- ترجمہ کنز الایمان: اور جو چھپا رکھے وہ قیامت کے دن اپنی چھپائی چیز لے کر آئے گا۔(سورۃ آلِ عمران: 161)

احادیثِ نبوی ﷺ کی روشنی میں خیانت 4 احادیث:نبی کریم ﷺ نے فرمایا: جس شخص میں امانت نہیں، اس کا ایمان نہیں۔(مسند احمد: 12567)

‎‎رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:منافق کی تین نشانیاں ہیں: جب بات کرے جھوٹ بولے، جب وعدہ کرے تو خلاف ورزی کرے، اور جب اس کے پاس امانت رکھی جائے تو خیانت کرے۔(صحیح بخاری: 33، صحیح مسلم: 59)

نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: امانت اس کو ادا کرو جو تمہیں امانت دے، اور جو تم سے خیانت کرے تم اس سے خیانت نہ کرو۔(سنن ابوداؤد: 3534، جامع ترمذی: 1264)

‎‎‎خیانت کے معاشرتی نقصانات :خیانت کی وجہ سے معاشرے میں بداعتمادی پیدا ہوتی ہے، تعلقات خراب

ہوتے ہیں، انصاف کا نظام کمزور پڑ جاتا ہے اور اجتماعی اخلاقی اقدار کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔ ایک خیانت کرنے والا فرد پورے معاشرے کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

اسلام نے امانت داری کو اعلیٰ ترین اخلاقی وصف قرار دیا ہے اور خیانت کو سخت گناہ بتایا ہے۔ قرآن و سنت کی واضح تعلیمات سے معلوم ہوتا ہے کہ ایک سچا مسلمان وہی ہے جو ہر حال میں امانت دار ہو۔ ہمیں اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں خیانت سے بچتے ہوئے دیانت داری اور سچائی کو اپنانا چاہیے تاکہ ہم اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کر سکیں۔اللہ تعالیٰ ہمیں خیانت جیسے گناہوں سے محفوظ رکھے اور امانت داری کی صفت اختیار کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔