خلیفۂ مفتی اعظم ہند ، محسنِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مفتی عبد الحلیم  صدیقی اشرفی رضوی صاحب 24 اپریل 2021ء کی شب ہند میں رضائے الٰہی سے انتقال فرماگئے۔

انتقال کی خبر ملنے پر امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے نہایت دُکھ و غم کا اظہار کیا اورمرحوم کے صاحبزادگان مفتی یحیٰ رضا نوری صاحب (رکن ہند مشاورت دعوت اسلامی) اور یونس رضا سمیت دیگر لواحقین و محبین سے تعزیت فرماتے ہوئے صبر کی تلقین فرمائی۔ امیر اہل سنت نے بارگاہِ ربُّ العزت میں قبلہ مفتی صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے درجات کی بلندی اور مزار شریف پر رحمت و تجلیات کی بارشیں ہونے کی دعائیں کیں۔

24 اپریل 2021ء کی شب ہونے والے مدنی مذاکرے میں امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے مفتی عبد الحلیم رحمۃ اللہ علیہ کے حوالے سے خدمات دعوت اسلامی بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ ہند میں دعوت اسلامی کا دینی کام شروع کرنے میں حضرت نے بہت اہم کردار ادا  کیا، دعوت اسلامی کے مشکل ترین دنوں میں بھی آپ رحمۃ اللہ علیہ نےہمارا ساتھ دیا۔دوران مدنی مذاکرہ امیر اہل سنت نے تمام دعوت اسلامی والوں اور والیوں سے علامہ مفتی عبد الحلیم رحمۃ اللہ علیہ کے لئے زیادہ سے زیادہ ایصالِ ثواب کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔

اسی طرح مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی مولانا عبد الحبیب عطاری نے تعزیتی پیغام کے حوالے سے اپنا آڈیو پیغام بھی جاری فرمایا جس میں انہوں حضرت علامہ مفتی عبد الحلیم رحمۃ اللہ علیہ کے لواحقین و مریدین سے تعزیت کی اور تمام دعوت اسلامی والوں سے زیادہ سے زیادہ ایصالِ ثواب کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔

واضح رہے کہ مفتی عبدالحلیم صدیقی صاحب شہزادۂ اعلیٰ حضرت ،حضور مفتی اعظم ہند علامہ مصطفی رضا خان قادری علیہ الرحمہ اور سیدی قطبِ مدینہ علامہ ضیاءالدین مدنی علیہ الرحمہ کے خلیفہ اور نبیرۂ اعلیٰ حضرت مفسرِاعظم علامہ ابراھیم رضاخان قادری بریلوی، علامہ ثناءاللہ قادری رضوی محدث اعظمی، علامہ افضل حسین مونگیری، شیخ العلماءعلامہ مولاناغلام جیلانی اعظمی، ریحان ملت علامہ ریحان رضاخان قادری بریلوی ،محدث اعظم بہار علامہ احسان علی رضوی مظفرپوری اورمجاہدملت علامہ مولانا حبیب الرحمن عباسی قادری جیسےاکابرین کے شاگردِ رشید تھے۔ آپ نے جامعہ ضیائیہ فیض الرضا،ددری،بہار کی بنیاد بھی رکھی، جامعہ منظر اسلام میں آپ نے تدریس کے ساتھ ساتھ دار الافتاء میں بھی خدمات انجام دی ہیں۔ فتاوی حلیمیہ آپ کےقدیم فتاوی کا مجموعہ ہے جو آپ کےفرزند ثالث وجانشین علامہ مولانامفتی یحییٰ رضاقادری نوری مصباحی صاحب دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نےجمع کیےہیں۔