حضور ﷺ کا اللہ پاک سے تعلق عشقِ الٰہی،عبودیتِ کامل اور اطاعت کا مظہر تھا، جس میں آپ نے اپنی پوری زندگی اللہ  پاک کی رضا کے لیے بسر کی،حتی کہ راتوں کو عبادت میں گزارتے اور روزے رکھتے۔آپ کی اللہ پاک سے محبت اس قدر گہری تھی کہ آپ نے اپنی ذات اور تمام خواہشات کو اللہ پاک کی مرضی کے تابع کر دیا تھا۔

محبت کے مظاہر:

عبادت و ریاضت:حضور ﷺ رات کے اوقات میں طویل قیام کرتے،عبادت کرتے اور اللہ پاک سے مناجات فرماتے،حتى کہ آپ کے قدم سوج جاتے تھے۔

اطاعت و تسلیم:آپ نے اپنی تمام تر زندگی اللہ پاک کے احکام کی پیروی اور فرمانبرداری میں گزاری،جس میں آپ کی تمام خواہشات اور اقدامات اللہ پاک کی رضا کے مطابق ہوتے تھے۔

اللہ پاک کی یاد:آپ کی زبان پر ہمیشہ اللہ پاک کا ذکر رہتا اور آپ ہر حالت میں اللہ پاک کو یاد کرتے۔

قربانی و ایثار:آپ نے اپنی ذات سے زیادہ اللہ پاک کی محبت میں قربانی دی اور اللہ پاک کی راہ میں ہر قسم کے مصائب اور مشکلات کو برداشت کیا ۔

روحانی قربت:اللہ پاک سے محبت نے آپ کو روحانی قربت اور اتصال کا مقام بخشا، جس کے نتیجے میں آپ اللہ پاک کے سب سے قریب ہو گئے ۔

حضور نبیِ کریم ﷺکی پوری زندگی اللہ پاک کی محبت اور رضا کے گرد گھومتی تھی۔ آپ کا ہر قول،ہر فعل اور ہر عمل اللہ پاک کی یاد اور اس کی قربت سے جڑا ہوا تھا۔آپ کی محبتِ الٰہی ایسی خالص اور کامل تھی کہ جس نے آپ کو کائنات کے لیے رحمت بنا دیا۔

عبادت اور بندگی:

حضور ﷺ کی عبادت اللہ پاک کی محبت کا سب سے بڑا ثبوت ہے۔آپ طویل قیام میں نماز پڑھتے،راتوں کو گریہ و زاری فرماتے اور اللہ پاک سے قربت حاصل کرنے میں دل کی سکونت تلاش کرتے۔چنانچہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں:نبی ﷺ رات میں اتنا قیام فرماتے کہ آپ کے قدم مبارک متورم ہو جاتے۔میں نے عرض کی:یا رسول اللہ! آپ ایسا کیوں کرتے ہیں جب کہ آپ کے اگلوں او رپچھلوں کے گناہ معاف کر دیئے گئے ہیں؟تو فرمایا:أَفَلَا اُحِبُّ اَنْ أَكُونَ عَبْدًا شَكُورًا ترجمہ:کیا میں اپنے رب کا شکر گزار بندہ بننا پسند نہ کروں!(بخاری،3/329،حدیث: 4837)

دعا اور ذکر:

آپ کی زبان ہر وقت اللہ پاک کے ذکر سے تر رہتی تھی۔دن کے آغاز سے لے کر رات کے اختتام تک،ہر موقع پر اللہ پاک کا نام لیتے اور دعا کرتے۔چاہے کھانے پینے کا معاملہ ہو یا سفر و حضر کا،خوشی کا وقت ہو یا غم کا،آپ کا سہارا صرف اللہ پاک کی ذات تھی۔

اللہ پاک پر اعتماد

حضور کی اللہ پاک سے محبت کا ایک پہلو کامل اعتماد اور توکل ہے۔ہجرت کے وقت غارِ ثور میں جب دشمن بالکل قریب پہنچ گیا تو حضرت ابوبکر صدیق گھبرا گئے،تو آپ نے فرمایا:

لَا تَحْزَنْ اِنَّ اللّٰهَ مَعَنَاۚ-10، التوبۃ:40)ترجمہ: غم نہ کھا بیشک اللہ ہمارے ساتھ ہے۔

یہ کلمات آپ کے دل کی گہرائی میں رچی ہوئی محبت اور یقین کو ظاہر کرتے ہیں۔

محبت میں عاجزی:

اللہ پاک سے محبت نے حضور کے اندر عجز و انکسار کو اور زیادہ بڑھا دیا۔آپ سب سے زیادہ متواضع تھے،فرشِ خاک پر بیٹھ کر کھانا کھاتے،غلاموں کے ساتھ محبت سے پیش آتےاور ہمیشہ یہ اعتراف کرتے کہ سب کچھ اللہ پاک کی عطا ہے۔

اللہ پاک کی اطاعت ہی محبت کی نشانی ہے:

اللہ پاک نے فرمایا:قُلْ اِنْ كُنْتُمْ تُحِبُّوْنَ اللّٰهَ فَاتَّبِعُوْنِیْ یُحْبِبْكُمُ اللّٰهُ (پ3،الِ عمرٰن: 31) ترجمہ:اے محبوب تم فرمادو کہ لوگو اگر تم اللہ کو دوست رکھتے ہو تو میرے فرمان بردار ہوجاؤ اللہ تمہیں دوست رکھے گا۔

یہ آیت بتاتی ہے کہ نبی ﷺکی پوری زندگی اللہ پاک کی محبت اور رضا کے لیے وقف تھی اور ان کی اتباع ہی اللہ پاک کی محبت حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔

رسول ﷺکا مقام و قرب:

وَ رَفَعْنَا لَكَ ذِكْرَكَؕ(۴)(پ30،الم نشرح:4)ترجمہ:اور ہم نے تمہارے لیے تمہارا ذکر بلند کردیا۔

اللہ پاک نے اپنے محبوب کا ذکر اپنے ساتھ جوڑ دیا،اذان،نماز اور کلمہ میں اس کی جھلک موجود ہے۔یہ قرب اللہ پاک کی محبت کی سب سے بڑی دلیل ہے۔

رسول کی بندگی:

سُبْحٰنَ الَّذِیْۤ اَسْرٰى بِعَبْدِهٖ (پ15،بنی اسرائیل: 1)ترجمہ:پاکی ہے اسے جوراتوں رات اپنے بندے کو لے گیا۔

معراج جیسے عظیم سفر میں بھی اللہ پاک نے آپ کوعبد کہا،یہ اس بات کی دلیل ہے کہ بندگی اللہ پاک کی محبت کی معراج ہے ۔

نبیِ کریم ﷺ کی زندگی کا مقصد اللہ پاک کی محبت اور رضا کو پانا تھا۔آپ کی بندگی، دعا، عبادت،شکر گزاری اور توکل سب اللہ پاک سے بے مثال محبت کے آئینہ دار ہیں۔

رسول اللہ ﷺکی اللہ پاک سے محبت کے بے شمار واقعات ہیں جو سیرت کی کتابوں اور احادیث میں بیان ہوئے ہیں۔یہ واقعات نہ صرف محبتِ الٰہی کو ظاہر کرتے ہیں بلکہ ہمیں بھی سبق دیتے ہیں کہ اللہ پاک سے تعلق کیسے مضبوط کیا جائے۔

حضور کی اللہ پاک سے محبت کے واقعات:

طائف کا واقعہ:

جب اہلِ طائف نے آپ کو پتھروں سے زخمی کیا اور سخت تکالیف دیں،اس وقت بھی آپ نے اللہ پاک کی طرف رجوع کیا اور دعا کی:اے اللہ پاک!میں تیری بارگاہ میں اپنی کمزوری،اپنی بے بسی اور لوگوں کی نظروں میں اپنی بے وقعتی کی شکایت کرتا ہوں۔(معجم کبیر،13/52،حدیث:181)

اس دعا میں صاف ظاہر ہے کہ حضور ﷺ کے لیے اصل دکھ اللہ پاک کی ناراضی کا تھا،نہ کہ لوگوں کی تکلیف۔

معراج کی رات:

معراج کے موقع پر جب حضور کو اللہ پاک کے قریب جانے کا شرف ملا،تو اللہ پاک نے آپ کو اپنی سب سے محبوب عبادت یعنی نماز کا تحفہ دیا۔

یہ واقعہ اس بات کی علامت ہے کہ حضور اور اللہ پاک کے درمیان محبت و قربت کا رشتہ کتنا عظیم تھا۔

رات کی طویل عبادت:

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں:نبی ﷺ رات میں اتنا قیام فرماتے کہ آپ کے قدم مبارک متورم ہو جاتے۔میں نے عرض کی:یا رسول اللہ! آپ ایسا کیوں کرتے ہیں جب کہ آپ کے اگلوں اورپچھلوں کے گناہ معاف کر دیئے گئے ہیں؟تو فرمایا:أَفَلَا اُحِبُّ اَنْ أَكُونَ عَبْدًا شَكُورًا ترجمہ:کیا میں اپنے رب کا شکر گزار بندہ بننا پسند نہ کروں!

(بخاری،3/329،حدیث: 4837)

غارِ حرا میں خلوت:

نبوت سے پہلے بھی حضور ﷺ اللہ پاک کی محبت اور تلاش میں غارِ حرا میں کئی کئی دن عبادت اور غور و فکر کرتے رہتے۔یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ آپ کا دل ابتدا ہی سے اللہ پاک کی معرفت اور قرب کا طلب گار تھا۔

بھوک اور فاقہ برداشت کرنا:

مدینہ میں کئی مواقع پر حضور اور اہلِ بیت نے کئی دن بھوک برداشت کی،لیکن کبھی اللہ سے شکوہ نہیں کیا۔

دنیا کی آسائشوں کے بجائے اللہ کی رضا کو ترجیح دینا،آپ کی اللہ سے محبت کا سب سے بڑا نمونہ ہے۔

ان تمام واقعات سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ رسول اللہ ﷺکی محبتِ الٰہی صرف الفاظ تک محدود نہ تھی بلکہ ہر حال،ہر موقع اور ہر مشکل میں اللہ کی طرف رجوع کرنا،اسی پر بھروسا کرنا اور اسی کی رضا کو ترجیح دینا آپ کی زندگی کا اصل مقصد تھا۔

حضور نبیِ کریم ﷺکی زندگی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ اللہ سے حقیقی محبت صرف دعوؤں سے ظاہر نہیں ہوتی بلکہ عبادت،شکر گزاری،توکل اور عاجزی کے ذریعے سامنے آتی ہے۔آپ کی محبتِ الٰہی انسانیت کے لیے ایک نمونہ ہے کہ اگر بندہ اللہ کو دل سے چاہے تو وہی محبت اس کی زندگی کو روشنی اور رحمت بنا دیتی ہے۔